منی لانڈرنگ: سوئٹزرلینڈ نے استوائی گنی کے نائب صدر کی بیش قیمت فراری، لیمبورگینی گاڑیاں نیلام کر دیں


استوائی گنی

سوٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں حال ہی میں ایک انوکھی نیلامی ہوئی، جس میں وسطی افریقہ کے ملک استوائی گنی کی مبینہ طور پر لوٹی ہوئی دولت سے خریدی گئی تقریباً 50 بیش قیمت گاڑیوں کو نیلام کیا گیا۔

اس نیلامی کے بارے میں دلچسپ بات یہ تھی کہ اس سے اکٹھی ہونے والی رقم کا ایک بڑا حصہ استوائی گنی کے غریب عوام کی بہتری کے لیے استعمال ہوگا۔

استوائی گنی

جنیوا میں نیلام ہونے والی یہ فراری، لیمبورگینی، رولز رائس اور بیوگاٹی گاڑیاں استوائی گنی کے صدر ٹیوڈورو اوبی آنگ نویئما کے صاحبزادے ٹیوڈورن کی ملکیت میں تھیں۔

سوٹزرلینڈ میں حکام ٹیوڈورن کے خلاف منی لانڈرنگ اور عوامی رقم کے غلط استعمال کے حوالے سے تحقیقات کر رہے تھے۔

استوائی گنی

لیکن یہ تحقیقات اس وقت روک دی گئیں جب ٹیوڈورن نے گاڑیوں کو نیلام کر کے ان سے ملنے والی رقم کو استوائی گنی میں سماجی بہتری کے پروگراموں میں صرف کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔

اس سے قبل 2017 میں ایک فرانسیسی عدالت نے ٹیوڈورن کو کرپشن کے الزام میں 3 سال قید کی معطل سزا سنائی تھی۔


کون سے گاڑی کتنے میں بکی؟

گاڑیوں کی نیلامی سے اب تک کل دو کروڑ 70 لاکھ ڈالر اکٹھے ہو چکے ہیں۔ حکام کے ساتھ طے شدہ ڈیل کے مطابق اس رقم میں سے دو کروڑ 30 لاکھ ڈالر استوائی گنی میں جاری سماجی اور ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہوں گے۔

استوائی گنی

2014 ماڈل کی ’لیمبوگینی وینینو روڈسٹر‘ 83 لاکھ ڈالر میں بکی۔ یہ گاڑی تاریخ میں سب سے زیادہ داموں میں نیلام ہونے والی لیمبورگینی گاڑی ہے۔

یہ گاڑی اطالوی کارساز کمپنی لیمبوگینی کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر ریلیز کی گئی تھی اور اس کی حد رفتار 354 کلومیٹر فی گھنٹہ بتائی جاتی ہے۔

استوائی گنی

فراری کی یہ نایاب ’لا فراری‘ 22 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوئی۔

یہ گاڑی پلک جھپکتے ہی، یعنی 2.4 سکینڈ میں 0 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچ سکتی ہے اور اس کے حد رفتار 350 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بھی زیادہ ہے!

استوائی گنی

یہ کالے رنگ کی ’کونگ زِگ ون‘ 46 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوئی۔ یہ اس نیلامی میں شامل نایاب ترین گاڑیوں میں سے ایک تھی، کیونکہ کمپنی نے اس جیسی صرف سات گاڑیاں بنائی تھیں۔

استوائی گنی

برطانوی کارساز کمپنی مکلیرن کی ’پی1 کوپے‘ 11 لاکھ ڈالر میں بکی۔ اس میں 903 ہارس پاور کا انجن موجود ہے، جس کی مدد سے یہ گاڑی 350 کلومیٹر فی گھنٹہ کی حد رفتار تک پہنچ سکتی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32299 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp