جے یو آئی نے حکومت کے ساتھ معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کر دیا


جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا عطاءالرحمان نے کہا ہےکہ حکومت نےحافظ حمد اللہ کی شہریت منسوخ اور مفتی کفایت اللہ کو گرفتار کرکے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے، اس لئے ہم نے حکومت کے ساتھ معاہدہ ختم کر دیا ہے- اب ہم ریڈ زون میں داخل نہ ہونے کے پابند نہیں رہے۔

مولانا عطا ءالرحمان نے کہا کہ ہمارا معاہدہ انتظامیہ کے ساتھ ہوا ہے لیکن حکومت نے اس معاہدے کے بعد خلاف ورزی کی ہے۔ ہمارے سابق سینیٹر حمد اللہ کی شہریت منسوخ کی ہے۔ مفتی کفایت اللہ سمیت ہمارے لوگوں کو گرفتار کیا گیا تو پھر ہم نے اس معاہدے کوختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کہہ چکے ہیں کہ یہ بتایا جائے کہ شوکت عزیز اور معین قریشی کہاں کے رہنے والے تھے؟ انہوں نے کہا کہ 31اکتوبر کو جب یہ طوفان اسلام آباد میں داخل ہوگا تو نہ یہ حکومت ہوگی اور نہ اس کے لوگ نظر آئیں گے۔  انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک دفعہ اعلان کردیا ہے کہ معاہدہ ختم ہے کیونکہ حکومت نے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے، اس لئے ہم اب ریڈ زون میں داخل نہ ہونے کے پابند نہیں رہے اورنہ ہی حکومت پابند ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اسلام آباد آ کر اگلے پلان کا اعلان کریں گے اور مجھے یہ پکا یقین ہے کہ جب آزادی مارچ اسلام آباد میں داخل ہوگا تو یہ حکومت نہیں رہے گی۔  مولانا عطاءالرحمان کا کہنا تھا کہ 31 تاریخ کو انسانوں کا ایک سمندر نکلے گا تو یہ حکومت تو کیا بڑی بڑی حکومتیں بھی انسانی سیلاب کا مقابلہ نہیں کرسکیں تو یہ کیا مقابلہ کرسکیں گے؟

انہوں نے کہا کہ جب تحریک انصاف دھرنا دے رہی تھی تواس کا احتجاج اور دھرنا جائز تھا؟ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت جعلی ہے، جعلی الیکشن ہوئے ہیں اور اس کے نتیجے میں یہ جعلی حکومت بنائی گئی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).