امریکہ امیگریشن: ’ٹرمپ نے تجویز کیا تھا کہ پناہ گزینوں کی ٹانگوں میں گولیاں مارو‘


US President Donald Trump visits the US-Mexico border

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے دو صحافیوں کی ایک نئی کتاب میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک وقت پر تجویز کیا کہ ملک میں آنے والے غیر قانونی تارکینِ وطن کو آہستہ کرنے کے لیے ان کی ٹانگوں پر گولیاں ماری جائیں۔

امریکہ کی جنوبی سرحد کو پیدل پار کر کے آنے والے پناہ گزینوں اور اس سرحد پر دیوار بنانے کا معاملہ صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم سے لے کر اب تک ان کے ایجنڈے کا اہم حصہ رہا ہے۔

کتاب میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے جنوبی سرحد سے آنے والے پناہ گزینوں کو روکنے کے لیے انتہائی شدید اقدامات تجویز کیے جن میں برقی دیوار، نوکوں والی دیوار اور ایک ایسی نہر جس میں سانپ یا مگرمچھ چھوڑے گئے ہوں، شامل تھے۔

تاہم صدر ٹرمپ نے ان دعوؤں کو جھوٹا قرار دیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ وہ سرحدی سیکیورٹی کے بارے میں سخت موقف رکھتے ہیں مگر اتنا سخت بھی نہیں۔

https://twitter.com/realDonaldTrump/status/1179411261337067520


امریکہ اور میکسیکو کی سرحد پر دیوار بنانا صدر ٹرمپ کا ایک مرکزی پالیسی ہدف رہا ہے۔

اس دیوار کی تعمیر اب شروع ہو گئی ہے اور اس کے لیے امریکی محکمہِ دفاع پنٹاگون نے 3.6 ارب ڈالر عسکری فنڈنگ میں دیے ہیں۔

کتاب میں دعوے کیا ہیں؟

’بارڈر وارز: ٹرمپ کا امیگریشن پر حملہ‘ نامی کتاب صحافی مائیکل شیئر اور جولی ڈیوس نے لکھی ہے اور اس میں متعدد حکام نام نہ ظاہر کرتے ہوئے انٹرویو شائع کیے گئے ہیں۔

اس کتاب میں مارچ 2019 کا ایک ہفتے بیان کیا گیا ہے جب صدر ٹرمپ نے مبینہ طور پر جنوبی سرحد سے مکمل طور پر تمام پناہ گزینوں کی آمد روکنے کی کوشش کی تھی۔

کتاب کے مطابق ایک وقت صدر ٹرمپ نے اپنے چند مشیران کو نجی طور پر مشورہ دیا کہ فوجی پناہ گزینوں کو ٹانگوں میں گولیاں ماریں مگر انھیں بتایا گیا کہ ایسا کرنا غیر قانونی ہوگا۔

اس سے قبل صدر ٹرمپ عوامی سطح پر یہ بیان دے چکے ہیں کہ شاید فوجیوں کو ان پناہ گزینوں پر گولیاں چلانی چاہیئیں جو ان پر پتھر برساتے ہیں۔

کتاب کے مطابق صدر ٹرمپ نے دیگر شدید اقدامات بھی تجویز کیے۔

’نجی طور پر صدر نے کئی بار سرحدی دیوار کے ساتھ پانی کی نہر جس میں سانپ یا مگرمچھ ہوں بنانے کی بات کی ہے جس کی وجہ سے ان کے مشیروں نے ایسا کرنے کی قیمت کا تخمینہ حاصل کرنے کی بھی کوشش کی۔ وہ چاہتے تھے کہ دیوار میں بجلی دوڑے اور اس کے اوپر نوکیں ہوں جو انسانی گوشت پھاڑ سکتی ہوں۔‘

اس کے علاوہ کتاب میں ایک جگہ بیان کیا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے اپنے مشیروں کو حکم دیا کہ امریکہ اور میکسکو کی سرحد پر اگلے روز دوپہر بارہ بجے تک پناہ گزینوں کی آمد کو مکمل طور پر روک دیا جائے جس کے بعد مشیران ’تقریباً خوف کے عالم میں‘ صدر کے حکم کی یکمیل کے لیے ’بے تابی‘ سے کوششیں کرنے لگے۔

کتاب کے مطابق صدر ٹرمپ کے سرحد بند کرنے کے حکم کی وجہ سے ایک ہفتے تک افراتفری دیکھی گئی جس میں صدارتی غصہ اور چوبیس گھنٹے کا خوف کا عالم اور وائٹ ہاؤس میں کشمکش شامل ہیں۔

Map showing current barriers on the US-Mexico border

ان کے مشیران آخرکار صدر ٹرمپ کا سرحد بند کرنے کا خیال تبدیل کرنے میں کامیاب ہو گئے مگر صدر نے پھر متعدد سینیئر مشران کو اس لیے فارغ کر دیا کیونکہ صدر کی رائے میں وہ ان کے امریگریشن ایجنڈے کو طول دے رہے تھے اور ان میں ہوم لینڈ سیکیورٹی کی وزیر کرسٹن نیلسن بھی تھیں۔

رواں سال کے اوائل میں صدر ٹرمپ نے ایمرجنسی نافذ کر دی تھی ان کا کہنا تھا کہ انھیں قومی سلامتی کی خاطر دیوار کی تعمیر کے لیے 6.7 ارب ڈالر درکار ہیں۔ لیکن یہ رقم 3200 کلو میٹر پر پھیلی سرحد پر باڑ لگائے جانے کے تخمیے 23 ارب ڈالر سے بہت کم ہے۔

ڈیموکریٹک پارٹی کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کا ایمرجنسی نافذ کرنا امریکی آئین کی روشنی میں ان کا اپنے اختیارات سے تجاوز کرنا تھا۔ اے سی ایل یو سمیت دیگر تنظیموں اور 20 ریاستوں نے صدر ٹرمپ کے ایمرجنسی اختیارات کو اس طرح استعمال کرنے کے خلاف قانونی راستہ اختیار کیا۔

ماحولیاتی تنظیموں نے دیوار کی تعمیر کے خلاف مہم بھی چلائی، ان کا دعوی ہے کہ اس سے جنگلی حیات پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ فروری میں کانگرس نے ریاست ٹیکساس میں ریؤ گرانڈے ویلی میں ابتدائی طور پر باڑ لگانے کے لیے 1.38 ارب ڈالر مختص کیے تھے جو صدر ٹرمپ کے مطالبے سے بہت کم رقم تھی۔ اس کے بعد صدر ٹرمپ نے فیصلہ کیا کہ وہ براہِ راست عسکری بجٹ میں سے پیسے لے سکتے ہیں۔ اس فیصلے پر اعتراق اس قدر کیا گیا کہ یہ معاملہ پھر عدالتوں میں چلا گیا۔

امریکہ کی سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ جنوبی سرحد پر دیوار کے ایک حصے کے لیے پینٹاگون کے لیے مختص فنڈز میں سے ڈھائی ارب ڈالر استعمال کر سکتے ہیں۔

سنہ 2016 کی انتخابی مہم کے دوران امریکہ اور میکسیکو کے درمیان سرحدی دیوار تعمیر کرنا صدر ٹرمپ کے مرکزی منشور کا حصہ تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32507 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp