نہرو اور اندرا گاندھی کی وائرل تصویر کی حقیقت


انڈیا میں کانگریس پارٹی کے رکن پارلیمان ششی تھرور نے سابق وزرائے اعظم جواہر لعل نہرو اور اندرا گاندھی کی ایک تصویر کیا ٹویٹ کی وہ تصویر وائرل ہو گئی اور تھرور ٹرول ہونے لگے۔

دراصل ششی تھرور نے پیر کی رات جو تصویر پوسٹ کی اس کے ساتھ لکھا کہ یہ نہرو اور اندرا گاندھی کے سنہ 1954 کے امریکی دورے کی تصویر ہے۔

تھرور نے لکھا: ‘تصویر میں امریکی عوام کے اس ہجوم کو دیکھیں جو کسی خصوصی تعلقات عامہ کی مہم، این آر آئی بھیڑ یا کسی میڈیا کی تشہیر کے بغیر ہندوستان کے سابق وزیر اعظم کو دیکھنے کے لیے امڈ آئی۔

یہ بھی پڑھیے

جب کاسترو نے اندرا گاندھی کو گلے لگایا

’پاکستانی جوش میں کشمیر کی فیک ویڈیوز شیئر کر بیٹھے‘

اسرو کے ’وکرم لینڈر‘ کی وائرل تصویر کی حقیقت

کیا مودی نے کیمرا دیکھ کر اسرو کے سربراہ کو گلے لگایا؟

ششی تھرور کے اس ٹویٹ کو کانگریس نواز فیس بک اور واٹس ایپ گروپس میں شیئر کیا جارہا ہے۔

لیکن جب کسی نے انھیں بتایا کہ اس تصویر کے حوالے سے غلط بیانی کی گئی ہے تو ششی تھرور نے اس غلطی کو تسلیم کیا۔

دراصل یہ تصویر امریکہ کی نہیں بلکہ جواہر لعل نہرو اور اندرا گاندھی کے سوویت یونین کے دورے کی ہے۔

یہ تصویر کب کی ہے؟

سوشل میڈیا پر جہاں ششی تھرور نے پہلے کہا کہ یہ تصویر سنہ 1954 کی ہے وہیں بہت سے لوگ اسے روس کے شہر ماسکو میں سنہ 1956 میں لی گئی تصویر بتا رہے ہیں اور ششی تھرور کو مورد الزام ٹھہرایا۔

لیکن ان لوگوں کا دعویٰ بھی غلط ہے۔

انڈیا کے سابق وزیر اعظم جواہر لعل نہرو نے جون سنہ 1955 میں سوویت یونین کا دورہ کیا تھا اور اس دوران ان کی بیٹی اندرا گاندھی بھی ان کے ساتھ تھیں۔

سوویت یونین کی کمیونسٹ پارٹی کے پہلے سکریٹری اور بعد میں سوویت یونین کے صدر نکیتا خروشچیف نے فروزے سینٹرل ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا تھا۔

تقریباً اس پندرہ روزہ دورے پر نہرو نے سوویت یونین کے پرائمری اور سیکنڈری سکولوں، یونیورسٹیوں اور بڑی صنعتی فیکٹریوں کا دورہ کیا تھا۔

اسی دورے پر نہرو نے روس کے شہر ماکسو میں چلنے والی میٹرو ٹرین کا بھی جائزہ لیا تھا۔

تصویر ماسکو کی نہیں

روس کے سرکاری ریکارڈ کے مطابق نہرو نے سوویت یونین کے لگ بھگ 12 بڑے شہروں کا دورہ کیا تھا جن میں میگنیٹوگورسک، سویورڈلوسک، لینن گراڈ، تاشقند، اشک آباد اور ماسکو شامل تھے۔

نہرو اور اندرا گاندھی کی جو تصویر اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے وہ تصویر میگنیٹوگورسک میں لی گئی تھی۔

رشیا بیانڈ نامی ایک ویب سائٹ کے مطابق ‘سنہ 1955 میں جب نہرو اور اندرا گاندھی دریا کے کنارے واقع صنعتی شہر میگنیٹوگورسک پہنچے تو سٹیل فیکٹری میں کام کرنے والے اور شہر کے مقامی لوگ ان کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے۔

ششی تھرور نے منگل کی صبح ایک ٹویٹ میں اعتراف کیا کہ انھوں نے جو تصویر شیئر کی ہے وہ امریکہ کی نہیں بلکہ سوویت یونین کے دورے کی تھی۔

اس کے ساتھ انھوں نے یہ بھی لکھا: ‘اگر یہ تصویر سوویت یونین کی بھی ہے تاہم میرا پیغام وہی ہے کہ ہندوستان کے سابق وزرائے اعظم کو بھی بیرون ملک میں انتہائی مقبولیت اور محبت حاصل تھی۔ نریندر مودی کا اعزاز ملک کے وزیر اعظم کا اعزاز ہے۔ یہ ہندوستان کا اعزاز ہے۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32558 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp