لیڈی گاگا: ہم ٹائیٹینک فلم کے جیک اور روز کی طرح ہیں


لیڈی گاگا

جیک جیسے ہی سٹیج پر آئے تو لیڈی گاگا نے چھلانگ لگا کر ان کی بانہوں میں سمانے کی کوشش کی

مشہور امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا امریکی ریاست لاس ویگاس میں اپنی ایک پرفارمنس کے دوران سٹیج سے سر کے بل گِر گئیں۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب لیڈی گاگا نے حاضرین میں جیک نامی اپنے ایک مداح کو سٹیج پر آنے کی دعوت دی۔ جیک جیسے ہی سٹیج پر آئے تو لیڈی گاگا نے چھلانگ لگا کر ان کی بانہوں میں سمانے کی کوشش کی۔

جیک اس دوران اپنا توازن برقرار نہ رکھ پائے اور دونوں سٹیج سے فرش پر آ گرے۔

کنسرٹ میں موجود ایک شخص نے ریڈاٹ پر لکھا کہ ‘ہم نے سوچا کہ وہ (لیڈی گاگا) مر چکی ہیں۔’

یہ بھی پڑھیے

لیڈی گاگا کے ’انتہائی سبق آموز الفاظ‘

لیڈی گاگا ہسپتال میں، موسیقی کا پروگرام منسوخ

ٹرمپ کا ’پرامن‘ اور ’ذہین‘ جواب دینا ہوگا: لیڈی گاگا

مگر اس کے باوجود گاگا جیک کے ہمراہ سٹیج پر واپس آئیں اور ‘ملین ریزنز’ نامی اپنے گانے سے سامعین کو لطف اندوز کیا۔

بعدازاں لیڈی گاگا نے کہا کہ ‘یہ حیران کن ہے۔ ہم ایک دوسرے سے اتنا پیار کرتے ہیں کہ ہم سٹیج سے ہی گر گئے۔’

‘ہم ایک دوسرے کی بانہوں میں گِرے۔ ہم ٹائیٹینک فلم کے جیک اور روز کی طرح ہیں۔’

‘میرے خیال میں اس کے بعد ہمیں چائے پینی چاہیے۔’

https://twitter.com/ThePopHub/status/1185056811126317056?s=20

اس واقعے کے بعد گاگا کے مداح ان کی صحت کے حوالے سے اندیشوں کا شکار ہو گئے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ لیڈی گاگا ‘فایبرومیلجیا’ نامی بیماری کا شکار ہیں۔ یہ جوڑوں کے درد (جیسا کہ آرتھرائٹس) جیسی ایک بیماری ہے۔

سنہ 2013 میں کولہے میں ہونے والے فریکچر کے بعد انھیں ‘بورن دِس وے’ نامی اپنا ٹوور منسوخ کرنا پڑا تھا۔

تاہم جمعرات کو سٹیج سے گرنے کے واقعے کو انھوں نے یہ کہتے ہوئے زیادہ سیریس نہیں لیا کہ ان کے سامعین نے سکیورٹی گارڈ کا کردار ادا کرتے ہوئے اپنے پیروں پر کھڑے ہونے میں ان کی مدد کی۔

انھوں نے کہا ‘سب ٹھیک ہے۔ جو چیز ٹھیک نہیں ہے وہ یہ ہے کہ ہمیں سٹیج کے ساتھ سیٹرھیوں کی ضرورت ہے تاکہ میں واپس سٹیج پر جا سکوں۔’

گاگا

سنہ 2013 میں کولہے میں ہونے والے فریکچر کے بعد انھیں ‘بورن دِس وے’ نامی اپنا ٹوور منسوخ کرنا پڑا تھا

گلوکارہ نے جیک کو تسلی بھی دی جو اس واقعہ کے بعد رونے لگے تھے۔

انھوں نے جیک کو کہا کہ ‘پریشان مت ہوں، سب ٹھیک ہے۔ یہ آپ کی غلطی نہیں ہے۔ کیا آپ مجھ سے ایک وعدہ کر سکتے ہیں؟ کیا جو کچھ ابھی ہوا ہے اس کے لیے آپ اپنے آپ کو معاف کر سکتے ہیں؟’

اس کے بعد وہ جیک کو واپس سٹیج پر لائیں اور انٹرنیٹ صارفین سے کہا وہ ان سے اچھا سلوک کریں۔

جب تک لیڈی گاگا نے جیک کو تسلی نہیں دی وہ اس وقت تک روتے رہے۔

بعد میں کنسرٹ کے دوران گاگا نے اپنے گانے ‘بیڈ رومانس’ پر ایتھلیٹس کی طرح پرفارم کر کے یہ واضح کیا کہ گرنے کے باعث انھیں کوئی جسمانی نقصان نہیں پہنچا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp