اپوزیشن جماعتیں احتجاج جاری رکھنے پر متفق ہو گئیں


اپوزیشن جماعتوں نے آزادی مارچ کے تحت احتجاج جاری رکھنے کا مشترکہ فیصلہ کر لیا۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں آزادی مارچ کے مستقبل اور آئندہ کے لائحہ پر منعقدہ اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس ختم ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن نےمسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، اے این پی سمیت 9 جماعتوں کی قیادت کو اسلام آباد میں دھرنا جاری رکھنے پر اپنا ہمنوا بنا لیا ہے۔ اے پی سی میں اپوزیشن جماعتوں کی قیادت نے اتفاق کیا کہ جو بھی فیصلہ ہوگا وہ مل کر کیا جائے گا، ایچ 9 کے گراونڈ میں قیام جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
کانفرنس کے اختتام پر جے یو آئی (ف) کے سیکریٹری جنرل عبدالغفور حیدری نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں کا اعلان مولانا فضل الرحمٰن جلسے میں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی سی انتہائی مثبت رہی، تمام جماعتیں یک زبان ہیں۔ صحافی نے عبدالغفور حیدری سے استفسار کیا کہ کیا دھرنا جاری رہے گا جس پر جے یو آئی رہنما نے جواب دیا کہ احتجاج جاری ہے اور جاری رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی مذاکراتی کمیٹی سے رہبر کمیٹی کی ملاقات ہوگی، کوشش کی جارہی ہے کہ تمام معاملات افہام و تفہیم سے حل کر لیے جائیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).