جے یو آئی رہنما مفتی کفایت پر طنز کرنے پر جمائما پر کڑی تنقید


وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کو جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما مفتی کفایت اللّٰہ پر طنز کرنا مہنگا پڑگیا۔ مفتی کفایت اللّٰہ کے عمران خان اور جمائما پر الزام اور وکی لیکس کے بانی سے متعلق لاعلمی پر جمائما گولڈ اسمتھ نے رہنما جے یو آئی پر طنز کے تیر چلا دیئے۔

مفتی کفایت اللّٰہ نے ایک پروگرام میں وکی لیکس کو بار بار وکی یا لیکس جاری کرنے والا کردار کہہ کر مخاطب کیا تھا۔ جس پر جمائما نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ بقول ایک عالم جمائما کا ایک کزن وکی ہے جس نے وکی لیکس جاری کیں، وہ صیہونیوں کا ایجنٹ ہے اور ان کا ایجنڈا پورا کرنے کےلیے عمران خان کی مدد کررہا ہے۔

ایک اور ٹویٹ میں جمائما نے کہا کہ دیکھتے ہیں کب اُنہیں میرے دوسرے کزنز پاناما لیکس اور وکی پیڈیا کے بارے میں پتا چلتا ہے۔

جس کے جواب میں سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے جمائما کو عمران خان کے ماضی کے کچھ بیانات یاد دلائے۔ ایک صارف نے لکھا کہ اگر آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلیم یافتہ عمران خان جرمنی اور جاپان کی سرحدیں ملا سکتے ہیں تو ایک مذہبی رہنما کے ایک وکی کو کوئی اور وکی سمجھنے پر رائے دینا ٹھیک نہیں ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).