سمندری طوفان ‘بلبل’ سے بنگلہ دیش اور انڈیا میں کم سے کم 15 افراد ہلاک


سمندری طوفان بلبل کی تباہ کاری

سائکلون ‘بلبل’ گزشتہ رات خلیج بنگال میں بنگلہ دیش اور انڈیا کے سرحدی علاقوں سے ٹکرایا جس کے نتیجے میں کم سے کم 15افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

اب تک کی اطلاعات کے مطابق بنگلہ دیش میں آٹھ افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ انڈیا میں ہلاکتوں کی تعداد سات ہے۔ کئی ہلاکتیں درختوں کے گرنے سے ہوئی ہیں۔

سائکلون یا سمندری طوفان بلبل سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات بارہ بجے کے قریب خلیج بنگال میں واقع انڈیا کے جزائر ساگر، اور بنگلہ دیش کے علاقے کھیپوپارا سے ٹکرایا۔

تقریباً بیس لاکھ افراد نے رات سٹارم شیلٹرز یعنی طوفان سے محفوظ پناہگاہوں میں گزاری۔

سٹارم شیلٹرز کی طرف کوچ

لوگوں کو سٹارم شیلٹرز یعنی طوفان سے محفوظ جائے پناہ میں جانے کی ہدایت کی گئی ہے

بنگلہ دیش میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کے ایک افسر شاہ کمال نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ متاثرین کو 5500 سے زیادہ سائکلون شیلٹرز میں رکھا گیا ہے۔

خطرے کے پیشِ نظر کئی بندگاہوں اور متعدد ہوائی اڈوں پر کام روک دیا گیا تھا۔ بنگلہ دیش میں مونگلا اور چٹاگانگ کی بندگاہوں اور چٹاگانگ ایئرپورٹ، اور انڈیا میں کولکتہ ایئرپورٹ پر کام معطل رہا۔

یہ طوفان اپنے ساتھ 135 کلومیٹر کی رفتار سے چلنے والی تیز ہوائیں اور شدید بارش اور سات فٹ بلند سمندری لہریں لے کر آیا۔

متاثرہ علاقوں سے محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی

متاثرہ علاقوں سے محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں داخل ہونے کے بعد سندر بن کے جنگلات سے گزرتے ہوئے طوفان کا زور ٹوٹ گیا ہے۔ سندر بن دنیا میں پائے جانے والے تیمر کے سب سے بڑے جنگلات اور معدومیت کے خطرے سے دوچار بنگال ٹائیگر کا مسکن ہیں۔

بنگلہ دیش کی نشیبی ساحلی پٹی اکثر طوفانوں کی زد میں رہتی ہے تاہم حالیہ برسوں میں سرکاری اقدامات کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد میں نمایا کمی واقع ہوئی ہے۔

وقت سے پہلے طوفان سے خبردار کرنے کے نظام کی بدولت لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے حکام کو خاصا وقت مل جاتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32508 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp