نواز شریف کے پلیٹ لیٹس میں پھر کمی: تشویشناک حالت پر ڈاکٹر فکر مند


لاہور سروسز اسپتال میں زیر علاج سابق وزیراعظم نواز شریف کی تشویشناک حالت پر ڈاکٹر فکر مند ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کے پلیٹ لیٹس ایک بار پھر گرنا شروع ہوگئے ہیں، جو 55 ہزار سے 38 ہزار پر آ گئے جس کی تصدیق میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز نے کی۔ نواز شریف کی حالت کوششوں کے باوجود تشویشناک ہے، ڈاکٹر عدنان نوازشریف کے بلڈ ٹیسٹ کے لیے دوبارہ سیمپل بھیجے ہیں، سیمپلز 3 لیبارٹریز میں بھجوائے جاتے ہیں تاکہ رزلٹس میں تبدیلی کا شبہ نہ رہے۔  ڈاکٹر محمود ایاز نے کہا ہے کہ پلیٹ لیٹس بڑھانے کے لیے اسٹیرائڈز کی مقدارکا تعین کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پلیٹ لیٹس میں کمی کی وجہ کی فوری تشخیص نہ ہونے سے نواز شریف کی جان کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کی مختلف بیماریوں کے بیک وقت علاج کے باعث ادویات کا توازن برقرار رکھنا ڈاکٹروں کے لیے چیلنج بن گیا۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کی ادویات میں توازن برقرار رکھنا ضروری ہے، ورنہ موجودہ حالت شریانوں میں بندش ہارٹ اٹیک یا فالج کا باعث بن سکتی ہے۔  نوازشریف کے علاج میں معالجین کو مزید طبی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، انتہائی نگہداشت کے باوجود نواز شریف کی صحت میں بہتری نہیں آ رہی۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں کی سر توڑ کوششوں کے باوجود نواز شریف کی صحت میں بہتری نہ آنے پر پریشان کن سوالات پیدا ہو گئے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).