سعودی عرب: شاہ سلمان کے باڈی گارڈ میجر جنرل عبدالعزیز الفغم ’ذاتی تنازعے‘ پر قتل


میجر جنرل عبدالعزیز الفغم، سعودی عرب، شاہ سلمان

میجر جنرل عبدالعزیز الفغم سعودی عرب کے سابق بادشاہ عبداللہ کے بھی ذاتی محافظ رہ چکے تھے اور شاہ سلمان کے تخت سنبھالنے پر انھوں نے اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں

سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی کے مطابق شاہ سلمان کے ایک ذاتی محافظ میجر جنرل عبدالعزیز الفغم کو قتل کر دیا گیا ہے۔

انھیں سعودی فرمانروا کے انتہائی قریب سمجھا جاتا تھا۔

سعودی عرب کے ریاستی ٹی وی الاخباریہ کے مطابق مکہ ریجن کے پولیس ترجمان نے بتایا کہ میجر جنرل عبدالعزیز الفغم کو ان کے دوست نے ’ذاتی تنازعے‘ پر گولی مار کر ہلاک کیا گیا۔

اس واقعے پر سعودی حکام کی جانب سے مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔

پولیس اطلاعات کے مطابق میجر جنرل الفغم جدہ میں شاہی محل سے چند کلومیٹر فاصلے پر اپنے ایک دوست کے گھر گئے تھے جہاں مبینہ طور پر ان کا اپنے دوست کے ساتھ جھگڑا ہوا۔

سعودی پولیس کا کہنا ہے کہ انھوں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لیا لیکن مبینہ قاتل نے اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کرنے سے انکار کیا جس پر سکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ سے قاتل ہلاک ہو گیا ہے جبکہ اس واقعہ میں پانچ سکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔

میجر جنرل الفغم سعودی عرب کے سابق فرمانروا عبداللہ بن عبدالعزیز آل سعود کے بھی ذاتی محافظ رہ چکے تھے اور شاہ سلمان کے تخت سنبھالنے پر انھوں نے اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں۔

اس واقعے پر سعودی عرب کے شاہی دربار کے مشیر ترکی علی الشیخ کی جانب سے ٹویٹ میں تعزیت کی گئی۔ عربی میں کی گئی اس ٹویٹ میں انھوں نے کہا کہ ’دس سال میں انھوں نے ان میں بہترین کام اور دیانتداری کے علاوہ کچھ نہیں دیکھا۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32470 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp