جینیفر لوپیز کا وہ لباس جو گوگل امیجز کی بنیاد بنا


جینیفر لوپیز، گوگل

امریکی گلوکارہ جینیفر لوپیز نے اپنا وہ مشہورِ عام ورساچے کا لباس ایک مرتبہ پھر زیب تن کیا ہے جس نے گوگل امیجز کی ایجاد میں کردار ادا کیا تھا۔

50 سالہ لوپیز نے یہ لباس پہلی مرتبہ فروری سنہ 2000 میں گریمی ایوراڈز کی تقریب میں پہنا تھا۔

گوگل کے سابق چیف ایگزیکٹو افسر ایرک شمٹ نے بعد میں انکشاف کیا تھا کہ اس لباس کے بارے میں لوگوں نے اس قدر سرچ کیا تھا کہ انھیں اس کی وجہ سے گوگل امیجز شروع کرنے کا تصور آیا تھا۔

ورساچے کے ایس ایس 2020 شو میں اس ڈریس کے ایک جدید ورژن کو پہن کر ماڈلنگ کرتی جینیفر لوپیز کی فوٹیج سوشل میڈیا پر اب تک 20 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھی جا چکی ہے۔

جمعے کو میلان فیشن ویک میں ہونے والے اس شو میں اصل ڈریس اور جینیفر لوپیز دونوں کو ہی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

فیشن میگزین ووگ نے رپورٹ کیا کہ شو کی آخری چند ماڈلز نے ریمپ پر لوپیز کے سنہ 2001 میں ریلیز ہونے والے گانے ‘لو ڈونٹ کوسٹ اے تھنگ’ کے ساتھ واک کی اور اس کے بعد گریمی ایوارڈز میں پہنے گئے اصل ڈریس کے لیے کی گئی گوگل امیجز پر کی گئی سرچز کے عکس دیواروں پر چلائے گئے۔

پھر وائس اسسٹنٹ سے بات کرنے کے انداز میں آواز آئی: ’اوکے گوگل، اب اصلی ڈریس دکھایا جائے۔‘

پھر پاپ سٹار اور ہولی وڈ اداکارہ تالیوں کی گونج میں باہر آئیں۔

گوگل سنہ 1998 میں قائم ہوا تھا مگر گوگل امیجز جولائی سنہ 2001 تک سائٹ میں شامل نہیں کی گئی تھی۔

ایرک شمٹ نے سنہ 2015 میں پراجیکٹ سنڈیکیٹ میں لکھا تھا کہ ’جب گوگل لانچ کیا گیا تھا تو لوگ حیران تھے کہ وہ کمپیوٹر میں کچھ الفاظ ٹائپ کر کے کچھ بھی تلاش کر سکتے تھے۔ یہ اس وقت کسی بھی چیز سے بہتر تھا مگر آج کے معیار کے اعتبار سے زبردست نہیں تھا۔‘

چنانچہ ہمارے شریک بانی لیری پیج اور سرگئی برِن نت نئی کوششیں کرتے رہے۔ انھوں نے امیجز سے شروع کیا کیونکہ ظاہر ہے لوگوں کو ٹیکسٹ سے کہیں زیادہ کچھ چاہیے تھا۔

جینیفر لوپیز، گوگل

’یہ سب سے پہلے سنہ 2000 کے گریمی ایوارڈز کے بعد واضح ہوا جب جینیفر لوپیز نے اپنے سبز لباس سے دنیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی۔ ہم نے تب تک اس سے زیادہ سرچ کیا جانے والا لفظ نہیں دیکھا تھا۔

’مگر ہمارے پاس لوگوں کو وہ دینے کا کوئی یقینی طریقہ نہیں تھا جو وہ چاہتے تھے۔ چنانچہ گوگل امیج سرچ کی پیدائش ہوئی۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32494 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp