جاپان میں گلوکارہ پر جنسی حملہ: ’حملہ آور نے آنکھ میں جھلکتے عکس سے خاتون کو تلاش کیا‘


سوشل میڈیا، جاپان، جنسی ہراساں،

اس کیس سے سوالات پیدا ہوتے ہیں کہ کس طرح سوشل میڈیا صارفین اپنی زندگیوں کی تفصیلات ہائی ڈیفینیشن تصاویر کی صورت میں پوسٹ کر کے نادانستہ طور پر اپنے لیے خطرات پیدا کر رہے ہیں

ایک نوجوان پاپ سٹار کی جاسوسی اور تعاقب کرنے اور ان پر جنسی حملہ کرنے کے ملزم نے پولیس کو بتایا ہے کہ انھوں نے ایک تصویر میں ان کی آنکھوں میں جھلکتے عکس کی مدد سے انھیں تلاش کیا۔

جاپانی میڈیا کے مطابق اس شخص نے بتایا کہ گلوکارہ نے اپنی ایک سیلفی آن لائن پوسٹ کی تھی جس میں ان کی آنکھ کی پتلی میں جس جگہ کا عکس نظر آ رہا تھا اس سے اسے معلوم ہوا کہ وہ کس ٹرین سٹیشن پر ہیں۔

26 سالہ ملزم نے اس کے بعد اسی ٹرین سٹیشن پر مذکورہ گلوکارہ کا انتظار کیا اور پھر ان کے گھر تک ان کا تعاقب کیا۔

اس کیس نے انٹرنیٹ پر سٹاکنگ یعنی لوگوں کی جاسوسی کرنے کے خطرے کے متعلق بحث کو جنم دیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم کا نام ہیبیکی ساتو ہے اور ان پر الزام ہے کہ انھوں نے یکم ستمبر کی رات کو خاتون کا پیچھا کیا اور ان پر جنسی حملہ کیا۔

اسی ماہ کے اواخر میں اپنی گرفتاری کے بعد انھوں نے پولیس کو بتایا کہ وہ ان 21 سالہ خاتون کے بڑے مداح تھے جنھیں مقامی میڈیا کے مطابق ’جاپانی آئیڈل‘ بھی کہا جاتا ہے۔

ملزم نے پولیس کو بتایا کہ ان کی تصویر پر زوم کر کے دیکھنے کے بعد انھوں نے گوگل سٹریٹ ویو کی مدد سے سٹیشن کا پتا معلوم کیا۔

یہ بھی پڑھیے

سوشل میڈیا کا زیادہ استعمال سماجی تنہائی کا سبب

’سوشل میڈیا سے دور رہنا اداکاروں کے لیے بہتر‘

آپ کا ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹ کتنا ذاتی ہے؟

مقامی میڈیا کے مطابق انھوں نے یہ بھی بتایا کہ انھوں نے خاتون کی اپنے اپارٹمنٹ میں بنائی گئی ویڈیوز کا بغور مطالعہ کیا جس میں پردوں کی ترتیب اور کھڑکی سے سورج کی روشنی کی سمت کے ذریعے یہ پتا لگایا کہ خاتون واقعتاً کس منزل پر رہتی ہیں۔

اس کیس سے سوالات پیدا ہوتے ہیں کہ کس طرح سوشل میڈیا صارفین اپنی زندگیوں کی تفصیلات ہائی ڈیفینیشن تصاویر کی صورت میں پوسٹ کر کے نادانستہ طور پر اپنے لیے خطرات پیدا کر رہے ہیں۔

آن لائن تفتیشی تکنیکوں میں جدت پیدا کرنے والی ویب سائٹ بیلنگ کیٹ کے بانی ایلیوٹ ہیگینز نے بی بی سی کو بتایا کہ ’اچھی کوالٹی کی تصاویر کے ذریعے زیادہ تفصیلات کا پتا چلایا جا سکتا ہے جس سے یہ معلوم کیا جا سکتا ہے کہ کوئی شخص کس جگہ موجود ہے۔

’ گوگل سٹریٹ ویو جیسی سروسز پر جگہوں کی جتنی زیادہ تصاویر موجود ہوں گی، کسی کی لوکیشن معلوم کرنے کے امکانات اتنے ہی زیادہ ہوں گے۔‘

وہ کہتے ہیں کہ ’تصویر کے اندر باریک سے باریک تفصیلات سے بھی اس میں موجود افراد کے بارے میں بہت کچھ معلوم کیا جا سکتا ہے، یہاں تک کہ وہ تصویر کہاں لی گئی۔‘

وہ کہتے ہیں کہ ’کبھی بھی ایسی کوئی چیز آن لائن پوسٹ نہ کریں جو آپ نہیں چاہتے کہ آپ کے باس، شریکِ حیات یا پھر آپ کا بدترین دشمن دیکھے۔‘

سوشل میڈیا، جاپان، جنسی ہراساں،

ماہرین کے مطابق سمارٹ فون کیمروں کی پہلے سے بہتر کوالٹی نے سوشل میڈیا کے ذریعے نادانستہ طور پر حساس معلومات کے لیک ہونے کے خطرے کو بڑھا دیا ہے

جاپان میں حالیہ کچھ سالوں کے دوران خواتین پاپ سٹارز پر مداحوں کی جانب سے کئی حملے ہوئے ہیں۔

2016 میں جاپانی گلوکار مایو ٹومیٹا جب ایک کنسرٹ میں پرفارم کرنے والی تھیں، اس سے کچھ دیر قبل مبینہ طور پر ایک مداح نے ان پر چاقو سے پے در پے وار کیے جس سے ان کی حالت تشویش ناک ہوگئی۔ اس سال اطلاعات آئی تھیں کہ وہ انھیں مناسب سکیورٹی نہ دینے کے لیے حکومت پر مقدمہ دائر کر رہی ہیں۔

پاپ سٹار ماہو یاماگوچی نے اس سال دعویٰ کیا کہ دو مداحوں نے ان پر جنسی حملہ کیا۔

سوشل میڈیا سے ہونے والے خطرات کے ماہر ٹوکیو میٹروپولیٹن یونیورسٹی کے پروفیسر شوئیچیرو ہوشی نے نیوز ویب سائٹ ٹوکیو رپورٹر کو بتایا کہ سمارٹ فون کیمروں کی بہتر کوالٹی نے ’غیر متوقع طور پر‘ حساس معلومات کے لیک ہونے کے خطرے کو بڑھا دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’دیگر لفظوں میں کہیں تو ’ڈیجیٹل سٹاکر‘ کا خطرہ اب پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp