فردوس عاشق اعوان: ’زمین نے بھی کروٹ لی ہے کہ اس کو بھی اتنی جلدی یہ تبدیلی قبول نہیں ہے‘


اسلام آباد

پاکستان میں 5.8 شدت سے آنے والے زلزلے کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ملازمین عمارتوں سے باہر آ کر کھڑے ہو گئے

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے اس بیان پر اس وقت بہت تنقید کی جا رہی ہے جس میں انھوں نے منگل کو پاکستان میں آنے والے زلزلے کے بارے میں کہا کہ ’پاکستان میں جب کوئی تبدیلی آتی ہے تو نیچے (زمین میں) بیتابی ہوتی ہے۔ یہ تبدیلی کی نشانی ہے کہ زمین نے بھی کروٹ لی ہے کہ اس کو بھی اتنی جلدی یہ تبدیلی قبول نہیں ہے۔‘

اگرچہ فردوس عاشق اعوان نے یہ بیان مسکراتے ہوئے دیا تھا لیکن سوشل میڈیا یوزرز کو معانِ خصوصی کا یہ بیان نہایت برا لگا اور انھوں نے اسے انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور بے حس قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیئے

چند گھنٹوں میں پاکستان میں دوسرا زلزلہ، شدت 6.2

پاکستان میں زلزلے کے شدید جھٹکے

صحافی علی سلمان علوی لکھتے ہیں کہ فردوس عاشق اعوان نے بغیر یہ سمجھے کہ زلزلہ کتنی تباہی لا سکتا ہے کس طرح آرام سے اس پر مذاق کیا ہے۔ ’یہ انتہائی قابلِ مذمت ہے۔‘

صارف کامران یوسف لکھتے ہیں کہ زلزلے میں کئی لوگ ہلاک ہوئے اور متعدد زخمی لیکن فردوس عاشق اعوان فقرے کس رہی ہیں۔‘

فردوس عاشق اعوان

کئی صارفین کے مطابق معاونِ خصوصی کہنا کچھ اور چاہتی تھیں لیکن کہہ کچھ اور گئی ہیں۔

سید علی آقا لکھتے کہ ’نشانی یہ ہے کہ تبدیلی زمین کو بھی قبول نہیں۔ فردوس عاشق اعوان صاحبہ۔‘

صارف عنبرین کے مطابق وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات کو ذرا سنیں۔ میں اپنا سر دیوار میں مارنا چاہتی ہوں۔ یہ پاگل پن ہے۔

پاکستان کے کئی شہروں اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں منگل کی شام آنے والے زلزلے سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد کے بارے میں اطلاعات آہستہ آہستہ سامنے آ رہی ہیں۔

تاہم پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے این ڈی ایم اے کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ وہ فی الوقت زلزلے سے صرف 10 ہلاکتوں کی تصدیق کر سکتے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس زلزلے سے 100 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

اس سے قبل میرپور کے ڈی آئی جی راجہ گلفراز خان نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے 19 افراد کی ہلاکت اور 300 کے زخمی ہونے کی بات کی تھی۔

چیئرمین این ڈی ایم اے کے مطابق پی ڈی ایم اے پنجاب کی 100 رضاکاروں پر مشتمل 20 ٹیمیں اور 6 گاڑیاں متاثرہ علاقوں میں پہنچا دی گئی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32508 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp