نواز شریف کو فیملی سے خطرہ ہے، جیل میں محفوظ تھے: فواد چوہدری


وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی جان کو مسلم لیگ ن کی قیادت اور اُن کے گھر والوں سےخطرہ ہے جبکہ وہ جیل میں زیادہ محفوظ تھے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بتایا کہ خواجہ آصف نے جھوٹ کہا ہے کہ لاء آفیسر نے کہا کہ نواز شریف مرتا ہے تو مر جائے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے لگ نہیں رہا کہ نواز شریف جاتی امراء میں محفوظ ہیں، وہ جب جیل میں تھے تو زیادہ محفوظ تھے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ نون میں شہباز شریف، مریم اور احسن اقبال میں قیادت کے لیے جنگ چل رہی ہے، سنا ہے کہ سیاست کےسینے میں دل نہیں ہوتا، اس کی عملی مثال نون لیگ میں دیکھ لیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک پارلیمانی کمیٹی بنانی چاہیے جو نواز شریف کی صحت کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کرے اور اُس پارلیمانی کمیٹی میں ہر پارٹی کا رکن شامل ہونا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ نواز شریف، اُن کے بیٹے، اُن کی بیٹی بانڈ دینے کو تیار نہیں ہیں۔ لگتا ہے شریف فیملی بانڈ کے لیے چندہ جمع کرنا چاہ رہی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ سیاست میں نواز شریف اور آصف زرداری کا کردار ختم ہوگیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مولانا صاحب نے سیاسی مخالفین کے خلاف فتوےجاری کیے۔ ان کی سیاست سے پاکستان کی مذہبی سیاست کو نقصان پہنچا ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا بیانیہ ناکام ہوا ہے، اس دھرنے کے ساتھ کسی کی ہمدردی نہیں تھی۔ اُمید ہے مولانا صاحب اس دھرنے سے سبق سیکھیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).