کراچی بینالے: فریئر ہال میں نقیب اللہ محسود کی ہلاکت کی عکاسی کرنے والے فن پاروں کی نمائش بند کروانے کی کوشش


آرٹ

Adeela Suleman

پاکستان میں ماورائے عدالت قتل کے موضوع پر فن پاروں کی ایک نمائش کو ’سادہ کپڑوں میں ملبوس‘ کچھ افراد نے یہ کہہ کر بند کروانے کی کوشش کی ہے کہ ’انھیں یہ کام پسند نہیں آیا۔‘

اتوار کو ’کلنگ فیلڈز آف کراچی‘ کے نام سے ان فن پاروں کی نمائش کراچی کے فریئر ہال میں ’کراچی بینالے‘ کے تحت منعقد ہونے والی کی تقریب میں ہوئی تھی۔

یہاں عدیلہ سیلمان کی جانب سے نقیب اللہ محسود کے والد پر منبی ویڈیو انسٹالیشن اور 444 قبروں کے پلر بنائے گئے ہیں جن پر لوہے کے مرجھائے ہوئے پھول رکھے گئے ہیں۔

https://twitter.com/nidkirm/status/1188381668530372610

اس ’کلنگ فیلڈ‘ یا قبروں کے ذریعے آرٹسٹ عدیلہ کے مطابق انھوں نےکراچی میں 444 افراد مبینہ مقابلوں میں ہلاک ہونے کے دعوے کو دکھایا ہے۔

ہال کے اندر ایک فلم کے علاوہ باہر علامتی قبریں موجود ہیں جن میں ایک پر محمد علی جناح کی تصویر بھی موجود ہے۔ عدیلہ کے مطابق جس فارم میں نقیب کو ہلاک کیا گیا اس میں یہ تصویر موجود تھی اور انھوں نے اس کی عکاسی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

لاہور میں یہ ’شیطانی‘ مجسمہ کیا کر رہا ہے؟

چھ روپے کی پنسل سے گنیز ورلڈ ریکارڈ

کشمیر میں ’مزاحمتی آرٹ‘ کی سنسرشپ

جب بی بی سی نے ڈی آئی جی پولیس شرجیل کھرل سے رابطہ کیا تو انھوں نے اس واقعے کے حوالے سے لاعلمی کا ظاہر کیا۔ دوسری طرف آرٹسٹ عدیلہ کا کہنا ہے کہ فی الحال انھوں نے اس کے ردعمل میں پولیس سے رابطہ نہیں کیا۔

آرٹ

آرٹ

عدیلہ سلیمان کے مطابق ویڈیو انسٹالیشن میں انھوں نے ایسے جذبات کو اجاگر کیا ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ نقیب اللہ محسود کے والد سمندر کی طرف دیکھ رہے ہیں اور خاموش ہیں۔ ’میں نے وہ فارم ہاؤس دکھایا ہے جس میں نقیب اللہ کو ہلاک کیا گیا تھا اور دوسری جانب شہر کی عام زندگی دکھائی ہے۔‘

آرٹسٹ عدیلہ کہتی ہیں کہ اس فن پارے سے متعلق ان کی ساری تحقیق صحافیوں کر رپورٹس پر مبنی ہے۔

آرٹ

’نمائش بند کریں‘

عدیلہ سلیمان نے بی بی سی کو بتایا کہ اتوار کی صبح دس بجے جیسے ہی نمائش کا آغاز ہوا تو سادہ لباس میں ملبوس کچھ لوگ آئے اور کہنے لگے کہ ’ہم انٹیلیجنس ادارے سے ہیں۔‘

انھوں نے بتایا کہ ’ان لوگوں نے ادارے کا نام نہیں بتایا اور کہا کہ یہ نمائش بند کریں۔‘

جب عدیلہ نے ان سے پوچھا کہ نمائش کو ’کیوں بند کریں؟‘ تو جواب میں ’انھوں نے فون پر ایک نمبر ملایا اور کہا کہ ہمارے صاحب سے بات کریں۔ لیکن ان ’صاحب‘ نے بات نہیں کی، جس کے بعد ہال انتظامیہ پر دباؤ ڈال کر ہال بند کروا دیا گیا۔‘

آرٹ

وہ کہتی ہیں کہ ’اب باہر موجود علامتی قبروں کے فن پاروں کو بھی ہٹانے کے لیے کہا جا رہا ہے۔‘

تقریب کے ایڈمنسٹریٹر محمد سلیم کا کہنا ہے کہ وہ تاخیر سے آئے اور ان کے ماتحت نے انھیں بتایا کہ ’کچھ لوگ آئے تھے۔ انھیں یہ کام پسند نہیں آیا تھا۔ انھوں نے بند کروا دیا جبکہ باقی نمائش جاری ہے۔‘

عدیلہ نے بتایا کہ قبروں کے فن پاروں کو بند کرنے کا کہا گیا تھا لیکن عوام فی الحال انھیں آکر دیکھ سکتے ہیں۔

فن پاروں کی خالق نے بتایا کہ ان کا موضوع معاشرے میں موجود ’پرتشدد رجحان ہے۔ جب تک معاشرہ اس سے نجات حاصل نہیں کرے گا ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔‘

وہ کہتی ہیں کہ یہ آرٹ نقیب اللہ کی زندگی پر مبنی ہے اور اس میں ایسا کچھ نہیں تھا جو عام لوگوں کو نہ معلوم ہو۔

کراچی میں سب سے پہلے 2017 سے بینالے کے نام سے اس تقریب کا آغاز کیا گیا تھا۔ رواں سال یہ دوسرا بینالے ہے، جس میں منتظمین کے مطابق 16 ممالک کے آرٹسٹ اپنے فن پاروں کی نمائش کر رہے ہیں۔

کراچی زولاجیکل گارڈن اور فریئر ہال سمیت سات مقامات پر ان آرٹسٹوں کے فن پاروں کی نمائش کی جاری ہے۔

یاد رہے کہ جنوری 2018 میںنقیب اللہ محسود کو سابق ایس ایس پی راؤ انوار نے ایک پولیس مقابلے میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا اور ان کا تعلق شدت پسند تنظیم سے ظاہر کیا تھا۔

لواحقین نے ان کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ وہ ایک ماڈل اور عام نوجوان تھے۔ اس موقف نے فروغ حاصل کیا اور کراچی میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا جس کے بعد پولیس کی اعلیٰ سطح کی کمیٹی نے تحقیقات میں راؤ انوار کے موقف کو مسترد کیا تھا اور ان کی گرفتاری کی سفارش کی تھی۔

پشتون تحفظ موومنٹ سمیت متعدد جماعتوں نے اس ہلاکت کے خلاف آواز اٹھائی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp