مریم نواز: نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانا چاہیے


مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے والد اور پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں علاج کے لیے ملک سے باہر چلے جانا چاہیے۔

جمعہ کو لاہور میں عدالت میں پیشی کے موقع پر جب مریم نواز سے یہ سوال کیا گیا کہ کیا نواز شریف ملک سے باہر جا رہے ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی صحت خراب ہے اور انھیں علاج کے لیے بیرون ملک جانا چاہیے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف کی صحت کے معاملے پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔

اس سوال پر کہ کیا نواز شریف بیرون ملک جانے کے لیے مان گئے ہیں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’یہ الگ بحث ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے

مریم کے باہر جانے کا ’خدشہ‘ اور عدالت کا حکم

’ہو سکتا ہے کچھ چہروں کو آپ بھی نہ جانتے ہوں‘

’مریم نواز کو والد کے پاس سروسز ہسپتال میں رکھا جائے‘

مسلم لیگ ن کی نائب صدر جمعے کو چوہدری شوگر ملز کیس میں عدالت میں پیش ہوئیں اور ان کا کہنا تھا کہ ’آج بھی نواز شریف صاحب کی طبیعت بہت خراب ہے اس کے باوجود عدالت میں حاضر ہوئی ہوں۔‘

یاد رہے کہ مریم نواز کو چوہدری شوگر ملز کیس میں لاہور ہائی کورٹ سے ضمانت پر رہائی ملنے کے بعد بدھ کی صبح رہا کر دیا گیا تھا۔

مریم نواز کی رہائی کے بعد سروسز ہسپتال میں زیرِ علاج نواز شریف کو بھی جاتی امرا میں ان کی رہائش گاہ پر منتقل کر دیا گیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بدھ کو جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا تھا کہ ڈاکٹرز نے مریم نواز شریف کو والد کی صحت کی بنا پر سخت حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

بیان کے مطابق نواز شریف کے علاج کے لیے ان کی رہائش گاہ پر انتہائی نگہداشت یونٹ قائم کر دیا گیا ہے جہاں وینٹی لیٹر اور کارڈیک آئی سی یو کی سہولیات بھی میسر ہوں گی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی پلیٹلیٹ کاؤنٹ کم ہونے کے باعث انھیں ہسپتال سے لگنی والی انفیکشن کا خطرہ ہے۔

اسی لیے ڈاکٹرز نے نواز شریف کے لیے ان کی رہائش گاہ پر خصوصی میڈیکل یونٹ بنانے کی تجویز دی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32483 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp