برطانیہ میں یورو ملین لاٹری کا فاتح: اگر آپ کی 170 ملین پاؤنڈ کی لاٹری نکلے تو آپ کیا کریں گے؟


یورو ملین لاٹری

برطانیہ میں ایک شخص نے یورو ملین لاٹری کے جیک پاٹ میں 170 ملین پاؤنڈ جیت لیے ہیں۔

ٹکٹ آپریٹر کیملاٹ کے مطابق ایک شخص نے منگل کو نکلنے والا جیک پاٹ جیتنے کا دعویٰ کیا ہے۔

جب تک جیتنے والا شخص خود سامنے نہیں آنا چاہے گا اس وقت تک جیتنے والے کی شناخت ظاہر نہیں کی جائے گی اور نہ ہی یہ بتایا جائے گا کہ وہ اکیلے ہیں یا کوئی سِنڈیکیٹ ہے جس نے ٹکٹ خریدی تھی۔

اگر وہ کوئی ایک شخص ہے تو وہ برطانیہ میں رہنے والے امیر ترین لوگوں میں سے ایک بن جائیں گے۔

انعام ٹکٹ کو جانچ کر دیا جائے گا۔

ماضی میں لاٹری جیتنے والوں اور ان کو اتنی بڑی رقم صحیح طریقے سے خرچ کرنے کی صلح دینے والے صلاح کاروں نے اپنے تجربات کی بنیاد پر یہ بتایا ہے کہ لاٹری جیتنے کے بعد آپ اپنی زندگی میں اتنی بڑی تبدیلی کا سامنا کیسے کریں۔

یہ بھی پڑھیے

تیسری بار لاٹری جیتنے والا کینیڈین جوڑا

قسمت ہو تو ایسی، پانچ ماہ میں دو بار لاٹری جیت لی

1.6 بلین ڈالر کی لاٹری جیتنے والا خوش قسمت کون؟

لاٹری جیتنے کی خبر سن کر ہونے والے سکتے کی صورتحال کا کیسے مقابلہ کریں

اگر اینڈی کارٹر آپ سے رابطہ کریں تو اس کا مطلب یہ ہے ان کے پاس آپ کے لیے ایک اچھی خبر ہے۔ لاٹری کمپنی کیملاٹ میں ’سینیئروننر ایڈوائزر‘ کے طور پر کام کرنے والے اینڈی کارٹر کا زیادہ تر وقت ان لوگوں سے بات کرنے میں گزرتا ہے جو لاٹری میں بڑی سے بڑی رقم جیتتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ بڑی رقم جیتنے والے افراد کو وہ اولین صلح یہ دیتے ہیں کہ لاٹری جیتنے کے بعد وہ کچھ دن کے لیے باہر چلے جائیں تاکہ وہ اتنی بڑی خبر کو اپنے دل کے اندر جذب کرسکیں۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’ایک طرح سے یہ بہت بڑا دھچکا ہوتا ہے‘۔

سکون

کسی جزیرے پر جائیں اور سکون سے وقت گزاریں

ان کا مزید کہنا ہے ‘اگر آپ کو سمندر دیکھنے کا شوق ہے تو سمندر کے کنارے جاکر بیٹھ جائیں۔ اگر آپ کو پہاڑ سر کرنے کا شوق ہے تو جا کر وہ کریں‘۔

برطانیہ کے علاقے ایسیکس سے تعلق رکھنے والے ڈین ایلین اور لوویز کولیر نے سنہ 2000 میں 8۔13 ملین پاؤنڈ جیتے تھے تو انھوں نے سیدھے جزیرے ہوائی کا رخ کیا تھا۔

اور جب وہ واپس آئے تو ان کے بینک اکاؤنٹ میں لاٹری کی جیتی ہوئی رقم سے بھی زیادہ رقم موجود تھی کیونکہ ان کی غیر موجودگی میں ان کی جیتی ہوئی رقم پر سود بھی جمع ہو گیا تھا۔

آپ کو کبھی بھی بغیر سوچے سمجھے رقم کو اڑانا شروع نہیں کرنا چاہیے

برطانیہ کے رہائشی جو پیشے سے کوڑا اٹھاتے ہیں 19 سالہ مائیکل کیرول نے سنہ 2002 میں 7۔9 ملین پاؤنڈ کی بڑی رقم جیتی تھی لیکن انھوں نے یہ ساری رقم آٹھ برس کے اندر اندر خرچ کر دی تھی۔

کیا مجھے اپنی نوکری چھوڑ دینی چاہیے؟

مسٹر کارٹر کا کہنا ہے لاٹری جیتنا آپ کو اپنا خواب پورا کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

‘اگر آپ کی خواہش تھی کہ آپ اپنی کیک کی ایک دکان کھولیں، یا پھولوں کی دکان کھولیں، یا اپنی ٹرین شروع کریں تو آپ یہ سب کرسکتے ہیں۔‘

یورو ملین لاٹری

PA Media

ان کا کہنا تھا کہ لاٹری جیتنے والے بیشتر افراد فوراً اپنی نوکری نہیں چھوڑتے کیونکہ انھیں معلوم ہوتا ہے کہ بغیر نوکری کی زندگی کا عادی ہونے میں وقت لگے گا بالکل ایسے ہی جیسے ریٹائرمنٹ کے بعد ہوتا ہے۔

’ایسے بہت سے لاٹری کے فاتح ہیں جو تجارت میں سرمایہ کاری کرتے ہیں، یا فلاحی کام کرتے ہیں۔ لوگوں کو کچھ نہ کچھ کام چاہیے ہوتا ہے، سب سے ضروری ہے کہ صبح اٹھنے کی ایک وجہ چاہیے ہوتی ہے۔‘

مزید پڑھیے

75 کروڑ ڈالر جیت کر فوراً نوکری چھوڑ دی

بھلکڑ مالی لاٹری جیت کر ٹکٹ چیک کرنا ہی بھول گیا

کیا آپ لاٹری کی رقم سے خیراتی ادارہ کھولیں گے؟

جب سنہ 2010 میں سوزین ہرڈمین نے 2۔1 ملین پاؤنڈ جیتے تھے تو انھوں نے اپنے سیلون میں کام کرنا نہیں چھوڑا تھا اور شروع میں اپنی جیتی ہوئی رقم کا ایک آنہ بھی خرچ نہیں کیا تھا۔

لیکن سوزین ہرڈمین کا کہنا ہے کہ ان کی رقم کے مقابلے 170 ملین پاؤنڈ کی رقم بہت بڑی ہے۔ ’آپ لوگوں کو یہ کہتے ہوئے سنتے ہو کہ یہ تو بہت زیادہ رقم ہے۔ ایسے کہتے ہیں جیسے ہم اس رقم کے ملتے ہی لالچی بن جائیں گے۔ لیکن پیسے بانٹنے میں کتنا مزا آتا ہے۔‘

ان کا مزید کہنا ہے ’جب آپ پہلی بار لاٹری جیتتے ہیں تو ایک طرح سے یہ بڑی خوفناک بات ہے۔‘

’میں پہلے یہ سوچتی تھی کہ میری زندگی بہت اچھی ہے اس لیے اس میں تبدیلی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔‘

لیکن ایک سال بعد مس ہرڈمین کو یہ احساس ہوا کہ وہ اپنی خواہشات کو دبائے ہوئے ہیں۔ انھوں نے ایک ہفتے کے اندر اندر اپنا سیلون فروخت کر دیا اور یورکشائر میں کھیتی کرنے والے اپنے پارٹنر اینڈریو ہارنشو کے ساتھ جا کر رہنے لگیں۔

نوکری کے گھنٹوں کی قید سے آزاد مس ہرڈمین اب اپنا بیشتر وقت فلاحی کاموں میں گزارتی ہیں اور انھوں نے کینسر کے علاج کے لیے کام کرنے والی تنظیم ’کینسر رسرچ‘ کے لیے 5000 پاؤنڈ کا چندا اکٹھا کیا۔

کیا مجھے لاٹری جیتنے کے بارے میں اپنے دوستوں کو بتانا چاہیے؟

مسٹر کارٹر کا کہنا ہے کہ لاٹری جیتنے کی خبر دوسروں کو بتانا ہر ایک کے لیے صحیح نہیں ہے۔ لیکن قریبی دوستوں سے اس خبر کو چھپانا بھی بے چینی کا سبب بن سکتا ہے۔

ان کا کہنا ہے ’اگر آپ کا دوست لاٹری جیتے تو آپ یہ امید کریں گے کہ وہ آپ کو بتائے۔ آپ کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ یہ ایک اچھی بات ہے۔‘

لیکن دوستوں کو بتانا مشکل کام بھی ہوسکتا ہے۔

جین

جین نے 17 سال کی عمر میں یورو ملین لاٹری جیتی تھی

جین ریسٹورک نے جب یورو ملین لاٹری جیتی تھی تو اس وقت وہ محض 17 برس کی تھیں اور یورپ میں اس لاٹری کو جیتنے والی سب سے کم عمر فاتح تھیں۔

مس ریسٹورک کا کہنا ہے کہ ان سے یہ توقع کی گئی کہ وہ ضرورت مند رشتے داروں اور دوستوں کی مدد کریں۔ انھیں یہ ’پریشان کن‘ بات لگی۔

مسٹر کارٹر کا کہنا ہے کہ وہ لاٹری جیتنے والے افراد کا معاشی صلاح کروں سے رابطہ کرا سکتے ہیں تاکہ انھیں معلوم ہو کہ وہ تحائف دینے میں کس حد تک دریا دل ہو سکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا ہے ’ہم لوگوں کی اس بات کے لیے حوصلہ افضائی کرتے ہیں کہ وہ اپنی رقم کا کچھ حصہ اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کو دیں اور پھر دیکھيں وہ اس رقم کا کیا کرتے ہیں۔‘

’ان کو ایک ساتھ بہت بڑی رقم دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ آپ ضرورت پڑنے پر مزید رقم دے سکتے ہیں۔ اور جس شخص کو آپ تحفہ دینا چاہتے ہیں اس سے یہ ضرور پوچھیں کہ انھیں کیا چاہيے۔ بعض لوگ تحفے بالکل نہیں چاہتے اور بعض چاہتے ہیں۔‘

میں اس بات کا فیصلہ کیسے کروں کہ رقم کس کو عطیہ کروں؟

مسٹر کارٹر کہتے ہیں کروڑ پتی لوگوں کے پاس ’بہت طاقت ہوتی ہے‘ کیونکہ وہ فلاحی کاموں کے ذریعے سماج میں بہتری لا سکتے ہیں اور تبدیلی کا باعث بن سکتے ہیں۔

عطیہ دینے کے فیصلے میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ وہ کون سا سماجی مسئلہ ہے جو آپ کے ’دل کے قریب‘ ہے۔

سنہ 2011 میں 161 ملین پاؤنڈ کی لاٹری جیتنے والے کولن اور کرس وئیر نے سکاٹ لینڈ کی آزادی سے متعلق 2014 میں ہونے والے ریفرینڈیم کے لیے 1 ملین پاؤنڈ کا عطیہ دیا تھا۔ اور اس کے بعد بھی سکاٹ لینڈ کی سیاسی پارٹی ایس این پی کو عطیہ دیتے رہے۔

مسٹر کارٹر کا کہنا ہے کہ ان دونوں نے سنہ 2013 میں ’دا وئیر چیریٹیبل ٹرسٹ‘ نامی تنظیم کھولی جس نے پورے برطانیہ میں لوگوں کو نوکری فراہم کی اور فلاحی کاموں کے لیے ’لاکھوں پاؤنڈ کی رقم‘ اکٹھا کی۔

مس ہرڈمین کا کہنا ہے کہ وہ جانوروں کے فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والی تنظیم این ایس پی سی سی کو عطیہ دیتی ہیں جبکہ مسٹر ایلین کا کہنا ہے کہ لندن ہسپتال میں ان کے والد کا دل کا آپریشن ہونے کے بعد انھوں نے ہسپتال کو چندہ دیا۔

باقی بچی رقم کا میں کیا کروں؟

ڈین ایلین کا کہنا ہے انھوں نے اور ان کی اہلیہ نے اپنی جیتی ہوئی رقم 8۔13 ملین پاؤنڈ سے بہت فائدہ اٹھایا کیونکہ ان دونوں نے بہت سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا کہ اس رقم کو کیسے استمعال کریں۔

ان کا مزید کہنا ہے ’ہم نے یہ سوچا کہ اپنے دوستوں اور رشتے داروں کے لیے ہم کیا کر سکتے ہیں کیونکہ ہم اس بات کو بھی یقینی بنانا چاہتے تھے کہ یہ رقم پوری زندگی ہمارے کام آئے۔‘

انھوں نے اپنی رقم کو کچھ اس طرح خرچ کیا کہ وہ پوری دنیا بھی گھوم آئے ہیں اور اپنے عزیزوں کی مدد بھی کر پائیں ہیں۔

مسٹر کارٹر کی سب سے اہم صلاح یہ ہے کہ جیتی ہوئی رقم کیسے خرچ کریں اس کے بارے میں بہت سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا چاہیے۔

’170 ملین صرف اکیلے آپ کے لیے نہیں ہے بلکہ آپ کے خاندان کی آنے والی نسلوں کے لیے ہے، آپ کے دوستوں کے لیے ہے اور فلاحی کاموں کے لیے ہے۔ یہ ایک خطیر رقم ہے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32540 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp