جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس: صدارتی ریفرنس سے متعلق درخواستوں کی سماعت کرنے والا بینچ تحلیل


سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس ختم کرنے سے متعلق درخواستوں کی سماعت کرنے والا 10 رکنی بینچ ایک بار پھر تحلیل کر دیا گیا ہے۔

نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق ان درخواستوں کی سماعت کرنے والے بینچ کے سربراہ جسٹس عمر عطا بندیال نے یہ اعلان پیر کے روز ان درخواستوں کی سماعت کے دوران کیا۔

اُنھوں نے کہا کہ اس بینچ کے رکن جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے اس بینچ میں شولیت سے معذوری ظاہر کی ہے۔

درخواست گزار جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے وکیل منیر اے ملک کا کہنا تھا کہ ان درخواستوں کی سماعت کے لیے فل کورٹ بینچ ہی تشکیل دیا جائے جس پر بینچ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ نئے بینچ کی تشکیل کا اختیار چیف جسٹس کے پاس ہے۔

یہ دوسری مرتبہ ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس ختم کرنے سے متعلق دائر درخواستوں کی سماعت کرنے والا بینچ تحلیل کیا گیا ہے۔

اس سے پہلے چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ان درخواستوں کی سماعت کے لیے سات رکنی بینچ تشکیل دیا تھا تاہم درخواست گزار جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور دیگر درخواست گزاروں نے اس سات رکنی بینچ میں شامل دو جج صاحبان جسٹس طارق مسعود اور جسٹس اعجاز الاحسن پر اعتراضات اُٹھائے گئے تھے جس کے بعد یہ بینچ تحلیل کر دیا گیا تھا۔

منیر اے ملک کا کہنا تھا کہ جب اس بینچ پر کسی نے اعتراض نہیں کیا تو پھر اس کو تحلیل کیوں کیا گیا۔ اُنھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فل کورٹ بینچ کا فیصلہ موجود ہے کہ وہی بینچ درخواستوں کی سماعت کرے گا جس نے ان درخواستوں کی سماعت کا آغاز کیا تھا۔

پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین امجد شاہ کا کہنا ہے کہ اس بینچ کو بغیر کوئی وجہ بتائے تحلیل کیا گیا ہے اور اگر کوئی نیا بینچ تشکیل دیا گیا تو پاکستان بار کونسل کو اس پر اعتراض ہوگا۔

اُنھوں نے کہا کہ اس بینچ میں شامل جج صاحبان نے ان درخواستوں کی تین سماعتیں کی ہیں اور سپریم کورٹ کا حکم بھی ہے کہ اگر ایک بینچ میں شامل ججز نے کچھ سماعتیں کی ہیں تو وہی بینچ درحواستوں کی سماعت بھی کرے۔

اُنھوں نے کہا کہ اگر ایک جج نہیں ہے تو اس کا انتظار کیا جاسکتا ہے، جلدی کس بات کی ہے؟

وکیل رہنما علی احمد کرد کا کہنا تھا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ’کسی‘ کی ریٹائرمنٹ سے پہلے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس کا فیصلہ سنایا جانا ضروری سمجھا جا رہا ہے۔

بینچ کے سربراہ نے یہ معاملہ چیف جسٹس کو بھجوا دیا ہے اور ان درخواستوں کی سماعت کے لیے نیا بینچ تشکیل دیا جائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32297 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp