جوتوں میں سونا چھپا کر روس سے چین لے جانے کی کوشش میں خاتون گرفتار


روس اور چین کی سرحد پر ایک خاتون کو جوتوں میں سونا چھپا کر سمگل کرنے کی کوشش میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

دھات کی اشیا کا پتہ لگانے کے لیے استعمال کیے جانے والے آلے ‘میٹل ڈیٹیکٹر’ کی مدد سے تلاشی لیے جانے پر روس کی سرحد پر تعینات کسٹم حکام کو پتہ چلا کہ خاتون نے اپنے جوتوں میں سونے کی آٹھ ڈلیاں چھپا رکھی ہیں۔

سونے کی ان آٹھ ڈلیوں کا کل وزن تقریباً دو کلو گرام تھا اور ان کی کل مالیات 78 ہزار چھ سو پچاس ڈالر بنتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سنیے! آپ کی جیب میں سونا پڑا ہے

’سیاہ سونا‘ دنیا کی سب سے قیمتی شے کیسے بنا؟

زعفران: یونان کا ’سرخ سونا‘ تصاویر میں

مشرقی سربیا کے چیٹا نامی قصبے کے قریب سرحدی چوکی پر تعینات کسٹم کی ترجمان مارینا بیوکو نے کہا کہ روس سے تعلق رکھنے والی یہ خاتون کچھ پریشان اور مشتبہ نظر آ رہی تھی۔ انھوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس خاتون نے غیر فطری انداز میں ایک پیر آگے اور ایک کو پیچھے کر رکھا تھا جس سے کسٹم اہلکاروں کو شبہہ ہوا۔

کسٹم حکام کے بیان کے مطابق یہ خاتون کسی چینی شہری کے لیے یہ سونا سمگل کرنے کی کوشش کر رہی تھی اور ان کی گرفتاری کے بعد ان کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

روسی حکام کے مطابق زیبیکالسکی کرائے کے علاقہ میں اس سال متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جو چین سونا سمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار کیے جانے والوں میں ایک ایسا شخص بھی شامل تھا جس نے سونے کے دس بسکٹ اپنے جوتوں میں چھپا رکھے تھے۔

مادنیات سے مالا مال سربیا کے علاقے میں بڑے پیمانے پر سونے کی کان کنی ہوتی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32540 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp