شوبز ڈائری: بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کا موڈ کیا، سلمان خان کی ’رادھے‘ اور عامر خان کا ’لال سنگھ چڈھا‘ کون ہے؟


کنگنا

آج کل بالی وڈ میں بائیو پِکس کا دور ہے ہر دوسرا فلسماز بڑی اور اہم شخصیات کی بائیو پِکس بنانے کی دوڑ میں لگا ہوا ہے۔ اب اداکارہ کنگنا رناوت بھی بائیو پک بنانے کی موڈ میں ہیں۔

لیکن وہ کسی اور کی نہیں بلکہ خود اپنی ہی زندگی پر فلم بنانے کی بات کر رہی ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ ان کی زندگی کی کہانی وہ خود نہیں بیان کریں گی بلکہ ان کی بہن رنگولی زیادہ بہتر انداز میں کنگنا کی آب بیتی بتا پائیں گی۔

کنگنا کی بائیو پک کافی عرصے سے پائپ لائن میں ہے لیکن دیگر پراجیکٹس کے سبب اسے ملتوی کیا جاتا رہا ہے۔ کنگنا کا کہنا ہے کہ وہ اگر خود ہی اپنی کہانی بتائیں گی تو شاید وہ اس کے ساتھ انصاف نہ کر پائیں۔ کنگنا کا کہنا تھا کہ انھوں نے اپنی زندگی میں جو کچھ سہا ہے یا وہ جس جدوجہد اور تکالیف سے گذری ہیں اسے کسی دوسرے کی زبانی بیان کرنا ہی درست ہو گا۔

کنگنا کہتی ہیں کہ خود ان کی بہن رنگولی کی ایک الگ کہانی ہے جو تیزاب حملے کا شکار ہوچکی ہیں۔

اس لیے ’ہم دونوں بہنوں کو ایک دوسرے سے طاقت ملتی ہے اور ایک دوسرے کا درد اچھی طرح سمجھ سکتے ہیں۔‘

کنگنا کی بائیو پکس میں ان کے ساتھ ساتھ کن لوگوں کا ذکر شامل ہو گا اور کس روپ میں یہ کسی سے چُھپا نہیں مطلب یہ کہ بائیو پک آنے تک خبروں اور افواہوں کا بازار گرم رہے گا۔

یہ بھی پڑھیے

رنبیر کو ’صرف تولیے میں‘ کون دیکھنا چاہتا ہے؟

رنویر سنگھ کے لیے ایوارڈ بھی اور مومی مجسمہ بھی

’یہ سوال آپ کبھی عامر خان سے پوچھیں گے؟‘

فلم فیئر ایوارڈ میں راضی اور پدماوت کی دھوم

سلمان خان

سلمان خان عید پر کیا گل کھلائیں گے؟

انڈین فلمساز سنجے لیلی بھنسالی کے ساتھ فلم انشاللہ کا سلسلہ ختم ہونے کے بعد سے بالی وڈ سپر سٹار سلمان خان کو اپنی اگلی عید ریلیز کی شدت سے تلاش تھی۔ جو انھیں مل گئی ہے، اس فلم کا نام ’رادھے‘ ہے۔

سلمان خان نے اپنی اسی فلم کے اعلان ٹوئٹر پرکرتے ہوئے لکھا ’یو آر موسٹ وانٹیڈ بھائی۔‘

اس سے قبل سلمان خان ’کک ٹو‘ کے ساتھ اگلی عید پر آنا چاہتے تھے اور ٹوئٹر پر اس بات کا اشارہ بھی دے چکے تھے لیکن فلم کِک بنانے والے فلسماز ساجد ناڈیاڈ والا نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اتنی جلدی فلم تیار نہیں کر سکتے۔

سلمان خان کی جانب سے عید پر ریلیز کی جانے والی فلم کا اعلان ہوتے ہی لوگوں نے قیاس کرنا شروع کر دیا ہے کہ یہ فلم ’تیرے نام‘ یا فلم ’وانٹیڈ‘ کا سیکوئل ہے۔

لیکن فلم ’دبنگ تھری‘ کے ٹریلر لانچ کے موقع پر سلمان خان نے واضح کیا کہ یہ ان دونوں میں سے کسی بھی فلم کا سیکوئل نہیں ہے۔ سلمان خان کا کہنا تھا کہ یہ فلم ان سب سے بڑھ کر ہوگی۔

سلمان کی اس فلم کی ہدایت کاری بھی بربھو دیوا ہی کریں گے جنھوں نے فلم ’وانٹیڈ‘ اور ’دبنگ تھری‘ بنائی ہے۔ یہ فلم 2020 میں عید کے موقع پر ریلیز ہو گی۔

فلم کی کہانی کیا ہے اس کے باقی کردار کون ہوں گے اس بارے میں ابھی کچھ واضح نہیں۔ مگر دیکھتے ہیں کہ سلمان اگلی عید پر کیا گل کِھلائیں گے۔

عامر خان اور لال سنگھ چڈھا

عامر خان

بالی وڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ 1994 کے امریکی کامیڈی ڈرامے کا دیسی ورژن ہے یعنی اسے انڈیا کے تناظر میں بنایا جائے گا۔

ٹام ہنکس کے اس کلاسِک میں فلم کے مرکزی کردار کی آنکھوں سے امریکی تاریخ کا جائزہ لیا گیا تھا جبکہ عامر خان فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ میں سردار جی کے کردار میں ملک کے تاریخی واقعات پر نظر ڈالیں گے جس کی شروعات تقسمِ ہند سے ہوگی۔

رپورٹس کے مطابق فلم انڈین تاریخ کے حساس ادوار سے گزرے گی جن میں پنجاب میں ہونے والے آپریشن بلیو سٹار سے لے کر بابری مسجد کو گرائے جانے تک کے واقعات کا احاطہ کیا جائے گا۔

یہاں سوال یہ ہے کہ کیا اس فلم میں ہندوستان کی تاریخ کے تمام تاریک پہلوؤں کو بھی ایمانداری کے ساتھ شامل کیا جائے گا۔

اس فلم کے ساتھ عامر خان کا نام وابستہ ہے اور فلم کی ٹیم میں شامل لوگوں کا کہنا ہے کہ عامر اور فلم کے پروڈیوسرز نے مشاورت کے لیے ملک کے ممتاز تاریخ دانوں کو مدعو کیا ہے تاکہ حقائق کو درست انداز میں پیش کیا جائے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32505 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp