وزیر اعظم کی تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے ارکان کو حوصلہ رکھنے کی تلقین: موبائل فون باہر رکھوا لئے گئے


پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے پارٹی اراکین کو فکرمند نہ ہونے کا مشورہ دیا ہے۔ وزیراعظم نے پارٹی اراکین سے کہا کہ دھرنے کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہوجائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے پارٹی اراکین کو تسلی دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ لوگ فکر مند نہ ہوں سب ٹھیک ہوجائے گا۔

عمران خان نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ مہنگائی کے خلاف میرا ساتھ دیں، ہم ذخیرہ اندوزوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ ذخیرہ اندوزوں نے ملک میں مصنوعی مہنگائی کی ہوئی ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کے حالات روزبروز بدترین ہو رہے ہیں میں بہت جلد کراچی کا دورہ کروں گا۔ سندھ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے کہا کہ پارلیمنٹ کے ذریعے قانون سازی کا عمل تیز کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے تمام ارکان اسمبلی کو ایوان میں حاضر رہنے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کے اجلاس میں ممکنہ جاسو سی سے بچنے کے لیے خواتین سمیت کسی کو بھی اپنے ہینڈ بیگ اور موبائل اندر لے جانے کی اجازت نہ ملی۔ اہم پارٹی اجلاس میں شریک تحریک انصاف کے تمام رہنماﺅں کے موبائل فون بھی باہر ہی رکھوائے گئے۔ ذرائع کے مطابق یہ اقدام ممکنہ جاسوسی سے بچنے کے لیے کیا گیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے پارٹی اجلاس میں بھی موبائل فون کے ذریعے جاسوسی کی گئی اور اجلاس کے دوران ہونے والی اہم رہنماﺅں کی گفتگو لیک ہو گئی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).