سانحہ تیز گام: پی ٹی آئی رہنماؤں پر مشتعل عوام کے حملے، فردوس شمیم نقوی کو دھکے دے کر مسجد سے نکال دیا


پاکستان تحریک انصاف (سندھ) کے رہنماؤں فردوس شمیم نقوی اور حلیم عادل شیخ کو تیزگام حادثے کے متاثرین کے لواحقین سے تعزیت مہنگی پڑگئی۔

 مسجد میں نمازیوں اور ورثا سے خطاب کے دوران سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے حادثہ کی ذمہ داری مسافروں پر ڈال دی جس پر وہاں موجود نمازی اور ورثا مشتعل ہوگئے انہیں گھیر لیا اور دھکے دیے۔ بعدازاں فردوس شمیم نقوی نے نازیبا الفاظ پر معافی مانگی۔ دوسری جانب حلیم عادل شیخ جب سانحہ شہید ہونے والوں کی اجتماعی نماز جنازہ میں شرکت کے لئے پہنچے تو نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پرڈنڈوں اور پتھروں سے حملہ کر دیا، انڈے اور ٹماٹر پھینکے تاہم وہ محفوظ رہے۔

 تفصیلات کے مطابق میرپورخاص میں سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کو سانحہ تیزگام کے غم زدہ شہریوں کے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پرا۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں اور شہریوں نے گھیرے میں لے کر مسجد سے باہر نکالا۔ تحریک انصاف کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس جمال نقوی تیز گام سانحہ میں شہید ہونے والوں کی نماز جنازہ میں شرکت کرنے میرپور خاص کی ایک مسجد پہنچے جہاں انہوں نے نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے تیزگام حادثہ کی ذمہ داری مبینہ طور پر تبلیغی اجتماع میں شرکت کے لئے سفر کرنے والوں پر ڈالی تو ورثا اور نمازی مشتعل ہوگئے اور ان پر جھپٹ پڑے۔ شدید ہنگامہ آرائی اور شور شرابے میں پی ٹی آئی کے مقامی عہدیداروں اور کارکنوں نے انہیں اپنے گھیرے میں لے لیا اور بڑی مشکل سے انہیں گاڑی میں بٹھا کر وہاں سے لے گئے۔

 دوسری جانب پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر و صوبائی رہنما حلیم عادل شیخ نے کنری پہنچ کر سانحہ تیزگام ایکسپریس کے چار شہداء کی اجتماعی نماز جنازہ میں شرکت کی جس کے بعد وہ حاجی نثار احمد آرائیں اور ایم امین آرائیں سے تعزیت کے بعد واپس جا رہے تھے کہ ٹاؤن کمیٹی کنری کے پاس کچھ نامعلوم افراد کی جانب سے ان کی گاڑی پر انڈے و ٹماٹر مارے گئے جبکہ امریکہ چوک پہنچنے پر ون فائیو سینٹر کے سامنے ان کی گاڑی پر ڈنڈوں اور پتھروں سے حملہ کر کے حلیم عادل شیخ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تاہم وہ محفوظ رہے۔ جبکہ حملے کے دوران ان کی گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے۔ موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے اور پی ٹی آئی کارکنوں نے انہیں بچایا اور محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔ واقعے سے پی ٹی آئی کے کارکنوں میں شدید اشتعال پیدا ہو گیا اور انہوں نے کنری تھانے پر احتجاج کرتے ہوئے کنری میرپور خاص شاہراہ بند کر دی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).