رحیم یار خان ٹرین حادثہ: لیاقت پور میں پاکستان ریلوے کی تیز گام ایکسپریس میں آگ لگنے سے کم از کم 13 افراد ہلاک


پاکستان ریلوے کی تیز گام ایکسپریس میں آگ لگنے سے کم از کم 13 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

تیز گام ایکسپریس کو کراچی سے راولپنڈی آتے ہوئے لیاقت پور کے مقام پر اس وقت حادثہ پیش آیا ہے جب اس کی تین بوگیوں میں آگ لگ گئی تھی۔

وزیر ریلوے شیخ رشید نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بی بی سی کو بتایا کہ تاحال 13 افرد ہلاک جبکہ 13 زخمی ہوگئے ہیں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ متاثرین میں تبلیغی جماعت کا ایک وفد تھا جو لاہور اجتماع کے لیے سفر کر رہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسافروں کے پاس ناشتے کا سامان اور مٹی کے تیل کے سلنڈر اور چولہے تھے جن کے پھٹنے سے آگ لگی۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان میں ریل کا سفر محفوظ کیوں نہیں رہا؟

مچھ میں ریلوے ٹریک پر دھماکے، چھ مسافر ہلاک

شیخ رشید کو جینے دو

انھوں نے بتایا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور تین بوگیاں متاثر ہوئی ہیں۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹرین ٹریک سے ڈی ریل نہیں ہوئی اور اسے ایک گھنٹے کے اندر اندر لیاقت پور جنکشن پہنچا دیا جائے گا۔

معطلی کے بعد پاکستان ریلوے کی 134 ٹرینز اور ان کے اپ سٹریم اور ڈاؤن سٹریم ٹریکس کو بحال کردیا گیا ہے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے غم کا اظہار کیا اور متاثرین کو بہترین طبی امداد دینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

شیخ رشید نے بتایا کہ مسافروں اور ٹرین کی انشورینس ہے جس سے مالی نقصان کی تلافی ہوسکے گی۔ انھوں نے واضح کیا کہ واقعے کی مزید تحقیقات ہوں گی۔


یہ خبر مزید اپ ڈیٹ ہو رہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp