عمران خان کی تقریر نے پرویزخٹک کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات پر پانی پھیر دیا: حامد میر


حامد میر نے کہا ہے کہ عمران خان کی تقریر سے پہلے پرویز خٹک کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی کوشش کامیاب ہوتی نظر آرہی تھی لیکن عمران خان کی تقریر کے بعد یہ ختم ہوگئی ہے ۔

حامد میر نے کہا کہ مجھے پرسوں رات پرویز خٹک نے بلا کر بتایا تھا کہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بھی ان کے ساتھ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مذاکرات کے لئے جائیں گے لیکن جب پرویز خٹک نے مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا تو کوئی مثبت جواب نہ ملا جس پر کہا گیا کہ چلیں ملاقا ت ہی کر لیں۔ اس بات پر غور ہو رہا تھا کہ وزیر اعظم نے جمعرات کو اپنی تقریر میں جے یو آئی کے بارے میں باتیں کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ اب میری مولانافضل الرحمان سمیت کئی اور لوگوں سے بات ہوئی ہے تو وہ کہہ رہے ہیں کہ اب تو اخلاقی طور پر بھی بات نہیں ہو سکتی ۔

حامد میر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی تقریر سے پہلے پرویز خٹک کی کوشش کامیاب ہوتی نظر آرہی تھی لیکن عمران خان کی تقریر کے بعد یہ ختم ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو پتہ تھا کہ مولانا فضل الرحمان مذاکرات نہیں کریں گے اور اب جب ان کی طرف سے یہ بات کی گئی ہے تو حکومت یہی کہے گی کہ ہم آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔

حامد میر نے کہا کہ شیخ رشید کے بیانات سے مولانا فضل الرحمان کے بیانات میں سختی آنا شروع ہو گئی تھی۔ دراصل شیخ رشید نے اس عمل کو سبوتاژ کیا ہے اور سرکاری راز داری کے اصولوں کی خلاف ورزی بھی کی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).