پی آئی اے نے دوران پرواز ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے والی دو کیبن کرو کو وارننگ جاری کر دی


پاکستان کی قومی فضائی کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے اپنی دو کیبن کرو کو سوشل میڈیا پر ٹک ٹاک ویڈیو شیئر کرنے پر وارننگ جاری کی ہے۔

ان ویڈیوز میں دونوں خواتین مختلف ڈائلاگ یا گانوں پر ٹِک ٹاک کی ویڈیوز بناتی نظر آتی ہیں۔ ایک ویڈیو میں وہ ایئرپورٹ پر موجود ہیں جبکہ ایک ویڈیو دورانِ پرواز بنائی گئی ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان مشہود تاجور نے کہا کہ ‘ان دونوں کیبن کرو کو وارننگ جاری کی گئی ہے جس کی بنیاد یونیفارم اور دورانِ ڈیوٹی نامناسب طرزِ عمل اختیار کرنا ہے’۔

یہ بھی پڑھیے

پی آئی اے: طیارے کو مانچسٹر میں کیا ہوا؟

پی آئی اے، کیکی چیلنج اور نیب

ایوا زوبیک پاکستان میں کیا کر رہی ہیں؟

پی آئی اے کی ایک سینئیر اہلکار نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ یہ خواتین پی آئی اے میں اپنا کریئر کا آغاز کر رہی ہیں اور ان کے خلاف کوئی اور شکایات نھیں ہے اس لیے انھیں صرف وارننگ دی گئی ہے ورنہ معطل کیا جاتا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل نیب کے چیئرمین نے وی لاگر ایوا زو بیک کی جانب سے پاکستانی پرچم میں ملی نغمے پر ڈانس کرنے والی ایک ویڈیو پر نوٹس لیا تھا اور اس کے حوالے سے پی آئی اے کے چند اہلکار اب تک پیشیاں بھگت رہے ہیں۔

دوسری جانب پی آئی اے کے لیے کام کرنے والے ایک اہلکار نے بتایا کہ ‘یہ بے ضرر ویڈیوز ہیں، بہت ہی فنکی اور مزاحیہ۔ مگر بدقسمتی سے ہم اس قسم کی ایئرلائن نھیں ہیں جس میں اس قسم کے فنک یا مزاح کو سمجھا جائے یا سراہا جائے۔ اگر یہی ایمرٹس یا لفتھانسا ہوتی تو یہ چل جاتا۔’

جب ان سے پوچھا گیا کہ ویڈیو میں ایک مرد بھی موجود ہے جو ایک پیکٹ آگے بڑھا رہے ہیں تو انھوں نے کہا کہ ’مردوں کو کون دیکھتا ہے۔ ڈیکورم اور اس قسم کی باتوں کا خیال تو خواتین کو رکھنا چاہے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp