ایف اے ٹی ایف: پاکستان کے امتحان کی گھڑی


ایف اے ٹی ایف

پاکستان نے کالعدم تنظیموں کے مزید ارکان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف دہشت گردی کی مالی امداد کے جرم کے مقدمے چلانے کا اعلان کیا ہے، جماعت الدعوٰ کے حافظ سعید پہلے ہی سے زیرِ حراست ہیں۔

فنانشل ایکشن ٹاسک فور (FATF) کا اتوار سے پیرس میں اہم اجلاس شروع ہو رہا ہے جس میں پاکستان کے منی لانڈرنگ کی روک تھام اور دہشت گردی کی مالی امداد کے خاتمے کے لیے لیے گئے اقدامت پر غور ہوگا۔

اگر پاکستان کے اقدامات سے ایف اے ٹی ایف مطمئن ہوا تو اسے ‘گرے ایریا’ کی فہرست سے خارج کرنے کی کاروائی کا آغاز ہو سکتا ہے۔ ‘دیگر صورت میں ایف اے ٹی ایف ناکافی پیش رفت کی وجہ سے پاکستان کے بارے اگلی سطح کے اقدامات لینے کے بارے میں غور کرے گی۔’

ایف اے ٹی ایف کا ہفتے بھر کا اجلاس 13 اکتوبر سے شروع ہو گا اور 18 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ اس میں 205 ممالک اور عالمی تنظیمیں شرکت کریں گیں۔ ان اجلاسوں میں کئی ممالک اور مختلف امور پر غور ہوگا۔ ایف اے ٹی ایف ‘ورچؤل ایسیٹس’ اور ‘سٹیبل کوئنز’ پر بھی غور کرے گا۔

اس کے علاوہ روس اور ترکی کے ان اقدامت پر بھی غور ہوگا جو انھوں نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی امداد روکنے کے لیے لیے ہیں۔ پاکستان، ایران اور چند دیگر ممالک جو موجودہ عالمی مالی نظام کے لیے ‘خطرہ’ ہیں، ان کے اقدامات کی پیش رفت پر 14 اور 15 اکتوبر کو غور کیا جائے گا۔

ایف اے ٹی ایف

ایرانی پارلیمان نے ایف اے ٹی ایف کی پابندیوں سے بچنے کے لیے گزشتہ برس قانون سازی کی لیکن ایران کا نام اب بھی سرخ فہرست میں ہے۔

احکامات کی تعمیل کی فہرست

پاکستان کا ایک وفد اقتصادی امور کے وفاقی وزیر حماد اظہر کی قیادت میں ایف اے ٹی ایف کے پیرس کےاجلاس میں شرکت کرکے آگاہ کرے گا کہ پاکستان نے ضروری تقاضوں اور اقدامات کی فہرست کی تعمیل کر لی ہے یعنی پاکستان ایف اے ٹی ایف کو اپنی ‘کمپلائینس لسٹ’ پیش کرے گا۔

اس اجلاس میں شرکت سے چند دن پہلے ہی پاکستان نے اپنے ایکشن پلان پر علمدرآمد کرتے ہوئے کالعدم تنظیم جمعیت الدعوۃ/ لشکرِ طیبہ کے چار رہنماؤں کو دہشت گردی کی مالی امداد کرنے کے جرم میں گرفتار کیا ہے۔

پاکستانی حکام نے پروفیسر ظفر اقبال، یحیٰ عزیز، محمد اشرف اور عبدالسلام بتائے کو گرفتار کیا ہے۔ ان ہر دہشت گردی کی مالی امداد کرنے کے جرائم کے تحت مقدمات چلائے جائیں گے۔ اس کالعدم تنظیم کے سربراہ حافظ سعید پہلے ہی سے زیرِ حراست ہیں۔

اب سے کچھ دن پہلے چند اخبارات میں ایسی خبریں آئیں تھیں جن میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایف اے ٹی ایف پاکستان کی ‘کمپلائینس لسٹ’ سے غیر مطمئن ہے کیونکہ پاکستان نے 40 نکات میں سے صرف 6 پر علمدرآمد کیا تھا۔ تاہم بعد میں ایسی کسی خبر کی تصدیق نہ ہو سکی۔

پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے گزشتہ ماہ انڈیا پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کے ‘گرے ایریا’ میں رکھنے اور بلیک لسٹ میں دھکیلنے کی کوششیں کر رہا ہے۔ ‘پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کو مطمئن کرنے کی مکمل کوشش کی ہے۔’

’گرے ایریا لسٹ‘

ایف اے ٹی ایف کی ‘گرے ایریا’ اُس فہرست کو کہتے ہیں جس میں ایسے ممالک کے نام درج کیے جاتے ہیں جن کے بارے میں یہ ادارہ طے کرتا ہے کہ ان ممالک کو منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی امداد روکنے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

اس وقت ‘گرے ایریا’ کی فہرست میں بہاماز، بوٹسوانا، کمبوڈیا، ایتھوپیا، گھانا، پاکستان، پاناما، سری لنکا، شام، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو، تیونس، یمن اور سربیا کے نام شامل ہیں۔ ایف اے ٹی ایف نے اب تک شمالی کوریا کے بارے میں یہ تجویز کیا ہے کہ شمالی کوریا سے مالی رابطے بند کیے جائیں۔ ایران کے اقدامات کو ناکافی قرار دیا گیا ہے۔

ایف ای ٹی ایف کی اپنی رپورٹ کے مطابق پاکستان نےگزشتہ برس جون میں ایف اے ٹی ایف اور اس کے ایک ذیلی ادارے ایشیا پیسیفیک گروپ (اے پی جی) سے منی لانڈرنگ کی روک تھام اور دہشت گردی کی مالی امداد کے خلاف موثر اقدامات لینے کے لیے عزم کا اظہار کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق اس وقت پاکستان نے یہ بھی وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنی مالی نظام میں ان سٹریٹجک نقائص کا بھی خاتمہ کرے گا جو دہشت گردی کے خاتمے میں رکاوٹ ہیں۔ پاکستان نے ان وعدوں کے بعد منی لانڈرنگ کی روک تھام اور دہشت گردی کی مالی امداد کے خلاف موثر اقدامات لیے۔

ایف اے ٹی ایف

پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے انڈیا پر الزام لگایا کہ وہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسّ کی طرف دھکیلنے کی وکشش کر رہا ہے۔

اگرچہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے اضافی احکامات پر بھی عملدرآمد کیا لیکن، رپورٹ کے مطابق ‘پاکستان نے دہشت گردی کی مالی امداد کی بین الاقوامی سطح پر سنگینی کو سمجھ نہیں پایا۔’

ایف اے ٹی ایف پاکستان سے کیا چاہتا ہے؟

اس رپورٹ میں تجویز کیا گیا تھا کہ پاکستان اپنے سٹریٹجک نقائص پر قابو پانے کے لیے اپنے ایکشن پلان پر عمدرآمد ان تجاویز پر بھی عملدرآمد کرکے دکھائے:

  1. ایسے اقدامت لے جس سے اس بات کا مظاہرہ ہو کہ پاکستان دہشت گرد گروہوں کے خطرات کی سنگینی کو سمجھتا ہے، اور ان کے خطرے کی حساسیت کی سطح کو سمجھتے ہوئے ان کی نگرانی کرے،
  2. اگر کہیں منی لانڈرنگ کی روک تھام اور دہشت گردی کی مالی امداد موثر طریقے سے نہ ہو تو وہاں ان کے انسداد کے لیے مناسب اقدامات لے، اور جو اقدامات لیے جائیں ان کے بعد منی لانڈرنگ کرنے والے اور دہشت گردی کی مالی امداد کرنے والے افراد یا اداروں پر نظر آئیں،
  3. ایسے اقدامات بھی لے جن سے یہ ظاہر ہو کہ مجاز حکام ان اقدامات کی درست طور پر شناخت کر رہے ہیں اور ان پر علدرآمد کرہے ہیں جن سے غیر قانونی دولت یا اثاثے منتقل کرنے والے ذرائغ کا خاتمہ ہو رہا ہے،
  4. یہ بات واضح طور پر نظر آئے کہ مجاز حکام کیش لے جانے والوں اور غیر قانونی طور پر روپے اور دیگر کرنسیوں کے ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے والوں پر قابو پائے اور اس سمجھداری کا مظاہرہ کریں کہ کیش لے جانے والے دہشت گردی کی مالی امداد کرنے کا کتنا بڑا ذریعہ ہیں،
  5. مختلف اداروں میں اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے سے تعاون کو بڑھائیں،
  6. اس بات کا بھی مظاہرہ کریں کہ پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کی وسیع سطح پر درست نشاندہی کر رہے ہیں اور ان کی تحقیقات کر رہے ہیں، اور دہشت گردی کے خلاف تحقیقات کے دوران ان شخصیات پر نظر رکھیں جنھیں اقوام متحدہ دہشت گرد قرار دے چکا ہے اور ایسے افراد اور اداروں جو اقوام متحدہ کی جانب سے دہشت گرد قرار دی گئی شخصیات کے لیے کام کرتے ہیں،
  7. پاکستان اس بات کو بھی کرکے دکھائے کہ جو دہشت گردی کے مقدمے چلیں جن کے نتائج موثر، متناسب اور دہشت گردوں کی حوصلہ شکنی کریں، اس کے علاوہ ایسے اقدامات بھی لیے جائیں جن سے استغاثہ اور عدلیہ کی صلاحیت اور حمایت میں اضافہ ہو،
  8. اور دہشت گردی میں ملوث 1267 افراد اور 1373 اقوام متحدہ کی جانب سے دہشت گرد قرار دی گئیں شحصیات پر ان مالیاتی پابندیاں عائد کی جائیں، اس کے علاوہ ان اداروں اور افراد پر بھی جو ان شخصیات کے لیے مالی امداد جمع کرنے سمیت رقم یا دیگر سامان منتقل کرتے ہیں ان کو ہدف بنا کر (جن کو جامع قسم کی قانونی حمایت حاصل ہو) ان کے خلاف اقدامات لیں، مزید یہ کہ ایسی شخصیات اور افراد کے منقولہ و غیر منقولہ اثاثے منجمد کیے جائیں اور انھیں کسی بھی قسم کے فنڈ یا مالیاتی خدمت حاصل کرنے سے محروم کیا جائے،
  9. دہشت گردی کی مالی مدد رکنے کی خلاف ورزیوں کی بیخ کنی ہو جس کے لیے انتظامی سطح پر اور عدالتوں کے ذریعے کاروائیاں کی جائیں، اور ایسے واقعات کی صورت میں صوبائی اور وفاقی حکومتیں ایک دوسرے سے تعاون کریں،
  10. سہولتیں اور خدمات جو کے اقوام متحدہ کی جانب سے دہشت گرد قرار دی گئی شخصیات کی ملکیت ہیں انھیں اِن وسائل اور اِن کے استعمال سے محروم کیا جائے۔

اب تک پاکستان ناکام رہا ہے

ایف اے ٹی ایف اپنی تشویش کا اظہار کرتی ہے کہ پاکستان نہ صرف جنوری کی حتمی تاریخ تک اپنے ایکشن پلان پر عملدرآمد کرنے میں ناکام رہا بلکہ یہ مئی 2019 میں ایکشن پلان کے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا۔

‘ایف اے ٹی ایف کا پاکستان سے مطالبہ ہے کہ وہ اکتوبر 2019 تک جب ایکشن پلان کے تحت اقدامات کا آخری سیٹ پر علدرآمدگی کی میعاد ختم ہورہی ہے، اُسے تیزی سے مکمل کرے۔ دیگر صورت میں ایف اے ٹی ایف ناکافی پیش رفت کی وجہ سے پاکستان کے بارے میں اگلے اقدامات لینے پر غور کرے گی۔’

ایف اے ٹی ایف

ایف اے ٹی ایف منی لانڈرنگ روکنے اور دہشت گردوں کی مالی امداد کے خاتمے کا ایک مانٹرنگ ادارہ ہہے جسے دنیا کی سا بڑی اقتصادی طاقتوں نے سنہ 1989 میں قائم کیا تھا۔

منی لانڈرنگ سے متعلقہ بڑھتی ہوئی تشویش کے بعد اقتصادی لحاظ سے دنیا کے سات سب سے زیادہ طاقتور ممالک جی سیون نے سنہ 1989 میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس آن منی لانڈرنگ قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اب ایف اے ٹی ایف منی لانڈرنگ کی روک تھام اور دہشت گردی کی مالی امداد کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر معیار طے کرنے کا ایک ادارہ ہے جس کی قانونی حیثیت کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے تسلیم کیا جا چکا ہے۔

دنیا میں بین الاقوامی مالیاتی نظام کو منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی امداد کے خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے اور منی لانڈرنگ کو روکنے اور دہشت گردی کی مالی امداد کے خاتمے کے لیے بہتر سے بہتر قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کرانے کے لیے ایف اے ٹی ایف ان ممالک اور اداروں کی نشاندہی کرتا ہے جن میں سٹریٹجک نقائص موجود ہیں، اور پھر ان سے مل کر ان نقائص کو دور کرنے میں تعاون کرتا ہے جو بین الاقوامی مالیاتی نظام کے لیے خطرہ ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32498 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp