لاہور: پاکستانی خواتین کی ٹیم کا بنگلہ دیش کے خلاف کلین سویپ


پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں بنگلہ دیش کی خواتین کی ٹیم کو 28 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کر دیا ہے۔

بدھ کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 117 رنز بنائے۔

پاکستانی کپتان بسمعہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو محض 19 کے سکور پر پاکستان کی دو وکٹیں گر چکی تھیں۔ اس کے بعد جویریہ خان اور عمیمہ سہیل نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 67 رنز کی شراکت قائم کی۔

میزبان ٹیم کی جانب سے جویریہ خان نے سات چوکوں کی مدد سے 54 جبکہ عمیمہ سہیل نے دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 31 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے جہاں آرا عالم نے تین اور رومانہ احمد نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

یہ بھی پڑھیے

ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی

ویمن ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی سری لنکا کو شکست

ثنا میر کپتانی سے فارغ، بسمہ معروف نئی کپتان

’خواتین کرکٹ کا مستقبل نوجوان کھلاڑیوں کے ہاتھوں میں ہے‘

118 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر صرف 89 رنز ہی بنا سکی۔

مہمان ٹیم کی جانب سے نگار سلطانہ نے پانچ چوکوں کی مدد سے 30 اور فرگانہ حق نے 27 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے صبا نظیر اور انم امین نے دو، دو جبکہ ڈائنا بیگ اور کائنات امتیاز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ لاہور میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 15 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32495 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp