پاکستان سری لنکا کرکٹ سیریز: پہلی بار ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے والے پاکستانی کھلاڑی کون ہیں؟


ٹیم پریکٹس

پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیمیں جمعہ کے روز نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں مدمقابل ہوں گی۔ پاکستانی کرکٹرز یہ سوچ کر انتہائی خوش اور ُپرجوش دکھائی دیتے ہیں کہ انھیں ایک بار پھر اپنے ہوم گراؤنڈ پر اپنے ہی شائقین کے سامنے کھیلنے کا موقع مل رہا ہے۔

سری لنکا کے خلاف کھیلی جانے والی اس ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان کی جس 16 رکنی ٹیم کا اعلان کیا گیا ہے اس میں صرف سرفراز احمد، حارث سہیل، بابراعظم اور وہاب ریاض ایسے چار کھلاڑی ہیں جنھوں نے اس سے قبل پاکستانی سرزمین پر ون ڈے انٹرنیشنل کھیل رکھا ہے۔

ان چاروں نے سنہ 2015 میں زمبابوے کے خلاف لاہور میں کھیلی گئی ون ڈے سیریز میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

پاکستانی اسکواڈ میں چار کھلاڑی امام الحق، عابدعلی، افتخار احمد اور محمد حسنین نے ابھی تک پاکستانی سرزمین پر ون ڈے کے ساتھ ساتھ کوئی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بھی نہیں کھیلا ہے جبکہ دیگر کھلاڑی پاکستانی سرزمین پر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

سری لنکن ٹیم کو پاکستان کے دورے کی اجازت مل گئی

سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ

’دلشان کی بہادری نے ہماری جانیں بچائیں‘

مصباح الحق

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے بی بی سی کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جن گراؤنڈز پر کھیل کر کرکٹرز بنتے ہیں، ان پر بین الاقوامی کرکٹ کھیلنا بڑی بات ہوتی ہے اور سب سے اہم بات یہ کہ اپنے ہی شائقین کے سامنے کھیلنے سے ان کی حوصلہ افزائی حاصل ہوتی ہے۔

مصباح الحق کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم جب متحدہ عرب امارات میں بھی ٹیسٹ اور ون ڈے میچز کھیلتی ہے تو وہاں بڑی تعداد میں شائقین نہیں آتے اور کرکٹرز کو اس طرح کی سپورٹ نہیں ملتی۔

مصباح الحق کا کہنا ہے کہ جب پاکستانی ٹیم اپنے ملک میں کھیلتی ہے تو کھلاڑیوں کے جذبات بھی بالکل مختلف ہوتے ہیں اور وہ زیادہ پرجوش ہوتے ہیں۔ یقیناً ان کھلاڑیوں کے لیے اپنے ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنا ایک اہم موقع ہو گا۔

مصباح الحق کا کہنا ہے کہ خود ان کے لیے یہ ایک یادگار لمحہ ہے کیونکہ دس سال قبل جب سری لنکا کی ٹیم نے آخری بار نیشنل سٹیڈیم میں ون ڈے انٹرنیشنل کھیلا تھا تو وہ اس میچ میں شامل تھے اور اب جب سری لنکا کی ٹیم دوبارہ یہاں آئی ہے تو وہ ایک نئی ذمہ داری کے ساتھ اس میدان میں موجود ہوں گے۔

شائقین کرکٹ

مصباح الحق کا کہنا ہے کہ یہ سیریز ہم سب کے لیے خوشی کا باعث ہے کیونکہ پاکستانی شائقین انٹرنیشنل کرکٹ اپنے سامنے دیکھنے کے لیے ترستے رہے ہیں۔

مصباح الحق نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی اس وقت پوری دنیا کا مسئلہ ہے اور اب ہر جگہ ایسے حالات بن گئے ہیں اور اس طرح کی صورتحال پیدا ہو رہی ہے کہ کہیں پر کچھ بھی ہو سکتا ہے۔

انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں باقاعدگی سے سیریز ہونی چاہیے کیونکہ کرکٹ کی بحالی کے لیے پاکستانی حکومت، سکیورٹی ادارے اور کرکٹ بورڈ اپنی ہرممکن کوشش کررہے ہیں۔

مصباح الحق کہتے ہیں کہ کرکٹ کی دنیا میں پاکستان کا ایک اہم مقام ہے اور یہ ایسا ملک نہیں ہے کہ کوئی اسے سائیڈ پر کر دے۔ اگر دنیا کے عمومی حالات دیکھیں تو غیرملکی ٹیموں کو پاکستان میں آ کر اسی طرح کھیلنا چاہیے جس طرح وہ دوسرے ملکوں میں جا کر کھیلتی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32288 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp