#CokeStudio12: کیریئر کے آغاز میں عاطف اسلم ’جیسے کالج میں تھے، ویسا ہی رہتے تھے‘


معروف پاکستانی گلوکار عاطف کو اپنے کیریئر کی ابتدا میں یہ معلوم نہیں تھا کہ میوزک انڈسٹری میں ’سب کیسے ہوتا ہے، کس سے ملتے ہیں، کیسے ملتے ہیں، کپڑے کیسے پہنتے ہیں۔ جیسا کالج میں تھا، بس ویسا ہی رہتا تھا۔‘

یہ بات انھوں نے ہماری ساتھی فیفی ہارون کو بتائی جن سے انھوں نے کوک سٹوڈیو کے سیٹ پر بات چیت کی ہے۔ جمعے کو کوک سٹوڈیو کے 12ویں سیزن کا آغاز ہوا اور اس کی ابتدا عاطف اسلم کی حمد ’وہی خدا ہے‘ سے ہوئی ہے۔

عاطف کہتے ہیں کہ انھوں نے مشکل حالات میں سب خود ہی سیکھا۔ ان کی اس بات سے سوچا جاسکتا ہے کہ آج کے عاطف اسلم اور پانچ سال پہلے کے عاطف اسلم میں بہت فرق ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے

لڑکی کو بچانے پر عاطف اسلم کی تعریف

فلم فیئر ایوارڈز کے لیے چار پاکستانی فنکار نامزد

‘میں نے ہمیشہ اپنے کلچر کو ساتھ رکھنے کی کوشش کی‘

شروع میں عاطف پر طنز کیا جاتا تھا کہ شاید وہ اس انڈسٹری میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔۔ عاطف کہتے ہیں کہ ’(میوزک) سیکھنا تو ایک الگ بات ہے، مجھے تو یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ کس سے ملنا ہے؟ کیسے ملنا ہے؟ کپٹرے کتنے ضروری ہیں؟ ڈیزائن کتنا ضروری ہے؟ کچھ آئیڈیا نہیں تھا، کوئی طریقہ نہیں تھا۔‘

عاطف اسلم بتاتے ہیں کہ ’جب میں نے گٹار بجانا شروع کیا تو مجھے معلوم نہیں تھا کہ اسے کیسے بجایا جاتا ہے۔ میں تین بے سُری تاروں سے گٹار بجا کر اس میں سے سُر ڈھونڈتا تھا۔ مجھے پتہ ہے کہ اس کی قیمت کیا ہے، مجھے پتہ ہے کہ اس کی قدد کیا ہے۔‘

https://www.instagram.com/p/BaQ0WVhDURE/

’بیوی کو میرا میوزک پسند نہیں‘

ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے پچھلے 16، 17 برسوں میں بہت سے گانے ریکارڈ کیے ہیں اور اس دوران وہ بہت زیادہ مصروف بھی رہے ہیں ’لیکن ایک ایسا وقت بھی آتا ہے جب آپ کہتے ہیں کہ بس، روبوٹ جیسی زندگی بہت ہو گئی۔‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ان کی بیوی شکایت نہیں کرتیں، تو عاطف کا کہنا تھا کہ ’میری بیوی اس لیے شکایت نہیں کرتیں کیونکہ انھوں نے مجھے دیکھ کر شادی کی اور میں نے ان سے شادی اس لیے کی کیونکہ انھیں میرا میوزک پسند نہیں ہے۔‘

’میرا خیال ہے کہ میری بیوی کو بالی وڈ کے دوسرے گانے زیادہ پسند ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’مجھے ان کی یہ چیز بہت پسند ہے کہ انھیں میرا میوزک پسند نہیں اور مجھے اچھا لگتا ہے کہ وہ مجھے ایک عام شخص کی طرح سمجھتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ میں انھیں پیار کرتا ہوں۔‘

’والدین بڑے سادہ سے لوگ ہیں‘

عاطف اسلم ایک بہت بڑے سٹار ہیں لیکن ان کے مزاج میں غرور کی کوئی جھلک نظر نہیں آتی، وہ ایک عاجز انسان دکھتے ہیں۔

اس کی وجہ بتاتے ہوئے وہ کہتے ہیں ’میرے والدین بڑے سادہ سے لوگ ہیں، انھوں نے میری پرورش ایسے ہی کی ہے ہمیشہ مجھے زمین پر رکھا ہے اور میں بس یہی سوچتا رہتا ہوں کہ یار میں کس طریقے سے اللہ کا شکر ادا کروں کہ اس نے کتنی کتنی کیا کیا چیزیں مجھے دی ہیں۔‘

’میں اس کا اندازہ نہیں کر سکتا کہ اللہ نے مجھے کتنا نوازا ہے۔ میرے سے کتنے زیادہ ٹیلنٹڈ لوگ ہیں جو میرے سے بہت اچھا گانے والے ہیں۔‘

’مجھے میوزک سے خدا ملا‘

’یہ اس لیے نہیں کہ ہاں مجھے نمبر ون بننا ہے بلکہ یہ اس لیے ہے کہ مجھے اس میں مزہ آتا ہے۔ اس میں میری روح ہے۔ یوں کہہ لیں کہ میوزک کی وجہ سے ہی مجھے خدا ملا۔‘

عاطف اسلم نے بتایا کہ جب وہ 13 یا 14 سال کے تھے تو اس وقت انھیں نعت پڑھنا آتی تھی۔ وہ قصیدہ بردہ شریف پڑھا کرتے تھے۔

اس میں ڈف تھی، ہلکا پھلکا میوزک تھا، مجھے اس کے بارے میں زیادہ معلوم نہں تھا کہ اس میں پیغمبرِ اسلام کا نام تھا۔ لیکن مجھے قصیدہ بردہ شریف اتنی خوبصورت چیز لگی کہ میں نے وہاں سے ڈھونڈنا شروع کیا کہ کائنات کیا ہے، خدا کیا ہے؟ اس کے بعد سے میں نے میوزک کو ایکسپلور کرنا شروع کیا۔

اپنے بچپن کے بارے میں مزید بتاتے ہوئے وہ کہتے ہیں کہ ’میں نے نصرت فتح علی خان کو مائیکل بروکس کے ساتھ سنا، پھر میں نے پٹھانے خان کے ’میڈاں عشق ویں توں‘ سنا۔

’یہ ایک بڑی تناؤ بھری صورتِ حال تھی کہ ایک لڑکا 16 سال کی عمر میں ’میڈاں عشق ویں توں‘ سن رہا ہے، تو اس کا بڑا بھائی اس سے پوچھتا ہے کہ تمھیں کیا ہوا ہے؟ تم اتنے سیریس کیوں ہو؟ تو میں نے کہا مجھے اس میوزک سے محبت ہے، کیا شاعری ہے، کیا بات ہے کیا رابطہ ہے۔‘

عاطف کی نئی فلم؟

لکس سٹائل ایوارڈز کا حوالہ دیتے ہوئے عاطف اسلم کہتے ہیں کہ ماہرہ خان آج بھی انھیں ’میرا پہلا ہیرو کہہ کر مخاطب کرتی ہیں، اس کے ساتھ میں نے شروع کیا تھا۔‘

انھوں نے اپنی خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ ایک نئی فلم بنانا چاہتے ہیں۔ ’میں ایک رائٹر کے ساتھ بیٹھ کر فلم کی سکرپٹ لکھنا چاہتا ہوں۔‘

’مجھے فلم کرنا بہت اچھا لگے گا۔‘

لکس ایوارڈز کے دوران عاطف نے ریشماں کے ساتھ بھی گانا گایا۔ اس حوالے سے انھوں نے بتایا ’یہ میرے لیے ایک بہت بڑے اعزاز کی بات تھی کیونکہ وہ میری پسندیدہ آرٹسٹ تھیں، اس لیے جب میں نے ان کے ساتھ گانا گایا تو اس وقت وہ مجھے نہیں جانتی تھیں۔‘

’جب ہمارا پروگرام ختم ہوا تو انھوں نے مجھے کہا ’وے پتر گل سن تو آج ریشماں نو جوان کر دتا۔‘

بالی وڈ میں کچھ حلقوں کی جانب سے ’ان بین عاطف اسلم‘ یا عاطف اسلم پر پابندی ہٹانے کی آوازوں پر ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ انڈیا میں اتنا کام کروں گا اور پذیرائی حاصل کروں گا۔‘

’ان کے دل میں جگہ بنی ہے تو وہ اب کہہ رہے ہیں کہ اس پر سے پابندی ہٹائیں۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32299 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp