بلاول بھٹو کی نقل یا طنز؟ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کہتے ہیں ’جب بارش ہوتی ہے تو پانی آتا ہے‘


سرفراز احمد

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اپنی حاضر جوابی کے لیے مشہور ہیں۔ کپتانی اور کارکردگی کے زبردست دباؤ کے باوجود وہ پریس کانفرنسوں میں کوئی نہ کوئی ایسی بات ضرور کہہ جاتے ہیں جس سے صحافیوں کو نہ صرف دلچسپ ہیڈ لائن مل جاتی ہے بلکہ ماحول میں پھیلی سنجیدگی بھی کم ہو جاتی ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ون ڈے انٹرنیشنل سے ایک روز قبل کپتان سرفراز احمد کی پریس کانفرنس میں سنجیدہ سوال جواب کا سلسلہ جاری تھا کہ اچانک قہقہے بلند ہوگئے۔

ایک صحافی نے سوال کیا کہ بارش کی وجہ سے پچ اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟

سرفراز احمد کا جواب کچھ یوں تھا ’پچ تو ہم نے ابھی دیکھی نہیں ہے کہ یہ کیسی بنی ہے اور جہان تک رہی بات آؤٹ فیلڈ کی تو جب بارش ہوتی ہے تو پانی آتا ہے۔‘

آخری جملہ سرفراز احمد نے ٹھہر ٹھہر کر ادا کیا اور ہنس دیے جس کے بعد پریس کانفرنس میں زبردست قہقہہ بلند ہوا۔

یہ بھی پڑھیے

سرفراز احمد اگر عمران خان بن گئے تو۔۔۔

ایک بحران سرفراز کو واپس لے آیا

سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ

یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ جب بارش آتا ہے تو پانی آتا ہے اور جب زیادہ بارش آتا ہے تو زیادہ پانی آتا ہے۔

بلاول بھٹو کا یہ جملہ سوشل میڈیا پر غیر معمولی توجہ کا مرکز بنا تھا اور اس پر مختلف تبصرے ہوئے تھے۔

سرفراز احمد

کپتانی کا مستقبل

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ وہ اس بات پر قطعاً پریشان نہیں ہیں کہ انھیں صرف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے کپتان بنایا گیا ہے۔ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کا فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کرے گا۔ ان کا کام صرف یہ ہے کہ وہ جس فارمیٹ میں کھیلیں پاکستان کے لیے اچھی کارکردگی دکھائیں۔

دوسرے وکٹ کیپرز سے مقابلہ

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ عمر اکمل ابھی ٹیم میں نہیں آئے ہیں جہاں تک رضوان کا تعلق ہے تو ٹیم میں ان کا کردار مختلف ہے۔ وہ مڈل آرڈر بیٹسمین کے طور پر ٹیم میں منتخب ہوئے ہیں جبکہ وہ (سرفراز) وکٹ کیپر بیٹسمین کے طور پر ٹیم میں ہیں لہذا انھیں کسی قسم کی کوئی پریشانی نہیں ہے۔

سنجے منجریکر کو جواب

سرفراز احمد سے جب بھارتی کمنٹیٹر سنجے منجریکر کے بیان کے بارے میں پوچھا گیا جس میں انھوں نے پاکستانی ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی میں عالمی نمبر ون بننے پر حیرانی ظاہر کی ہے تو ان کا کہنا تھا کہ سنجے منجریکرکو چاہیے کہ وہ اعدادوشمار دیکھیں کہ پاکستانی ٹیم نے کس کس ٹیم کو کہاں کہاں ہرایا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp