ورلڈ ٹیچر ڈے


ورلڈ ٹیچر ڈے کی مناسبت پر گورنمنٹ ہائی سکول چربندن میں ”سکول کے پہلے ٹیچر“ دلسرد ابراھیم کی 21 سالہ خدمات کے صلے میں ان کے اعزاز میں پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اور دلسرد ابراھیم کو چربندن میں علم کی شمع روشن کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کو اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا۔ پروگرام میں علاقہ معززین، استاتذہ کرام اور طلبا بھی موجود تھے۔ جبکہ ورلڈ ٹیچر ڈے کی منسابت سے سکول کے طلبا نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

جبکہ مقررین نے اس دن کی مناسبت سے پوری دنیا میں خدمات سرانجام دینے والے استاتذہ کو سلام پیش کیا۔ ”دلسرد ابراھیم“ کے اعزاز میں منقعدہ پروگرام سے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر ہونک نذیر، جی ٹی اے کے ضلعی رہنما حنیف داد، پروگرام کے منتظم اور ڈسٹرکٹ کونسل کے سابق ممبر سیٹھ شربت گل، مصنف اور ادیب ظریف بلوچ، گورنمنٹ ہائی سکول کلمت کے ہیڈماسٹر واحد بخش مزار، ہیڈماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول چربندن قاسم علی، ابو ضیا اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دلسرد ابراھیم نے 21 سال تک چربندن میں علم کی شمع کو روشن رکھا، اور آج ان کے شاگرد زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنا نام روشن کرچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج سے 31 سال پہلے چربندن میں جو بیج سیٹھ گل محمد (مرحوم) نے بویا تھا۔ اس کو تنآور درخت بنانے میں دلسرد ابراھیم نے اہم رول ادا کیا ہے، آج یہ تناآور درخت پھل دے رہا ہے۔ اور اس کے ثمرات مقامی لوگوں تک پہنچ رہے ہیں۔ چربندن جیسے پسماندہ علاقے میں 21 سال تک وہاں کے لوگوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کا عظیم کارنامہ دلسرد ابراھیم کے سرکو جاتا ہے۔ جنہوں نے ایک پسماندہ گاؤں میں رہ کر اپنی ڈیوٹی کو احسن طریقے سے نبھایا۔

چربندن میں دلسرد ابراھیم اور مرحوم سیٹھ گل محمد کی کاوشوں کی بدولت علاقے کے لوگوں کو تعلیم حاصل کرنے کا جو موقع ملا ہے۔ اس سے مستفید ہوکر علاقے کے لوگوں کو تعلیم پر مذید فوکس کرنا ہوگا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں تعلیم کے بغیر ترقی ناممکن ہے اور ترقی یافتہ قوموں کی صفوں میں شامل ہونے کے لئے تعلیم ہماری اولین ترجیح ہونا چاہیے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ سیٹھ گل محمد مرحوم اور دلسرد ابراھیم کی جدوجہد سے آج چربندن کے لوگ علم کی شمع سے مسفید ہورہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دلسرد ابراھیم سکول کے پہلے ٹیچر تھے۔ اور مسلسل 21 سال تک چربندن کے لوگوں کو پڑھاتا رہا۔ ان کی جدوجہد کی وجہ سے آج علاقے کے لوگ ملک کے مختلف تعلیمی اداروں میں تعلیم کے زیور سے آراستہ ہورہے ہیں۔ اور موصوف چربندن کے عوام کے لئے ایک مسیح ثابت ہوگئے ہیں۔ پروگرام کے آخر میں دلسرد ابراھیم نے اپنے اعزاز میں پروگرام منقعد کرنے پر سکول انتظامیہ اور سیٹھ شربت گل کا شکریہ اداکیا۔ جبکہ شربت گل نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں تعلیم کی فروغ اور بہتری کے لئے میں ہروقت اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).