آزادی مارچ میں ڈاکٹر نمرتا چندانی کے قاتلوں کو بے نقاب کرنے کی قرارداد منظور


آزادی مارچ کے شرکاء نے ڈاکٹر نمرتا کماری کے قاتلوں کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ جمعیت علماء اسلام کے رہنما مولانا راشد محمود سومرو نے اس حوالے سے قراداد اجتماع میں پیش کی۔

مولانا راشد محمود سومرونے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرنمرتا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ اُسے جنسی زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کیا گیا۔

جے یو آئی (ف) کے رہنما نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کی ہمیں نگہبانی کرنی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر نمرتا کے قاتلوں کو بے نقاب کیا جائے۔

یاد رہے کہ 16ستمبر کو لاڑکانہ کے چانڈکا میڈیکل کالج کے ہاسٹل سے 22 سالہ طالبہ نمرتا کی لاش برآمد ہوئی تھی۔ حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر نمرتا کو قتل کرنے سے پہلے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جبکہ موت کی وجہ دم گھٹنا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈی این اے ٹیسٹ میں مرد کے ڈی این اے پروفائل کی موجودگی سے زیادتی جنسی کی تصدیق ہو گئی ہے جو لاش کے کپڑوں سے بھی ملا ہے ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).