بوئنگ 737 این جی: طیاروں میں دراڑیں پڑنے پر معائنے کا حکم دے دیا


بوئنگ

امریکہ میں ہوا بازی کے نگراں ادارے نے چند بوئنگ 737 این جی طیاروں میں دراڑیں پائے جانے کے انکشاف کے بعد ان کے معائنے کا حکم دے دیا ہے۔

امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کا کہنا ہے کہ بوئنگ کمپنی کو دراڑیں پڑنے کا علم اس وقت ہوا جب ’زیادہ استعمال ہونے والے ایک طیارے میں ترمیم کا عمل جاری تھا۔‘

ادارے کا کہنا ہے کہ اسی نوعیت کی دراڑیں چند دوسرے طیاروں پر بھی پائی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

بوئنگ طیاروں کی فیکٹری، حیرتوں کی انتہا

بوئنگ 737 میکس طیارے دنیا بھر میں گراؤنڈ

ہوائی سفر کرنے کے خوف سے کیسے نمٹا جائے؟

مارچ میں پہ در پہ دو فضائی حادثات کے بعد گراؤنڈ کیے گئے 737 میکس طیاروں کو اس معائنے سے استثنیٰ ہو گی۔

بوئنگ کمپنی کا کہنا ہے کہ 737 این جی طیاروں کے آپریٹرز سے رابطہ کیا گیا ہے تاہم انھوں نے کسی نوعیت کے مسائل کی نشاندہی نہیں کی ہے۔

امریکی طیارہ ساز کمپنی نے یہ نہیں بتایا کہ کتنے طیاروں کا معائنہ کیا جائے گا۔

کمپنی کی جانب سے بی بی سی کو دیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’آئندہ چند دنوں میں ہم صارفین کے ساتھ مل کر فضائی بیڑے میں شامل مخصوص طیاروں کے حوالے سے تجویز کردہ معائنے کے منصوبے پر عمل درآمد کریں گے۔’

‘اس سے کوئی 737 میکس یا پی 8 پوسیڈن طیارہ متاثر نہیں ہو گا۔’

بی بی سی نے بوئنگ کمپنی سے طیاروں میں دراڑوں پر مزید تفصیلات دریافت کیں تاہم اس ضمن میں کوئی جواب تاحال موصول نہیں ہوا۔

بوئنگ

737 این جی ماڈلز میں 700-737، 800-737 اور 900-737 شامل ہیں۔ بوئنگ کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق ایروفلوٹ، امریکن ائیرلائنز، رائن ایئر اور یونائٹڈ ایئرلائنز سمیت مختلف کمپنیاں طیارے کے یہ ماڈلز استعمال کر رہی ہیں۔

ایف اے اے کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ ‘(ان ماڈلز کے) آپریٹرز کو ہدایت جاری کریں گے کہ وہ مخصوص معائنہ کروائیں اور ضروری کے مطابق مرمت کریں، اور اپنی تحقیقات کے نتائج سے ایجنسی کو فی الفور مطلع کریں۔’

رواں برس مارچ میں بوئنگ نے 737 میکس کا اپنا پورا فضائی بیڑہ گراؤنڈ کر دیا تھا۔ یہ عمل اس ماڈل کے طیاروں کو پیش آنے والے دو سنگین حادثات کے بعد کیا گیا تھا۔

10 مارچ کو پرواز کے تھوڑی ہی دیر بعد ایتھوپین ایئرلائنز کا ایک 737 میکس طیارہ گِر گیا تھا جس کے باعث طیارے پر سوار تمام 157 افراد بشمول طیارے کا عملہ ہلاک ہو گئے تھے۔

اس کے بعد سے اب تک 737 میکس طیاروں کو کمرشل پروازوں کے لیے استعمال نہیں کیا جا رہا ہے۔

گذشتہ برس 28 اکتوبر کو لائن ایئر کا طیارہ کریش کر گیا تھا جس میں 189 افراد ہلاک ہوئے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32558 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp