حوثی باغیوں کا سعودی عرب پر خوفناک حملہ، 3 بریگیڈز تباہ، ہزاروں فوجی گرفتار، قیدیوں کی ٹی وی پر لائیو پریڈ کا اعلان


یمن کے حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایک کارروائی کے دوران سعودی عرب کی فوج کے ہزاروں افسران و اہلکاروں کو گرفتار کرلیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق حوثی باغیوں کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے سعودی عرب کے قصبے نجران کے قریب ایک بڑی کارروائی کے دوران ہزاروں سعودی فوجیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ باغیوں کی جانب سے یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران سعودی فوجیوں کو بھاری جانی نقصان بھی اٹھانا پڑا۔

حوثی باغیوں کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے سعودی فوج پر حملے کے لئے ڈرون، میزائل اور فضائی دفاعی نظام کی مدد سے حملہ کیا اور سعودی فوج کی تین بریگیڈز کو تباہ کر دیا۔ گرفتار کیے گئے سعودی فوجیوں میں بڑی تعداد میں سعودی افسران بھی شامل ہیں جب کہ سعودی فوج کے زیر استعمال بکتر بند گاڑیوں کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

حوثیوں کے ترجمان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ جن سعودی فوجیوں کو گرفتار کیا گیا ہے انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے تاکہ کسی سعودی فضائی حملے سے بچا جا سکے۔ حوثی باغیوں کے اس دعویٰ کے بارے میں سعودی حکام کی جانب سے کوئی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔

حوثی باغیوں کے ترجمان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جن سعودی فوجیوں کو گرفتار کیا گیا ہے ان کی آج (اتوار کو) حوثیوں کے ٹی وی چینل پر پریڈ کرائی جائے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).