نواز شریف کو والدہ نے علاج کے لئے بیرون ملک جانے پر راضی کیا


سابق وزیراعظم نوا ز شریف کو اُن کی والدہ بیگم شمیم اختر نے بیرون ملک علاج کے لیے جانے پر راضی کیا۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف علاج کے لیے بیرون ملک نہیں جانا چاہتے تھے، مگر والدہ بیگم شمیم اختر اور دیگر اہلخانہ کے اصرار پر حامی بھر لی۔

نواز شریف پلیٹ لیٹس میں کمی، شوگر، بلڈ پریشر اور عارضہ قلب سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ ان کی آئندہ چند روز میں لندن روانگی کا امکان ہے۔ ان کے ہمراہ چھوٹے بھائی شہباز شریف بھی ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کے چھوٹے بھائی اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے تمام نجی اور سیاسی مصروفیات ترک کردی ہیں اور وہ زیادہ تر وقت اپنے بھائی کی تیمار داری میں گزار رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نوازشریف کے سروسز اسپتال میں قیام کے دوران انہیں بیرون ملک بھیجنے کی تجویز زیر غورآئی تھی۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ فضائی سفر کے لیے ایئر ایمبولینس پلیٹ لٹس 50ہزار سے زائد اور ڈاکٹرز کا ساتھ ہونا ضروری ہے، ورنہ پریشر پڑنے سے دماغ کی شریانیں متاثر ہوسکتی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).