مرتضیٰ بھٹو: وہ بھٹو جو اپنی بہن بینظیر بھٹو کے دور حکومت میں مارے گئے


مرتضیٰ بھٹو

Keystone/Hulton Archive/Getty Images
ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے دوسرے دن ان کے بیٹے مرتضیٰ بھٹو نے لندن میں ایک پریس کانفرنس کی (یہ اسی دن کی تصویر ہے)

جب دنیا میں سیاسی خاندانوں کی بات آتی ہے تو سب سے پہلے کینیڈی خاندان کا نام لیا جاتا ہے۔ اس کے بعد انڈیا کے نہرو گاندھی خاندان اور پاکستان کے بھٹو خاندان کا نام آتا ہے۔ ان تینوں گھرانوں میں ایک قدر مشترک یہ ہے کہ ان کے بیشتر افراد طبی موت نہیں مرے۔

جان ایف کینیڈی، رابرٹ کینیڈی، اندرا گاندھی، راجیو گاندھی، ذوالفقار علی بھٹو، بینظیر بھٹو، اور ان کے بھائی شاہنواز بھٹو اور مرتضیٰ بھٹو کی موت فطری نہیں تھی۔

مرتضیٰ بھٹو کی کہانی کی ابتدا چار اپریل سنہ 1979 کو ہوتی ہے جب پاکستان کے فوجی آمر جنرل ضیا الحق نے پوری دنیا کی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے پہلے منتخب رہنما ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دے دی تھی۔

بینظیر بھٹو اور بیگم نصرت بھٹو

بےنظیر بھٹو نے اپنی والدہ کو اپنی زندگی میں پارٹی کے عہدے سے الگ کر دیا تھا۔

لندن میں جلاوطنی کی زندگی

ذوالفقار علی بھٹو کی بیٹی بینظیر نے پاکستان میں ہی رہ کر جنرل ضیا کے خلاف لڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔

لیکن ان کے دونوں بیٹے شاہنواز اور مرتضیٰ بھٹو پاکستان سے باہر چلے گئے اور اپنے والد کو بچانے کی مہم چلائی جو کہ بے سود ثابت ہوئی۔

جب بھٹو کو پھانسی دی گئی تو مرتضیٰ اور شاہنواز بھٹو لندن کے ایک فلیٹ میں رہ رہے تھے۔

جیسے ہی انھیں یہ خبر ملی وہ باہر آئے اور دنیا بھر کی میڈیا کے سامنے کہا ’اس (ضیا) نے دو برس تک انھیں تشدد کا نشانہ بنایا۔ ان کا سیاسی نام ختم کرنے کی کوشش کی اور اب اس نے انھیں مار ڈالا۔ ہمیں کسی بھی چیز پر شرمندہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انھوں نے آج ایک شہید کو دفن کیا ہے۔‘

اندرا گاندھی سے ملاقات

ذوالفقار علی بھٹو کی موت کا انتقام لینے کے لیے بھٹو کے دونوں بیٹوں نے ہتھیار اٹھا لیے اور الذوالفقار نامی تنظیم کی بنیاد ڈالی۔

دونوں پہلے افغانستان اور شام میں ایک ساتھ رہے لیکن بعد میں شاہنواز اپنی اہلیہ کے ساتھ فرانس میں رہنے لگے۔

اسی دوران دونوں بھائی خفیہ طور پر انڈیا آئے اور اندرا گاندھی سے ملے۔

مرتضیٰ بھٹو کے دوست اور معروف صحافی شیام بھاٹیا اپنی کتاب ’گڈ بائی شہزادی‘ میں لکھتے ہیں کہ ‘اندرا گاندھی نے حزبِ اختلاف میں رہتے ہوئے مرتضیٰ اور شاہنواز بھٹو سے دو بار اپنی دلی کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی۔ انڈین ذرائع کا کہنا ہے کہ بھٹو برادران نے مالی مدد کا مطالبہ کیا تھا اور اندرا گاندھی کی وجہ سے انھیں یہ مدد ملی تھی۔‘

شاہنواز کی پراسرار حالات میں موت

سنہ 1985 میں شاہنواز بھٹو مردہ حالت میں پائے گئے اور یہ شبہ ظاہر کیا گیا کہ انھیں زہر دیا گیا تھا۔

بعدازاں مرتضیٰ بھٹو کی بیٹی فاطمہ بھٹو نے اپنی کتاب ‘سانگز آف بلڈ اینڈ سورڈ’ میں لکھا کہ ‘جب میرے والد کمرے میں داخل ہوئے تو انھوں نے شاہنواز کے جسم کو کمرے میں صوفے اور کافی ٹیبل کے درمیان منھ کے بل اوندھا پڑے دیکھا۔ مرتضیٰ نے بعد میں کہا کہ اسی وقت انھیں احساس ہو گیا کہ وہ زندہ نہیں ہیں۔

’جب مرتضیٰ نے ان کے جسم پر نیلے رنگ کے دھبے دیکھے تو انھیں لگا کہ ان کے ساتھ کوئی غیر فطری واقعہ پیش آيا ہے۔ انھیں شک تھا کہ انھیں زہر دیا گیا ہے۔ مرتضیٰ نے پورے گھر کی تلاشی لی تو انھیں کچن کے کوڑے دان میں ایک شیشی ملی جس پر ‘پینٹرکسائڈ’ لکھا تھا۔‘

’بعد میں پولیس نے تصدیق کی کہ انھیں شاہنواز کے ‘جسم’ میں زہر ملا تھا اور یہ زہر ان کے جسم میں خون کے ذریعے نہیں بلکہ نتھنے کے ذریعے پہنچا تھا۔ لیکن کوئی یہ نہیں بتا سکا کہ انھیں یہ زہر کیسے دیا گیا۔‘

ان کی ہلاکت پر ان کی بڑی بہن بینظیر بھٹو نے کہا تھا کہ ‘مجھے نہیں لگتا کہ ان کی موت گھریلو جھگڑے کی وجہ سے ہوئی ہے۔ وہ ایک سیاسی کارکن اور مارشل لا کے بھی سخت مخالف تھے۔ جس طرح کی زندگی وہ گزار رہے تھے وہ کافی خطرناک تھی۔ میرا خیال ہے کہ ان کی موت کو ایک وسیع تر سیاسی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔‘

شملہ

بینظیر اپنے والد ذوالفقار علی بھٹو اور انڈیا کی وزیر اعظم اندرا گاندھی کے ساتھ

بینظیر کو بھٹو کی وراثت ملنے پر ناخوش

جنرل ضیا الحق کی موت کے بعد جب بینظیر بھٹو وزیر اعظم بنیں تو اس وقت مرتضیٰ بھٹو شام میں تھے۔

انھیں کہا گیا کہ ان کے خلاف پاکستان میں طیارے کے اغوا کا مقدمہ چل رہا ہے۔ اس لیے ان کا وہاں آنا ٹھیک نہیں ہو گا۔

لیکن جو کچھ ہو رہا تھا مرتضیٰ بھٹو اس سے خوش نہیں تھے۔

ان کے ایک پرانے دوست شیام بھاٹیا نے اپنی کتاب میں لکھا ‘میں مرتضیٰ کو آکسفورڈ کے زمانے سے جانتا تھا۔ درحقیقت جب ہم انڈیا اور پاکستان کے جوہری پروگرام پر تحقیق کر رہے تھے اس وقت ہمارے نگران ایک ہوتے تھے۔‘

‘سنہ 1989 میں وہ مجھے دمشق کے شیریٹن ہوٹل میں ملے اور اگلے گیارہ گھنٹے باتیں کرتے رہے اور صبح کے چھ بج گئے۔ مرتضیٰ نے مجھے بتایا کہ ان کے والد ذوالفقار نے بینظیر کے بجائے انھیں اپنا سیاسی جانشین بنایا تھا۔ 1977 میں بھٹو نے انھیں اپنے لاڑکانہ کے انتخابی حلقے کی دیکھ بھال کے لیے منتخب کیا تھا۔’

‘اس کی تصدیق بھٹو کے قریبی دوست یوسف بُچ نے اپنے صحافی دوست خالد حسن سے بھی کی تھی۔ انھوں نے کہا کہ بھٹو اپنی بیٹی کو سیاست کی پتھریلی زمین پر نہیں ڈالنا چاہتے تھے۔ اگر ان کا بس چلتا تو وہ انھیں پاکستان کی خارجہ سروس کا افسر بناتے۔‘

نصرت بھٹو نے مرتضیٰ کی حمایت کی

لیکن بینظیر کی والدہ نصرت بھٹو نے اپنے بیٹے کی حمایت کی اور ان کی واپسی کے لیے باقاعدہ مہم چلائی۔

مرتضیٰ واپس آئے اور آتے ہی ایک پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ ‘مجھے ایک طویل عرصے تک اپنے ملک سے دور رکھا گیا۔ مجھے دو چیزیں بتائی گئیں۔ ایک یہ کہ میری زندگی یہاں محفوظ نہیں ہے اور دوسری یہ کہ اگر میں واپس آیا تو میری بہن کی سیاسی پوزیشن خراب ہو جائے گی۔‘

‘یعنی کہ انھوں نے خوف اور ندامت کے احساس کا استعمال کیا۔ خوف کے میرے لیے کوئی معنی نہیں تھے کیونکہ میں جانتا تھا کہ میں بے قصور ہوں۔‘

‘ہاں ندامت کا احساس تھا کیونکہ وہ پہلی بار وزیر اعظم بنی تھیں اور میں اس خیال کے ساتھ نہیں رہنا چاہتا تھا کہ اگر میں لوٹ آیا اور حکومت گر گئی تو مجھے اس کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔’

‘لیکن ایک وقت ایسا آیا کہ میرے لیے مزید باہر رہنا ممکن نہیں تھا۔ میری والدہ شروع ہی سے کہہ رہی تھیں کہ مجھے واپس آنا چاہیے۔’

بھٹو

Patrick SICCOLI/Gamma-Rapho via Getty Images
پیرس میں مرتضی بھٹو اپنی والدہ نصرت بھٹو کے ساتھ

نصرت کا غصہ

مرتضیٰ کے واپس آتے ہی ان کے آبائی شہر لاڑکانہ میں پولیس نے ان کے حامیوں پر فائرنگ کر دی۔

ان کی والدہ نصرت بھٹو اس سے اتنی برہم ہوئیں کہ انھوں نے اس کے لیے اپنی بیٹی بینظیر کو موردِ الزام ٹھہرایا۔ وہ انھیں بینظیر کی بجائے ‘مسز زرداری’ کہنے لگیں۔

نصرت بھٹو نے کہا کہ ‘بینظیر کہا کرتی تھی کہ نواز شریف کی حکومت پولیس سٹیٹ ہے۔ لیکن موجودہ حکومت پولیس کی حکومت نہیں تو اور کیا ہے؟ نواز شریف اور ضیا الحق جیسے آمر جو کام کر رہے تھے وہ بھی وہی کر رہی ہیں۔’

مرتضیٰ اور ان کی بہن کے درمیان تلخی بڑھنے لگی۔ مرتضیٰ کی زبان تیز ہوتی گئی اور اس کا نشانہ اس وقت کی حکومت بنی۔

مرتضیٰ نے کہا ‘میں کہتا ہوں سوچ لو۔ اپنا حساب کتاب رکھو۔ میرے کارکنوں کو ہاتھ مت لگاؤ۔ انھیں تنگ مت کرو۔ میں وہ مسیحی نہیں ہوں کہ کوئئ ایک گال پر تھپڑ مارے تو میں دوسرا آگے کر دوں۔ اگر کسی نے ہمیں تھپڑ مارا تو ہم اس کی ٹانگیں توڑ دیں گے۔‘

مرتضی بھٹو

Fatima Bhutto
مرتضی بھٹو اپنی اہلیہ غنوا بھٹو کے ساتھ

گولیوں کی آواز

20 ستمبر 1996 کو انھوں نے ایک اور پریس کانفرنس کی اور پولیس پر زیادتیوں کا الزام لگایا۔

مرتضیٰ نے کہا ‘پولیس حکام ریاستی یونیفارم پہننے کے قابل نہیں ہیں۔ وہ مجرم ہیں۔ انھوں نے کراچی میں قتل عام کیا ہے۔ ان کا وقت ختم ہونے والا ہے۔ میں انھیں چیلنج کرتا ہوں کہ وہ مجھے گرفتار کریں اگر وہ اس کے سیاسی نتائج برداشت کرنے کی ہمت رکھتے ہیں تو۔‘

مرتضیٰ بھٹو اسی دن شام کو آٹھ بجے ریلی اور پریس کانفرنس کے بعد اپنے گھر لوٹ رہے تھے۔

ان کی بیٹی فاطمہ بھٹو اپنی کتاب میں لکھتی ہیں کہ ‘میری والدہ کچن میں کھانا بنا رہی تھیں۔ میں اپنے چھوٹے بھائی زلفی کے ساتھ اپنے والدین کے بیڈ روم میں ٹی وی دیکھ رہی تھی۔ اسی وقت میری ایک دوست نوریا کا فون آیا۔ ابھی ہم بات کر ہی رہے تھے کہ مجھے ایک گولی چلنے کی آواز سنائی دی۔’

‘اس کے بعد تو گولیوں کی بوچھاڑ ہونے لگی۔ میں نے نوریا سے کہا کہ میں تھوڑی دیر بعد فون کرتی ہوں۔ میں زلفی کو گود میں لیے ڈرائنگ روم کی طرف بھاگی۔ ماں بھی دوڑتی ہوئی وہاں پہنچی۔ ہم وہاں آدھے گھنٹے بیٹھے رہے۔ ہم نے اپنے چوکیدار کو باہر یہ دیکھنے کے لیے بھیج دیا کہ وہاں کیا ہو رہا ہے۔’

‘انھوں نے بتایا کہ باہر پولیس پھیلی ہوئی ہے۔ پولیس نے مجھے گھر سے باہر نہیں نکلنے دیا۔ انھوں نے کہا کہ باہر ڈکیتی ہو رہی ہے۔ صورتحال کے ٹھیک ہونے تک آپ اندر ہی رہیں۔’

بے نظیر بھٹو کا فون

جیسے جیسے وقت گزرتا گیا فاطمہ اور غنوا بھٹو کی پریشانیوں میں اضافہ ہوتا گیا۔

بعد میں انھوں نے ایک انٹرویو میں کہا: ‘میرے گھر کے آس پاس بہت ساری پولیس تعینات تھی۔ جب میرے والد زیادہ دیر تک نہیں آئے تو میں نے اپنی پھوپھی کو فون کرنے کا فیصلہ کیا۔ کافی دیر بعد ان کے شوہر آصف زرداری فون پر آئے۔’

‘انھوں نے کہا کہ میں پھوپھی سے بات نہیں کر سکتی۔ جب میں نے کہا کہ یہ بہت ضروری ہے تو انھوں نے کہا کہ وہ فون پر نہیں آ سکتیں۔ جب میں نے بہت زور دیا تو انھوں نے بہت سرد مہری سے کہا کہ تمہیں نہیں معلوم کہ تمہارے والد کو گولی لگ گئی ہے۔’

فاطمہ بھٹو

DIBYANGSHU SARKAR/AFP/Getty Images
فاطمہ بھٹو

گلے میں خون بھرا

فاطمہ اور ان کی والدہ غنوا کار میں بیٹھ کر جلدی سے مڈ ایسٹ ہسپتال پہنچیں۔

بعد میں فاطمہ بھٹو نے اپنی سوانح عمری میں لکھا ‘مجھے یاد ہے جب میں ہسپتال میں داخل ہوئی تو میں نے اپنے والد کے پاؤں دیکھے۔ مجھے لگا کہ میں گر جاؤں گی۔ ممی دوڑ کر پاپا کے پاس گئیں۔ وہ ایک بیڈ پر بیہوش لیٹے تھے۔ میری والدہ زور سے چیخ پڑیں، ‘جاگو میر جاگو!’

‘میں نے پاپا کے چہرے کو چھوا۔ میری انگلیوں پر ان کا خون لگ گیا۔ ان کا چہرہ اب بھی گرم تھا۔ میں اتنا گھبرا گئی کہ میں سانس نہیں لے پا رہی تھی۔ بعد میں ڈاکٹر غفار نے مجھے بتایا کہ پاپا سانس لینے کی کوشش کر رہے تھے لیکن لے نہیں پا رہے تھے۔’

‘ان کے گلے میں اتنا خون بھرا ہوا تھا کہ ان کے پھیپھڑوں میں ہوا پہنچانے کے لیے ٹیوب نہیں ڈالی جا سکی۔ بعد میں ان کے گلے میں ایک ٹیوب ڈالنے کے لیے سوراخ کیا گیا تاکہ وہ سانس لے سکیں۔ یہ ہو ہی رہا تھا کہ انھیں دل کا دورہ پڑ گيا۔‘

مزید پڑھنے کے لئے اگلا صفحہ کا بٹن دبائیں


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

صفحات: 1 2

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp