نوازشریف جب تک شہبازشریف کا مشورہ مانتے رہے، سُکھی رہے: مبشر لقمان


سینئر تجزیہ کار مبشر لقمان نے کہا ہے کہ نوازشریف جب تک شہبازشریف کا مشورہ مانتے رہے، سُکھی رہے۔ شہبازشریف کے مشوروں کی وجہ سے حکومت میں بھی رہے۔ شہبازشریف نے نوازشریف کو ہمیشہ جارحانہ سیاست سے گریز کا مشورہ دیا۔ نوازشریف نے جب سے مریم اور داماد کی ماننی شروع کی، مسائل پیدا ہو گئے۔

مبشر لقمان نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور شہبازشریف کے اختلافات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فضل الرحمان کی لگائی ہوئی آگ نے ن لیگ کو بالآخر اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ نوازشریف اور شہبازشریف کی سوچ میں بڑا فرق ہے۔ شہبازشریف نوازشریف کے نہیں بلکہ آصف زرداری کے بھائی ہیں۔ کیونکہ ان دونوں کی سوچ ایک جیسی ہے جبکہ نواز اور شہباز کی سوچ میں بڑا فرق ہے۔ دونوں کی سیاست بھی مختلف رہی ہے۔ شہبازشریف ہمیشہ سمجھوتہ پسند کرتے ہیں جبکہ نوازشریف نے ہمیشہ اپنے پیروں پر خود کلہاڑی ماری ہے، بعض اوقات دور پڑی کلہاڑی کو خود جا کر کک مار دیتے ہیں۔ رہی سہی کسر مریم اور ان کی ٹیم نے پوری کر دی۔ جب تک شہبازشریف کے مشورے مانتے رہے حکومت میں رہے اور سکھی بھی رہے۔

مبشر لقمان کے مطابق شہبازشریف نے نوازشریف کو ہمیشہ سنجیدہ مشورہ دیا کہ لڑائی اور جارحانہ سیاست نہ کریں، اداروں کا احترام کریں۔ لیکن ایسا کرنے سے نوازشریف کی عزت پر حرف آتا ہے۔

مبشر لقمان نے کہا کہ مریم نوازشریف نے کلثوم نواز کا کردار ادا کرنا شروع کر دیا ہے۔ کلثوم نوازتو بڑی نیک اور ذی شعور خاتون تھیں۔ جب تک وہ تقریریں لکھتی تھیں تو میاں صاحب کی پالیسی بڑی متوازن ہوتی تھی۔ ن لیگ جب بھی اسٹیبلشمنٹ سے ٹکرائی ان کو نقصان ہوا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).