انڈیا کے لیے نصف سنچری بنانے والی سب سے کم عمر کرکٹر شفالی ورما نے سچن تندولکر کا ریکارڈ توڑا


انڈیا کی 15 سالہ شفالی ورما کسی بین الاقوامی کرکٹ میچ میں نصف سنچری بنانے والی سب سے نوجوان انڈین کھلاڑی بن گئی ہیں۔

انھوں نے نہ معروف بلے باز سچن تندولکر کا ریکارڈ توڑا بلکہ اگلے ہی دن دوسری نصف سنچری بھی بنا لی۔

سنیچر کو سینٹ لوشیا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں شفالی ورما نے 49 گیندوں پر 73 رنز بنائے۔

یہ بھی پڑھیے

آفریدی کی سنچری کا ریکارڈ، کتاب میں عمر کا تنازع

کوہلی سات ڈبل سنچریاں بنانے والے پہلے انڈین کھلاڑی

انڈیا کے نوجوان ٹیسٹ کرکٹر کا مثبت ڈوپ ٹیسٹ

’عبدالقادر نے لیگ سپن کو آرٹ کا درجہ دیا‘

انھوں نے اگلے ہی دن دوسرے میچ میں 35 گیندوں پر 69 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس کی بدولت انڈیا 10 وکٹوں سے میچ جیت گیا۔

15 سالہ شفالی پہلے ہی انڈیا کی طرف سے ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والی سب سے نوجوان کھلاڑی ہیں۔ انھوں نے اکتوبر میں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلا میچ کھیلا تھا اور 46 رنز بنا کر سب کو متاثر کیا تھا۔

سچن تندولکر

لیکن اب انھوں نے انڈیا کے معروف بلے باز سچن تندولکر کا 30 برس پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ شفالی ورما سے قبل سچن تندولکر نے انڈیا کے لیے سب سے کم عمری میں نصف سنچری بنائی تھی۔

سنہ 1989 میں سچن تندولکر کی عمر محض 16 سال اور 214 دن تھی جب انھوں نے پاکستان کے خلاف فیصل آباد میں نصف سنچری بنائی تھی۔

شفالی ورما نے جب سچن تندولکر کا ریکارڈ توڑا تو ان کی عمر 15 سال اور 285 دن تھی۔

انڈین بلے باز شفالی بین الاقوامی اعتبار سے ٹی ٹوئنٹی میں نصف سنچری بنانے والی دوسری سب سے نوجوان کرکٹر ہیں۔

شفالی ورما

شفالی ورما

یہ ریکارڈ دراصل متحدہ عرب امارات کی کاویشا کے پاس ہے جنھوں نے صرف 15 سال اور 267 دن کی عمر میں یہ کارنامہ کر دکھایا تھا۔

شفالی کو اپنے آبائی شہر روہتک میں لڑکے کا روپ دھار کر کرکٹ اکیڈمی جانا پڑتا تھا کیونکہ وہاں لڑکیوں کے کھیلنے کے کوئی انتظامات نہیں تھے۔

شفالی ورما نے کہا تھا کہ انھیں کرکٹ کھیلنے کا شوق تب پیدا ہوا جب انھوں نے ایک مرتبہ سچن تندولکر کو بلے بازی کرتے دیکھا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32509 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp