پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر خانزادہ خان کے مستعفی ہونے کی وجہ سامنے آ گئی


پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر خانزادہ خان نے اپنے بیٹے کی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت کے ایک روز بعد ہی سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دے دیا۔ خانزادہ خان نے اپنا استعفیٰ تحریری طور پر چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو دیا جسے انہوں نے منظور کر لیا۔ چیئرمین سینیٹ کی منظوری کے بعد سینیٹ سیکریٹریٹ نے خانزادہ خان کی نشست خالی ہونے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔

یاد رہے کہ پی پی رہنما خانزادہ خان خیبر پختونخوا سے مارچ 2015 میں سینیٹر منتخب ہوئے تھے اور انہیں مارچ 2021 میں سینیٹر شپ سے ریٹائر ہونا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پی پی پی کے رہنما خانزادہ خان کے صاحبزادے اور صوبائی رہنما ذیشان خانزادہ خان نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔  وزیراعظم ہاوس اسلام آباد میں ملاقات کے بعد وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کی ٹوپی پہنا دی۔

اس ملاقات میں وزیر دفاع پرویز خٹک بھی موجود تھے جب کہ وزیراعظم عمران خان نے ذیشان خانزادہ کو شمولیت پر پی ٹی آئی کی روایت کے مطابق ٹوپی اور پارٹی کا جھنڈا تحفے میں دیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).