خواتین کی ’رغبت‘ حاصل کرنے کے طریقے سکھانے والے دو یوٹیوب چینل بند


چینل

سٹریٹ ایٹریکشن نے کہا کہ وہ مکمل رضامندی پر یقین رکھتے ہیں

بی بی سی کی آن لائن کے میدان میں کی جانے والی ایک تحقیق کے بعد یوٹیوب نے ’پِک اپ فنکاروں‘ کے دو چینلوں کو بند کر دیا ہے۔

یوٹیوب نے ’ایڈی اے- گیم‘ اور ’سٹریٹ ایٹریکشن‘ کے اکاؤنٹ سے برہنگی اور جنسی برتاؤ کے ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے پر ان کے سینکڑوں ویڈیوز ہٹا دیے ہیں۔

ایڈی اے-گیم کو چلانے والے عدنان احمد کو ستمبر میں خواتین کے ساتھ دھمکی آمیز اور گالی گلوچ والے برتاؤ کا قصور وار ٹھہرایا گيا تھا۔

جبکہ سٹریٹ اٹریکشن کے کوچز کا کہنا ہے کہ انھوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے۔

یوٹیوب نے کہا ہے کہ اس نے ایڈی اے-گیم اور سٹریٹ ایٹریکشن کو معطل کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

’یہود مخالف رویہ‘، ڈزنی کا یوٹیوب سٹار سے قطع تعلق

یوٹیوب نے 80 لاکھ سے زائد ویڈیوز حذف کر دیں

یوٹیوب نے مزید کہا ’یوٹیوب واضح جنسی، گرافک یا پریشان کن مواد کو سختی کے ساتھ منع کرتا ہے۔ ہمارے لیے صارفین کے تحفظ سے زیادہ کوئی چیز بھی اہم نہیں ہے اور ہم اس شعبے میں اپنی پالیسی کا جائزہ لیتے رہیں گے اور اسے مزید بہتر بناتے رہیں گے۔‘

جارج اور مائلز

مائلز بونر (دائیں) سٹریٹ ایٹریکشن کے بوٹ کیمپ میں انڈر کور کی حیثیت سے شامل ہوئے

سکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو کی ایک عدالت نے 38 سالہ عدنان احمد کو پانچ الزامات میں قصوروار پایا تھا۔

پولیس نے بی بی سی کے پروگرام ‘دی سوشل’ میں ان کے برتاؤ سے متعلق رپورٹ کے بعد تحقیقات شروع کی تھی۔

عدنان احمد نے گلاسگو اور مشرقی یورپ میں درجنوں خواتین کے ساتھ خفیہ طور پر اپنی ویڈیوز بنائی تھیں۔

‘پینوراما’ اور ‘بی بی سی سکاٹ لینڈ ڈسکلوزر’ نے اس عالمی ’گیم‘ کی جانچ کی جن کا دعویٰ ہے کہ وہ خواتین کو ’پیار میں پھانسنے کے راز فروخت‘ کرتے ہیں۔

ان چینلز کے بارے میں تحقیقات کی گئیں جہاں مبینہ پِک-اپ فنکار یعنی خود کو رنگین مزاج انسان کے طور پر پیش کرنے والوں کی جنسی مہمات کی ویڈیوز تھیں جن میں وہ ریکارڈنگز بھی تھیں جسے وہ خواتین کے ساتھ سیکس کی خفیہ ریکارڈنگ کہتے ہیں۔

عدنان احمد

عدنان احمد کو پانچ الزامات میں قصور وار پایا گیا

رپورٹر مائلز بونار ایک انڈر کور کے طور پر سٹریٹ ایٹریکشن کے ذریعے چلائے جانے والے ایک ‘بوٹ کمیپ’ گئے جہاں ان کا کہنا ہے کہ وہ لوگوں کو خواتین کو اپنی جانب راغب کرنے یا رجھانے کی تربیت دیتے ہیں جس میں خواتین کے ‘آخری منٹ کے احتجاج’ سے کس طرح نمٹا جائے بھی شامل ہے۔

سٹریٹ ایٹریکشن کے بانی ایڈی ہچنز نے بی بی سی کو بتایا کہ تمام چیزیں ‘مکمل طور پر رضامندی’ پر مبنی ہیں۔

انھوں نے مزید کہا ‘دراصل ہم مردوں کی مدد کرتے ہیں۔۔۔ اس لیے جو مدد بھی ہم کرتے ہیں وہ ریپ کے کلچر کو روکتی ہے اور انھیں کسی بھی غیر قانونی اور مرضی کے خلاف کام کرنے سے باز رکھتی ہے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp