انگلینڈ کی دو خواتین کرکٹرز نے آپس میں شادی کا اعلان کر دیا


انگلینڈ کی قومی ویمن کرکٹ ٹیم سے تعلق رکھنے والی 2 کھلاڑیوں نے آپس میں شادی کا اعلان کر دیا ہے۔

انگلینڈ کی ویمن کرکٹ ٹیم سے تعلق رکھنے والی فاسٹ باﺅلر کیتھرائن برنٹ نے آل راﺅنڈر نتالی سکائیور سے منگنی کر لی ہے۔ دونوں خواتین 2017 سے ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہی ہیں لیکن گھر والوں اور دنیا کے خوف سے اپنے رشتے کا کھل کر اظہار نہیں کر پا رہی تھیں۔ انہوں نے اپنی منگنی کا اعلان ’ نیشنل کمنگ آﺅٹ ڈے‘ کے موقع پر کیا ہے۔ یہ دن برطانیہ میں ہم جنس پسندوں کا قومی دن ہے۔

کیتھرائن برنٹ نے برطانوی اخبار دی گارڈین کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اپنے رشتے کے بارے میں بات کی اور بتایا کہ انہوں نے 2017 کا ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ساتھی کھلاڑی کو پروپوز کیا تھا کیونکہ یہ موقع ان کیلئے بہت ہی خاص تھا۔

کیتھرائن نے بتایا کہ شروع میں انہیں اپنے اس غیر معمولی رشتے کے باعث دشواریوں کا بھی سامنا کرنا پڑا جبکہ دونوں طرف کے فیملی ممبرز ابھی تک اس رشتے کو قبول کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ ’ ہم نے بہت پہلے منگنی کرلی تھی لیکن دنیا کے خوف سے منگنی کی انگوٹھی نہیں پہنتی تھیں۔ اس رشتے پر ہم دونوں کے والدین خوش نہیں ہیں لیکن پھر بھی ہم ان سے پیار کرتے ہیں اور صحیح وقت آنے پر وہ سمجھ جائیں گے۔‘

خیال رہے کہ اس سے قبل جنوبی افریقن ویمن ٹیم کی کپتان ڈین وین نکرک نے رواں سال ساتھی کھلاڑی مریزانے کیپ سے شادی کی تھی۔ نیوزی لینڈ کی ویمن کرکٹ ٹیم سے تعلق رکھنے والی لیا تاہوہو نے گزشتہ برس ایمی سیٹر ویٹ سے شادی کی تھی۔ اسی طرح انگلینڈ اور آسٹریلیا کی کئی خواتین کھلاڑی ہم جنس شادیاں کر چکی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).