بالی وڈ: شاہ رخ اور عامر خان انڈین وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ کیوں؟


انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے سنیچر کے روز دہلی میں شاہ رخ خان، عامر خان اور کنگنا رناوت سمیت سینما اور فن کے شعبے سے منسلک مشاہیر سے ملاقات کی۔

اور ان سے مہاتما گاندھی کے خیالات پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعظم مودی نے ان مشہور شخصیات سے اپیل کی کہ وہ سنیما کے ذریعہ مہاتما گاندھی کے نظریات اور اقدار کو فروغ دیں تاکہ نوجوان گاندھی کے نظریات سے ہم آہنگ ہو سکیں۔

نریندر مودی نے کہا ’ہماری فلمیں، موسیقی اور رقص لوگوں اور معاشروں کو جوڑنے کا ایک بہت اچھا ذریعہ بن چکے ہیں۔‘

یہ بھی پڑھیے

انڈین سیاست میں بالی وڈ کا بڑھتا ہوا کردار

اب بالی وڈ سے مودی کیا چاہتے ہیں؟

’کیا شاہ رخ اور عامر کو پاکستان کا ٹکٹ کٹوانا ہے؟‘

بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان، عامر خان، کنگنا رناوت، جیکلین فرنینڈس، ہدایتکار امتیاز علی، ایکتا کپور، انوراگ باسو، بونی کپور اور دیگر معروف شخصیات اس تقریب میں موجود تھے، جو مہاتما گاندھی کی ولادت کے 150 برس پورے ہونے پر رکھی گئی تھی۔

اداکار عامر خان کا مودی سے ملاقات کے بعد کہنا تھا ’یہ وزیر اعظم مودی کے ساتھ ایک شاندار ملاقات تھی۔ ان کے خیالات سن کر اچھا لگا۔ وہ بہت متاثر کن ہیں۔‘

اداکارہ کنگنا رناوت نے کہا ’میرے خیال میں، یہ پہلی حکومت ہے اور شاید پہلے وزیر اعظم ہیں جو فن اور فنکاروں کو اتنا سمجھتے ہیں۔ میرے خیال میں اس سے پہلے کسی نے بھی فلم انڈسٹری کا اتنا احترام نہیں کیا ہو گا۔ اور نہ ہی اس سے پہلے ملک میں کسی نے فنکاروں کی سافٹ پاور کو پہچانا۔ اس کے لیے میں اپنی اور پوری صنعت کی جانب سے وزیر اعظم کی شکر گزار ہوں۔‘

https://twitter.com/narendramodi/status/1185588337521725445

جبکہ ایکتا کپور نے کہا کہ پہلی بار انھیں محسوس ہوا کہ کوئی ان کی صنعت کو ان سے زیادہ جانتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا ’یہ محسوس ہوا کہ ہماری طاقت کو کوئی جانتا ہے اور ہمیں معاشرے کے لیے کچھ کرنے کی ترغیب دے رہا ہے۔‘

فلمساز بونی کپور نے کہا ’آج فلم انڈسٹری کے لیے ایک بہت ہی اچھا دن ہے۔ بی جے پی کے آنے اور خاص طور پر نریندر مودی کی آمد سے فلم انڈسٹری کو جو فائدہ ہوا اسے چند الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ میں سمجھتا ہوں کہ واجپائی جی کے بعد سے یہ حکومت فلمی صنعت کی ہمدرد رہی ہے۔ واجپائی جی نے اسے ایک صنعت کے طور پر تسلیم کیا اور جب سے مودی جی وزیر اعظم بنے ہیں انھوں نے کوشش کی ہے کہ ہمارے مسائل کو فوری سلجھایا جائے۔‘

انڈین صحافی سواتی چترویدی نے وزیرِ اعظم مودی، شاہ رخ خان اور عامر خان کی تصویر پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’خانوں کو سدھایا جا رہا ہے۔‘

https://twitter.com/bainjal/status/1185743719892312064

ہدایتکار انوراگ باسو نے کہا ’جب ہم فلم بناتے ہیں تو بار بار یہ خیال سر ابھارتا ہے کہ اس کا مقصد کیا ہے۔ تفریح تو مقصد ہے ہی لیکن فلم بنانے والے کا ہمیشہ یہ سوال رہتا ہے۔ آج ایک مقصد مل گیا ہے، ایک راستہ مل گیا ہے، کچھ سمت مل گئی ہے، جس کی ہم سب تخلیقی لوگوں کو ضرورت ہے۔‘

https://twitter.com/PMOIndia/status/1185560247022342145

تاہم ایک صارف نے لکھا ’پہلے تو مجھے لگا کہ یہ تصاویر جعلی ہیں پھر دوسرا خیال یہ آیا کہ شاید معیشت کی حالت اتنی خراب ہے کہ وہ گلیمر کی مدد سے خوش رہنا چاہتے ہیں۔‘

https://twitter.com/OzaNandini/status/1185803493212213248

دوسری جانب ایک صارف نے طنز کرتے ہوئے لکھا ’دیکھو ماں، مجھ میں جرات نہیں ہے۔‘

https://twitter.com/photowallah/status/1185620979000791040

ہدایتکار امتیاز علی نے کہا ’گاندھی جی پر فلمیں بنانے کا خیال فلم انڈسٹری کے لیے بہت اچھی چیز ہے کیونکہ ہمارے لیے یہ موقع ہو گا کہ لوگ ایک بار پھر ان کے خیالات کو دیکھ سکیں۔ اکثر ہم گاندھی گاندھی بولتے ہیں لیکن ہمیں کبھی بھی ان کی باتوں تک رسائی حاصل نہیں ہوتی۔ یہ اچھا وقت ہے جب ہم گاندھی کے پاس واپس جا سکتے ہیں۔ اس سے تبدیلی آئے گی۔‘

https://twitter.com/PMOIndia/status/1185556206548672512

اس ملاقات کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے فلمی شخصیات سے اپیل کی کہ وہ ڈانڈی میں واقع گاندھی میوزیم کا دورہ کریں۔ وزیر اعظم مودی نے کہا ’آپ لوگوں کو بھی سٹیچو آف یونٹی دیکھنے جانا چاہیے، جہاں ملک اور دنیا کے لوگ آرہے ہیں۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32295 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp