انوشکا شرما سابق کرکٹر فاروق انجینیئر پر کیوں بھڑکیں؟


انوشکا شرما

facebook/Anushka Sharma

بالی وڈ اداکارہ اور انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کی اہلیہ انوشکا شرما نے انڈیا کے سابق کرکٹر فاروق انجینیئر کے اس دعوے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے جس میں انھوں نے کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے دوران انڈیا کی ٹیم کے سلیکٹروں کی جانب سے انوشکا کو چائے بنا کر پیش کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

انھوں نے ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر ایک تفصیلی بیان کے ذریعے اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

انوشکا سے پہلی ملاقات: کوہلی کی زبانی

کامیابی کوہلی کی، کریڈٹ انوشکا کو

انوشکا کی سرخ ساڑھی اور وراٹ کی پشمینہ شال

انوشکا شرما اور وراٹ کوہلی کی شادی

انوشکا شرما نے کیا لکھا؟

انھوں نے لکھا کہ من گھڑت اور فرضی قصوں سے نمٹنے کے بارے میں ان کی ہمیشہ یہ رائے رہی ہے کہ ان پر کچھ نہ بولا جائے اور خاموشی اختیار کی جائے۔

ان کا کہنا تھا ’اسی پالیسی پر بھروسہ کرتے ہوئے ہی میں نے اپنے کریئر کے 11 برس مکمل کیے ہیں۔‘

انوشکا شرما نے کہا کہ ایک کہاوت ہے کہ بار بار ایک جھوٹ کو بولا جائے تو وہ سچ لگنے لگتا ہے اور ان کے ساتھ بھی یہی ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان کی خاموشی کی وجہ سے ان کے خلاف پھیلائے گئے جھوٹ سچ لگنے لگے ہیں لیکن ’آج اس کا اختتام ہو گا۔‘

’میں اس وقت چپ رہی جب کہا گیا کہ میری وجہ سے میرے شوہر کی کارکردگی متاثر ہوئی ہے، میں اس وقت بھی چپ رہی جب کہا گیا کہ میں انڈین کرکٹ سے وابستہ معاملات میں مداخلت کرتی ہوں۔‘

https://twitter.com/AnushkaSharma/status/1189878105541754880/photo/1

انھوں نے کہا کہ وہ اس وقت بھی چپ رہیں جب کہا گیا کہ وہ کرکٹ ٹیم کے بند کمرے میں ہونے والے اجلاس میں بھی جاتی ہیں اور فیصلوں پر اثر انداز ہوتی ہیں۔

’میرا نام ان دعووں میں بھی غلط طور پر استعمال کیا گیا تھا کہ میں انڈین ٹیم کے بیرون ممالک دورے پر شیڈول سے زیادہ اپنے شوہر کے ساتھ رکی حالانکہ میں نے ہمیشہ تمام ضابطوں کی پیروی کی ہے۔ لوگ کہتے رہے لیکن میں خاموش رہی۔‘

’جب ایک ہائی کمشنر کی اہلیہ نے مجھ سے گروپ فوٹو میں شامل ہونے کی درخواست کی تو میں بڑی ہچکچاہٹ کے ساتھ ان لوگوں کے ساتھ تصویر کے لیے تیار ہوئی۔ اس بات پر بھی کہا گیا کہ میں زبردستی اس میں شامل ہوئی جبکہ مجھے اس میں مدعو کیا گیا تھا۔ بہر حال کرکٹ بورڈ کو اس کے متعلق وضاحت پیش کرنی پڑی اور میں چپ رہی۔‘

ہر بار خراب احساس ہوا اور غصہ آیا

انھوں نے لکھا ’اس سلسلے میں جو تازہ جھوٹ پھیلایا جا رہا ہے وہ یہ ہے کہ ورلڈ کپ میچوں کے دوران کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرز نے مجھے چائے بنا کر دی تھی۔‘

‘اگر آپ کو سلیکٹرز اور ان کی قابلیت پر ہی تبصرہ کرنا ہے تو شوق سے کریں لیکن اپنے جعلی دعووں میں مضبوطی پیدا کرنے اور سنسنی پھیلانے کے لیے میرا نام تو نہ استعمال کریں۔‘

’میں ایسا نہیں ہونے دوں گی کہ آپ اس قسم کی گھٹیا کہانیوں میں میرا نام گھسیٹیں۔‘

’ایسا نہیں ہے کہ مجھے اس خبر سے ہی سب سے زیادہ تکلیف ہوئی ہے اور میں نے اپنی خاموشی توڑی ہے۔ ہر بار مجھے اتنا ہی خراب احساس ہوا اور غصہ آیا۔‘

خاموشی کو کمزوری نہ سمجھیں

انوشکا شرما نے مزید کہا: ’لہٰذا میرے خط کو اس ایک مبینہ خبر کا جواب نہیں سمجھا جانا چاہیے۔ میں نے آج بولنے کا فیصلہ کیا کیونکہ مجھے احساس ہوا کہ کسی کی خاموشی کو اس کی کمزوری نہیں سمجھنا چاہیے۔‘

’آپ کو اپنا ایجنڈا چلانا ہے، کسی پر تنقید کرنا ہے، خواہ میرے شوہر ہی پر تنقید کرنا مقصود کیوں نہ ہو، وہ آپ حقائق اور شواہد کی بنیاد پر کریں۔ لیکن مجھے بخش دیں۔‘

’میں نے ہر طرح سے وقار کو قائم رکھتے ہوئے اپنا کریئر کو خود بنایا ہے۔ میں اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتی۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp