سعودی عرب: جدہ کے جدید حرمین ریلوے اسٹیشن میں آگ لگ گئی، 5 افراد زخمی


سعودی عرب کی بندرگاہ جدہ میں جدید حرمین ریلوے اسٹیشن میں آگ لگ گئی ہے۔ ابتدائی طور پر پانچ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ آگ سے فی الحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں، تاہم ریسکیو ٹیمیں اور فائربریگیڈ آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جدہ میں پچھلے سال بنائے گئے جدید اور تیزترین حرمین ریلوے اسٹیشن میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر شدید آتشزدگی کی اطلاعات ہیں۔

محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ ابتدائی جائزہ رپورٹ میں جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ تاہم ابھی ریلوے اسٹیشن پر ریسکیو ٹیمیں اور فائر بریگیڈ امدادی کاموں میں مصروف اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ اسٹیشن میں آگ لگنے کی وجوہات اور نوعیت کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ریلوے اسٹیشن پر آگ لگنے سے آسمان پر دور تک دھوئیں کے گہرے بادل بن گئے اور دھوئیں نے کافی علاقے کو اپنی تحویل میں لے رکھا ہے۔ اسی طرح ہیلی کاپٹر بھی ریلوے اسٹیشن کا فضائی جائزہ لے رہے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ ریلوے اسٹیشن کی قریبی چھتوں پر لوگوں کی کثیر تعداد موجود ہے۔ واضح رہے جدہ میں الحرمین ریلوے اسٹیشن کا گزشتہ سال ستمبر میں افتتاح کیا گیا تھا، جدہ حرمین ریلوے اسٹیشن کو مقدس شہر مکہ اور مدینہ منورہ سے جوڑا گیا تھا، انتہائی ہائی اسپیڈ اور جدید ریلوے اسٹیشن سے لاکھوں لوگ مستفید ہو رہے ہیں، ریلوے اسٹیشن کی تعمیر پر 7.2 بلین ڈالر لاگت آئی تھی۔ یہ جدید الیکٹرک ٹرین 300 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).