انڈیا: مدھیہ پردیش میں سرِعام رفع حاجت پر دو دلت بچے قتل


Representational image an Indian child defecating in the open

انڈیا میں لاکھوں غریب افراد کھلے آسمان تلے رفع حاجت کرنے پر مجبور ہیں اور اس عمل کی وجہ سے خواتین اور بچے عموماً خطرے کی زد میں رہتے ہیں

انڈیا کی ریاست مدھیہ پردیش میں پولیس نے دو ایسے افراد کو گرفتار کیا ہے جن پر الزام ہے کہ انھوں نے دو دلت ذات کے بچوں کو سرِعام رفع حاجت کرنے پر مبینہ طور پر قتل کر دیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 12 سالہ روشنی اور دس سالہ اویناش پر بدھ کے روز اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ ایک گاؤں میں سڑک کنارے رفع حاجت کر رہے تھے۔

بچوں کے خاندان کے افراد نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کے گھر میں ٹوائلٹ نہیں ہے۔

انڈیا میں لاکھوں غریب افراد کھلے آسمان تلے رفع حاجت کرنے پر مجبور ہیں اور اس عمل کی وجہ سے خواتین اور بچے عموماً خطرے کی زد میں رہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

رفع حاجت کے خلاف ‘ہلہ بول، لنگی کھول’ مہم

ٹوائلٹ نہ بنانے پر خاتون کو طلاق کی اجازت

فضلے کی توانائی سے ٹوائلٹس کی تعمیر

ہندوؤں میں رائج ذات پات کے نظام میں دلتوں کو سب سے کمتر سمجھا جاتا ہے۔ اگرچہ دلتوں کے تحفظ کے لیے قوانین موجود ہیں مگر انھیں انڈیا میں وسیع پیمانے پر امتیازی سلوک کا سامنا رہتا ہے۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ راجیش چندل نے نمائندہ بی بی سی ہندی شوریا نیازی کو بتایا کہ ‘دونوں بچوں کو ڈنڈوں سے مار مار کر ہلاک کیا گیا۔ ہم نے دونوں ملزموں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ان کی تفتیش جاری ہے۔’

بدھ کو پیش آئے واقعے کے چند ہی گھنٹوں بعد پولیس نے ہندوؤں کی اعلیٰ ذات سے تعلق رکھنے والے دو مردوں کو گرفتار کیا تھا۔ ان کے نام رامیشور یادو اور حاکم یادو ہیں۔

روشنی اور اویناش آپس میں رشتہ دار ہیں، تاہم روشنی کو اویناش کی والدین نے پالا پوسا تھا اور وہ انھیں کے گھر میں رہتی تھی۔

Women walking away from camera in Indian field

اندھیرا ہونے کے بعد انڈیا کے کئی علاقوں میں خواتین رفع حاجت سے گریز کرتی ہیں کیونکہ انھیں اس کے لیے گھر سے دور جانا پڑتا ہے

اویناش کے والد مانوج کا کہنا ہے کہ وہ دیہاڑی دار مزدور ہیں اور اپنے گھر میں بیت الخلا تعمیر کرنے کے متحمل نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا وہ اس حکومتی سکیم تک رسائی میں بھی ناکام رہے ہیں جس نے تحت حکومت نے غریب خاندانوں کو بیت الخلا تعمیر کر کے دینے تھے۔

کلین انڈیا پروگرام کے تحت حکومت نے کھلے آسمان تلے رفع حاجت کے عمل کو ختم اور صفائی کو یقینی بنانے کے لیے ملک بھر میں ٹوائلٹس کی تعمیر کا پروگرام شروع کیا ہے۔ یہ پروگرام سنہ 2014 میں شروع ہوا تھا اور اس کا افتتاح انڈین وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا تھا۔ دو اکتوبر 2019 کو مودی نے انڈیا کو کھلے آسمان تلے رفع حاجت کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔

مانوج کے گاؤں کو حکومت کی جانب سے ایک ایسا گاؤں قرار دیا گیا تھا جہاں کھلے آسمان تلے رفع حاجت کے عمل کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا ہے۔

تحقیق کے مطابق اگرچہ نئے ٹوائلٹس کی تعمیر میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے تاہم پانی کی کمی، ٹوائلٹس کی ناقص دیکھ بھال اور رویے میں آہستہ تبدیلی اس عمل کے مکمل خاتمے میں رکاوٹ ثابت ہو رہے ہیں۔

تاہم نریندر مودی کے اس اقدام پر ان کی تعریف کی جا رہی ہے۔ بِل اینڈ میلینڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے کلین انڈیا پروگرام کو ‘دوسرے ممالک کے لیے ایک ماڈل قرار دیا ہے تاکہ دنیا کے غریب افراد کو حفظانِ صحت تک رسائی کو بہتر کیا جا سکے۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32547 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp