پاکستان کے محمد آصف دوسری بار سنوکر کے عالمی چیمپیئن بن گئے


پاکستان کے محمد آصف نے ترکی کے شہر انطالیہ میں ہونے والی انٹرنیشنل بلیئرڈ اینڈ سنوکر فیڈریشن (آئی بی ایس ایف) ورلڈ سنوکر چیمپیئن شپ جیت لی ہے۔

محمد آصف نے سنیچر کو کھیلے گئے فائنل میں فلپائن کے جیفری روڈا کو پانچ کے مقابلے میں آٹھ فریمز سے شکست دی۔

واضح رہے کہ محمد آصف نے دوسری مرتبہ سنوکر کا عالمی اعزاز حاصل کیا ہے۔ اس سے قبل انھوں نے دسمبر 2012 میں بلغاریہ میں کھیلی گئی عالمی چیمپیئن شپ کے فائنل میں انگلینڈ کے گیری ولسن کو آٹھ کے مقابلے میں دس فریمز سے شکست دی تھی۔

محمد آصف سنوکر کے عالمی چیمپیئن بننے والے دوسرے پاکستانی ہیں۔ ان سے قبل محمد یوسف نے 1994 میں عالمی چیمپیئن شپ جیتی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

’جہاں مبارکباد کوئی نہیں دیتا وہاں روزگار کون دے گا‘

پاکستان سنوکر کا عالمی چیمپیئن بن گیا

محمد آصف نے ترکی کے شہر انطالیہ سے بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انھیں خوشی ہے کہ وہ ایک بار پھر اپنے ملک کے لیے عالمی اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سنوکر کا معیار بڑھتا جا رہا ہے۔

سات سال قبل گیری ولسن کے خلاف فائنل اگرچہ کافی سخت رہا تھا لیکن اس بار جیفری روڈا سے بھی ان کا مقابلہ اچھا رہا۔

محمد آصف کو توقع ہے کہ حکومتی سطح پر سنوکر اور اس سے وابستہ کھلاڑیوں کی پذیرائی ہو گی جو بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں۔

محمد آصف نے دو مرتبہ عالمی چیمپیئن شپ جیتنے کے علاوہ متعدد دوسرے بین الاقوامی اعزازات بھی حاصل کیے ہیں۔

محمد آصف

وہ دو مرتبہ ورلڈ ٹیم سنوکر چیمپیئن شپ جیت چکے ہیں۔

انھوں نے پہلی بار 2013 میں محمد سجاد کے ساتھ آئر لینڈ میں کھیلی گئی ورلڈ ٹیم سنوکر چیمپیئن شپ جیتی تھی جس کے بعد انھوں نے 2017 میں بابر مسیح کے ساتھ مصر میں ایک بار پھر عالمی اعزاز حاصل کیا تھا۔

محمد آصف نے ایشیئن سکس ریڈ بال چیمپیئن شپ کا انفرادی ٹائٹل ایک بار اور ٹیم چیمپیئن شپ ٹائٹل دو بار جیتا ہے تاہم اتنی زیادہ کامیابیوں کے باوجود محمد آصف حکومتی سرپرستی سے محروم رہے ہیں اور ماضی میں حکومتی سپورٹس پالیسی کی بنیاد پر انھیں جو مالی انعام ملنا چاہیے تھا اس کی پوری رقم بھی نہیں مل سکی۔

سنوکر ان چار کھیلوں میں شامل ہے جن میں پاکستان عالمی چیمپیئن بنتا رہا ہے لیکن برائے نام سرکاری گرانٹ کے سبب پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن اپنی کوششوں سے وسائل اکٹھے کر کے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے لیے بھیجتی رہی ہے۔

بی بی سی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32544 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp