ایما واٹسن: ہیری پوٹر فلوں کی اداکارہ کہتی ہیں وہ اکیلی ہی خوش ہیں


Emma Watson

ہالی وڈ کی معروف اداکارہ ایما واٹسن کا کہنا ہے کہ انھیں اپنی 30ویں سالگرہ سے پہلے ذاتی زندگی کے حوالے سے دباؤ کی وجہ سے ’پریشانی اور بےچینی‘ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ایما واٹسن فی الحال 29 برس کی ہیں لیکن اگلے سال اپریل میں 30 برس کی ہو جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے ذہن میں اس سے جڑے کئی خدشات ہیں اور ذہن آپ کو اشارے دینا شروع کر دیتا ہے۔

ان کے مطابق وہ اپنے آپ سے ایسے سوال پوچھتی ہیں کہ ’آپ کو اس عمر تک کیا کچھ حاصل کر لینا چاہیے تھا۔‘

میگزین ’برٹش ووگ‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے کہا ’اگر آپ کی شادی نہیں ہوئی تو آپ کے بچے نہیں ہو سکتے۔۔۔ اس سے ناقابل یقین حد تک اضطراب اور بےچینی بڑھ جاتی ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے

سب سے زیادہ پیسے کمانے والی اداکارہ

جعلی پورن ویڈیوز کے سنگین نتائج

کویت میں ’بیوٹی اینڈ بیسٹ‘ پر پابندی

‘تحریک نسواں کا مطلب مردوں سے نفرت نہیں’

لیکن برطانوی اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اکیلے خوش ہیں اور ’اپنی پارٹنر آپ‘ ہی ہیں۔

ہیری پوٹر فلوں سے شہرت پانے والی اداکارہ نے بتایا کہ وہ پہلے کبھی اس بات پر یقین نہیں کرتی تھیں کہ آپ اکیلے خوش رہ سکتے ہیں۔

’مجھے اس میں بہت وقت لگا، لیکن اب میں تنہا خوش ہوں۔‘

ایما واٹسن

ایما نے سنہ 2014 میں اقوام متحدہ کے ایک اجلاس کے دوران خواتین کے حقوق پر بات کی تھی

ایما خود خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم کارکن بھی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ 2018 ان کی زندگی کا ایک مشکل مرحلہ تھا۔

’میں اکثر سوچتی تھی کہ ہر کوئی 30ویں سالگرہ پر اتنا شور کیوں مچاتا ہے؟ یہ کوئی اتنی بڑی بات تو نہیں۔‘

’اور اب 29 برس کی ہونے پر میں دباؤ اور بےچینی محسوس کرتی ہوں اور یہ اس لیے ہے کیونکہ اچانک ہر جگہ سے مجھے اشارے مل رہے ہیں۔‘

’اگر آپ نے گھر نہیں بنایا، آپ کا خاوند نہیں ہے، آپ کی اولاد نہیں ہے اور آپ 30 برس کے ہو رہے ہیں اور آپ اپنے کریئر میں محفوظ اور مستحکم جگہ پر نہیں ہیں، یا اب بھی ان چیزوں کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔۔۔ اس سے بےچینی ناقابل یقین حد تک بڑھ جاتا ہے۔‘

ایما واٹسن

گذشتہ سال ایما واٹسن نے فرانس کے صدر ایمانوئل میکخواں سے صنفی مساوات پر بات چیت کی تھی

ایما واٹسن نئی آنے والی فلم ’لٹل ویمن‘ میں جلد نظر آئیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ انھیں لورا ڈرن اور میرل سٹریپ کے ساتھ کام کرنا بہت اچھا لگا۔

’ہم تینوں ایک دوسرے کو لٹل ویمن سے کافی عرصہ پہلے سے جانتی ہیں۔‘

’ہماری ملاقات انسانی حقوق کے لیے آواز اٹھاتے ہوئی۔ ہماری دوستی انسانی ہمدردی کے کارکنان کی حیثیت سے ہوئی اور ہم ایک ساتھ کام کرنے سے پہلے ایک تحریک کا حصہ رہ چکی ہیں۔‘

لورا ڈرن اور میرل سٹریپ

اداکارہ لورا ڈرن اور میرل سٹریپ بھی لٹل ویمن میں نظر آئیں گی

ایما واٹسن اقوام متحدہ کی خواتین کے لیے ’گڈول سفیر‘ ہیں اور ’ہی فار شی‘ نامی مہم کا بھی حصہ تھیں جسمیں عالمی صنفی مساوات کے لیے آواز اٹھائی گئی۔

اس مہم کے لیے انھوں نے نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی کا بھی انٹرویو کیا تھا۔

ملالہ کا کہنا تھا کہ وہ ایما واٹسن کی ہی وجہ سے خود کو ’فیمنسٹ‘ کہنے لگیں اور پھر انھیں اپنی اس شناخت پر کوئی شک نہیں رہا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp