سی پیک: اقتصادی راہداری پر ترقی کا انجن


شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس ہونے والا تھا۔ اجلاس کے سلسلے میں چین جو تیاریاں ہورہی ہوں، اپنی جگہ، پاکستان میں بھی جوش و خروش غیر معمولی تھا کیونکہ خطے کے اس غیر معمولی اتحاد میں رکن کی حیثیت سے پاکستان کی مکمل شمولیت کے بعد یہ پہلا اجلاس تھاجس میں پاکستان کی نمائندگی صدر مملکت ممنون حسین کو کرنی تھی۔ ان ہی تیاریوں کے سلسلے میں چین سے صحافیوں کا ایک وفد پاکستان پہنچا تو چین کے سفیر عزت ماب یؤ جنگ (Yao Jing) اسے خود اپنے ساتھ لے کر ایوانِ صد رپہنچے۔ یاؤ جنگ سے یہ میری پہلی ملاقات ہرگز نہیں تھی لیکن غیر معمولی ضرور تھی کیونکہ صدر مملکت کے ملاقات کے کمرے میں آنے سے پہلے تادیر ان سے گپ شپ رہی۔ انھیں معلوم ہوا کہ پاکستانی وفد میں ؛ میں بھی شامل ہوں تو وہ کچھ اور کھل گئے۔ یہ کانفرنس چین کے ساحلی شہر چنگ ڈاؤ (Qingdao)میں ہونے والی تھی۔ وہ سفیروں جیسے سرد مہر روّیے کے تو پہلے بھی کچھ ایسے قائل نہ تھے لیکن پاک چین اقتصادی راہ داری کے بارے میں صدر مملکت کے پرجوش روّیے کے باعث وہ یہاں ویسے بھی بے تکلفی محسوس کیا کرتے تھے، اس روز وہ کچھ مزید بے تکلف ہوگئے اور انھوں نے پرجوش طریقے سے کہاکہYou will feel a difference in Qingdao my dear!

۔ یہ علاقہ چین کا جزو لاینفک ہے لیکن چونکہ جرمن نوآبادی رہا ہے، اس لیے چینی تہذیب کے آثار کے ساتھ ساتھ یہاں جرمن تہذیب کے مظاہر اور طرزتعمیرکے آثار بھی ملتے ہیں۔ یوں یہ شہر چینی جرمن تہذیب کے ایسے شاندار مظاہر پیش کرتا ہے کہ دیکھ کر طبیعت شاد ہوجاتی ہے۔ یہ شہر چنگ (Qing) کے خاندان سیکڑوں برس قدیم ورثے کا بھی امین ہے جس نے کم از کم تین سو برس اس خطے پر حکمرانی کی۔ چنگ تہذیب کے آثار نے بھی اس شہر کو ایک ایسی بزرگی عطا کردی ہے جسے دیکھ کر سیاح مبہوت ہوجاتے ہیں۔

سفیر محترم کا اشارہ اسی جانب تھا۔ جناب یاؤ جنگ(Mr۔ Yao Jing)کی ایسی ہی خوبیاں تھیں جن کی وجہ سے پاکستان میں ان کی تعیناتی کے فوراً ہی بعد یہ محسوس ہونے لگا تھا کہ ڈپلومیٹ برادری میں شامل ہونے والا یہ نسبتاً جواں سال سفیر اپنی کارکردگی کا ایک ایسا نقش ثبت کرنے میں کامیاب رہے گا جسے دیر تک یاد رکھا جاسکے گا۔

مجھے خوشی ہے کہ اب اس تاثر کی نہ صرف تصدیق ہورہی ہے بلکہ یہ شخص تو اندازوں سے بھی بڑھ کر متحرک اور درد مند ثابت ہورہا ہے۔ سبب اس کا یہ ہے کہ گزشتہ برس ڈیڑھ برس کا عرصہ ایسا گزرا ہے جس سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ پاک چین تعلقات، خاص طور پر پاک چین اقتصادی راہ داری جیسے منصوبے آزمائش کا شکار ہیں۔ ایسے اندازے لگاتے ہوئے بعض اوقات وہ بین الاقوامی عوامل بعض اوقات نگاہوں سے اوجھل کر دیے جاتے ہیں جو اِن آہنی بھائیوں کے روز افزوں تعلقات اور ان دونوں کے تعاون سے تشکیل پانے والے منصوبوں کے خلاف ہیں حالانکہ یہ منصوبے نہ صرف اس خطے کی ترقی و استحکام کے ضامن ہیں بلکہ پوری انسانیت ان سے مستفید ہوسکتی ہے۔

ان وجوہات کے باعث جب یہ منصوبے آزمائش کا شکار ہوئے تو مجھے خوشی ہے کہ اس مرحلے پر سفیر محترم نے ایک اولی العزم اور متحرک وژنری کی طرح معاملات کو سنبھالا جس کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہ داری کے منصوبے جن کے بارے میں خدشات پیدا ہورہے تھے کہ اب کہیں وہ تاریخ کا گم شدہ باب بن کر نہ رہ جائیں لیکن اس معاملے کا یہ بھی ایک خوش گور اور ناقابل فراموش پہلو ہے کہ ایسا نہیں ہوا بلکہ اس کے برعکس زیر تکمیل منصوبے مکمل ہوچکے ہیں۔ بجلی کی پیدا وار کے کئی نمنصوبوں سے پید وار شروع ہوچکی ہے جو شاہراہیں زیر تکمیل تھیں، ان کی تعمیر نہ صرف مکمل ہوچکی ہے بلکہ اب ان پر ٹریفک پوری آب و تاب سے رواں دوان ہے اور قومی معیشت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کررہی ہے۔

یہ اطلاع بھی بہت حوصلہ افزا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان گوادر فری زون رعائتی معاہدے کی نہ صرف توثیق ہوچکی ہے بلکہ اس کام تیز کرنے پر بھی اتفاق رائے ہوگیا ہے۔ اس منصوبے میں چینی سرمایہ کارگہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ بہت جلد اس اہم منصوبے پر تعمیراتی کام شروع ہوجائے گا کیوں کہ یہی وہ اہم منصوبہ ہے جو اقتصادی راہداری کے عظیم منصوبے کی شان و شوکت میں اضافہ کرے گا۔

شاہراہیں اور موٹر ویز بھی اگرچہ اس منصوبے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں لیکن جب تک ان دونوں خطوں کو ریل کی پٹڑی باہم نہ ملائے، ذرائع آمد و رفت کے اخراجات میں بامعنی کمی رونما نہیں ہوسکتی۔ اس پس منظر میں راہداری کو ریل سے منسلک کردینے کے منصوبے ایم ایل ون پر پیش رفت بھی نہایت اطمینان بخش ہے۔ دنیا کے مختلف خطوں کوملانے والے یہ تیز رفتار سفری ذریعہ نہ صرف اقتصادی ترقی کی رفتار میں تیزی پیدا کرنے کا باعث بنے گا بلکہ اس کے نتیجے میں خود پاکستان کے سفری شعبے خاس طور پاکستان ریلوے میں انقلابی تبدیلیوں کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔

عوامی جمہوریہ چین نے گزشتہ تیس پینتیس برس کے عرصے میں غیر معمولی ترقی کی ہے اور اپنے کروڑوں عوام کو غربت کی گہرائیوں سے نکال کر خوشحالی کی راہ پر گامزن کردیا ہے، میں توقع کرتا ہوں کہ اقتصادی راہداری کے یہ منصوبے پاکستان کے لیے بھی چین کے اس تجربے کو دہرانے کا باعث بنیں گے اور ہمارے دیس میں بھی ترقی و خوش حالی کا سورج طلوع ہوگا۔ خوابوں کو تعبیر دینے کے اس سفر میں جہاں پاکستانی اور چینی قیادت کے کردار کو تادیر یاد رکھا جائے گا، وہیں چین کے سفیر یاؤجنگ(Yao Jng)کی خدمات کی بھی ہمیشہ تعریف کی جاتی رہے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).