مریم نواز: لاہور ہائی کورٹ نے ’انسانی ہمدردی کی بنیاد پر‘ نواز شریف کی بیٹی کی عبوری درخواست ضمانت منظور کر لی


لاہور ہائی کورٹ نے ’انسانی ہمدردی کی بنیاد پر‘ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی عبوری درخواست ضمانت منظور کر لی ہے۔

جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے پیر کی دوپہر چودھری شوگر ملز منی لانڈرنگ کیس میں مریم نواز کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔ اس معاملے میں فیصلہ 31 اکتوبر کو محفوظ کیا گیا تھا۔

عدالت نے مریم کو ایک ایک کروڑ کے دو دو مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

مریم نواز نے 24 اکتوبر کو اپنے والد کی تیمارداری کے غرض سے درخواست ضمانت دائر کی تھی۔

شریف خاندان کے چار ارکان کے خلاف معاملہ اس وقت لاہور کی احتساب عدالت میں زیر سماعت ہے۔

مزید پڑھیے

نواز شریف کی سزا آٹھ ہفتوں کے لیے معطل

مریم نواز کی پیشی اور آدھا گلاس پانی کی طلب

مریم نواز کے ساتھ سیلفیاں اور ’نو ایکسٹینشن‘ کے نعرے

اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے گذشتہ ہفتے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے ان کی سزا آٹھ ہفتوں کے لیے معطل کر دی تھی۔

عدالت نے حکم دیا کہ آٹھ ہفتوں کے بعد بھی اگر نواز شریف کی طبعیت میں بہتری نہیں آتی تو ان کی سزا کی معطلی میں توسیع کے لیے ایگزیکٹیو اتھارٹی یعنی حکومتِ پنجاب سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

مریم

PMLN

واضح رہے کہ مریم نواز اور یوسف عباس چودھری شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں اور تفتیش کے لیے نیب کی تحویل میں رہے ہیں۔

یاد رہے کہ شہباز شریف پہلے ہی ضمانت پر ہیں جبکہ ان کے بیٹے حمزہ شہباز جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔

مریم نواز کو کوٹ لکھپت جیل میں رکھا گیا تھا جہاں ان کے والد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف رہائی سے پہلے اپنے خلاف ریفرنس کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ اسی جیل میں والد سے ملاقات کے دوران نیب نے انھیں گرفتار کیا تھا.

قانونی ماہرین کے مطابق مریم نواز کے چچا زاد بھائی یوسف عباس ضمانت کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرسکتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp