اصلی شیر سے چھیڑ چھاڑ۔۔۔ بکرا نہیں، کالی بھیڑ ہی چاہیئے


شیر نے ڈرتے ڈرتے اصلی شیر کی دم پر پاؤں رکھا اور چیک کیا۔ ٹیسٹ پاس ہو گیا۔ اصلی شیر برداشت کر گیا۔ شیر کی اس جرات پر اصلی شیر کو تھوڑا تعجب تو ہوا، چونکہ وہ اس کا عادی نہیں تھا مگر کچھ زیادہ کہا نہیں۔ بس آنکھیں دکھائیں۔ اس سے پہلے کہ وہیں اصلی شیر کا چنگھاڑ والا منہ بنتا، شیر نے عقل مندی دکھائی۔ جنگل کی بربادی کا خود کو بھی برابری کا ذمہ دار ٹھہرایا اور جنگل کو مزید بربادی سے بچانے کا واسطہ بھی دیا۔ اصلی شیر مان گیا۔ حتیٰ کہ جنگل میں لگی دہائیوں پرانی آگ کو بجھانے پر بھی اتفاق ہو گیا۔

اصلی شیر کا اتنی جلدی مان جانا اور جنگل کی بربادی کو روکنے پر تیار ہو جانا بنتا بھی تھا۔ کیونکہ ایک تو جنگل کو کچھ ایسے بنیادی خطرات لاحق ہو گئے ہیں کہ انہیں جھٹلانا ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔ اور دوسرا اصلی شیر کو یہ بھی پتا ہے کہ سارے جنگلوں کے جانور ایک ہی جانب اشارہ کر رہے ہیں۔ ساری دنیا سے الگ تھلگ رہنا ممکن نہ ہو گا۔ ہر چیز کی ایک حد ہوتی اور وہ حد شاید آ گئی ہے یا پھر بہت قریب ہے۔

شیر کے لئے دن بڑا اچھا تھا۔ اصلی شیر کی دم پر رکھنے کے باوجود شیر کا پاؤں ابھی سلامت تھا۔ یہی نہیں سر بھی سلامت تھا۔ شیر مسکرایا اور تھوڑا ہنسا بھی۔ اسے اتنی فکر نہیں تھی کیونکہ اس کے خیال میں اصلی شیر بوڑھا ہو چکا تھا اور عنقریب جنگل میں نئے بادشاہ کی چنوتی کا عمل مکمل ہونے کو تھا۔ ویسے بھی پچھلے کافی عرصے سے چونکہ چھوٹی موٹی ڈانٹ ڈپٹ سے ہی کام چل رہا تھا اس لئے اصلی شیر نے چنگھاڑنا چھوڑا ہوا تھا۔ اس سے شیر کا حوصلہ کافی بلند ہو گیا تھا۔

شیر نے سوچا اتنا بڑا کام کیا ہے۔ اصلی شیر کی دم پر پاؤں رکھا ہے اور یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے۔ یہ تو اورنج ٹرین کے بعد سب سے بڑا منصوبہ لگتا ہے اور کامیاب بھی اتنا ہی رہا ہے۔ جب اورنج ٹرین کو اتنا چمکایا ہے تو لگے ہاتھوں اس منصوبے کی بھی منادی کرا دی جائے۔ منادی سب کو پسند ہے۔ اصلی شیر کو بھی کافی بھاتی ہے مگر اپنی مرضی کی۔ یہ منادی تو کچھ زیادہ ہی پھیل گئی۔ اپنے جنگل سے دور صحراؤں، دوسرے جنگلات حتیٰ کے شہروں تک پھیل گئی۔ اصلی شیر کو یہ پسند نہ تھا۔ حالات اتنے بھی خراب نہیں ہوئے کہ اپنی انا کو جنگل پر قربان کر دیا جائے۔ اس نے بے عزتی محسوس کر لی۔ جنگل کو بہت خطرات لاحق ہوں گے اور بچانا ضروری بھی ہو گا مگر لوگ کیا کہیں گے کہ اصلی شیر ہار مان گیا ہے۔ یہ قیمت بہت زیادہ ہے جنگل کو بچانے کی۔ اور پھر اصلی شیر کا خیال ہے کہ یہ قیمت غیر ضروری تھی۔ یہ قیمت ادا کئے بغیر بھی جنگل کو بچانے کا اصل کام کیا جا سکتا تھا۔

اصلی شیر کافی عرصے سے چنگھاڑا نہیں تھا لیکن چنگھاڑنا بھولا بھی نہیں تھا۔ اصلی شیرکے چنگھاڑنے سے شیر حسب معمول ڈر گیا۔ اس نے فوراً اصلی شیر کو بکری پیش کر دی۔ اصلی شیر بکری پر راضی نہیں ہے۔ اسے تو کالی بھیڑ ہی چاہیئے۔

اصلی شیر نے کہہ دیا ہے کہ اب بکری یا کمیٹی یا کمیشن بنانے سے کام نہیں چلے گا۔اس کا کفارہ صرف اصلی کالی بھیڑ سے ہی چکایا جا سکتا ہے۔ ویسے شیر کو چاہیئے کہ زیادہ دیر نہ کرے۔ یہ عام جانوروں کا معاملہ نہیں کہ بس کمیٹی یا کمیشن بنا دو اور کسی نتیجے یا رپورٹ تک کی بھی ضرورت ہی نہیں پڑے گی۔ یہاں تو اصلی شیر کی ساکھ متاثرہوئی ہے۔ اصلی شیر کی ڈیمانڈ کوئی اتنی مشکل بھی نہیں ہے۔ جو انہوں نے مانگا ہے وہ تو آپ کے پاس وافر مقدار میں میسر ہیں۔ آپ کی کچھار تو کالی بھیڑوں سے بھری پڑی ہے۔ کوئی بھی قربان کر دیں باقی ماندہ کالی بھیڑیں آپ کو اپنی بہن کی کمی محسوس نہیں ہونے دیں گی اور بربادیوں کا یہ سفر جاری رہے گا۔ بس اصلی شیر کی انا کو کوئی نقصان نہیں ہونا چاہیئے۔

13.10.2016

سلیم ملک

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

سلیم ملک

سلیم ملک پاکستان میں شخصی آزادی کے راج کا خواب دیکھتا ہے۔ انوکھا لاڈلا کھیلن کو مانگے چاند۔

salim-malik has 355 posts and counting.See all posts by salim-malik

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments